ریطہ طارق
"آپ کی یہ زینب اتنے گندے برتن دھوتی ہے،اس سے کہہ دیا کریں اندر سے صفائی کیا کرے"
آج ایک نیا مکالمہ تھا،مکالمہ تھا یا طنز،مجال ہےمسز سرفراز کے ماتھے پہ بل پڑے۔ وہ نرم و گداز سی طبیعت،دل کے اندر ہر دن جو گزرتی سو گزرتی مگر چہرے پر وہی مسکان۔
نئی نویلی چالیس دن کی بہو نے پہلے دن سے اپنے روپ دکھانے شروع کیے تھےمگر مسز سرفراز۔۔۔۔۔۔سوچنے لگیں،اندر سے برتن تو صاف ہوسکتےنہ بھی ہوں تو بڑا نقصان نہیں،مگر جب اندر سے دل ذرا ذرا سی بات پر تنگ اور کینہ پرور ہوں تو ایسے میں بھلا کیا زندگی۔۔۔۔
ابھی ان سوچوں میں گم وہ دھنیے سے انکے ڈنٹھل الگ کرہی رہی تھیں کہ ماسی زینب بھی آن پہنچی،پسینے میں نہائ پھرتیلے بدن میں اسکی آنکھوں کے حلقوں نے ایک نظر میں رات اور دن کی داستان کھینچ دی تھی،مسز سرفراز نے اسے سارے اہم کام سونپے کہ سب وہی سارے گھر کی ذمہ دار تھی،وہ اسکو کبھی کچھ نہ کہتیں،انکی نظر میں اچھی ماسی خدا کی سب سے بڑی نعمت تھی،بس دھیرے دھیرے اسکو اسکی کسی غلطی یا بے دھیانی پر ٹوک دیتیں۔
بہو تو سیدھا کمرے میں چل دی تھیں،مسز سرفراز جو صبح سے گھر کے ایک کونے سے دوسرے کونے تک کا سفر کررہی تھیں،اب ماسی زینب کے ساتھ مصروف تھیں،دل ہی دل میں کچھ طوفان غوطے بھی کھارہے تھے،جن کا تھمنا بہت ضروری تھا،انہیں معلوم تھا یہ الاو کیوں پک رہا ہے؟
ایک ہفتہ پہلے ہی انکے بیٹے نے دو سوٹ لاکر انکو تھمائے تھے،جب بہو(بیٹے کی بیوی)کمرے سے باہر آئیں تو بیٹے نے انکو بھی مدعو کیا،جو زوجہ محترمہ کو گراں گزرا،وہ اپنے خیال میں یہ سمجھ بیٹھی تھیں کہ گھر میں اب انکا شوہر جو چیز بھی لائے گا،پہلے انکے قدموں میں لاکر ڈالے گا،مگر یہاں پسند کی شادی کا مطلب کچھ اور منظر پیش کررہا تھا،پھر امیر گھرانے کی بیٹی ہونے کا زعم الگ تھا،اپنے ماں باپ کی اکلوتی بیٹی اور دو عدد بھائیوں کی اکلوتی بہن گردن اکڑنا تو بنتا تھا ناں۔
مسز سرفراز معاملے کی نزاکت دیکھ کر فورا ہی بہو کے کمرے کی طرف لپکیں،وہیں سوٹ بہو کے گوش گزار کرنے لگیں،یہ کہہ کر کہ" میرے اب ان رنگ برنگ کپڑے پہننے کی عمر ہی نہیں ہے"
مگر بہو نے تیوڑی چڑھائے رکھی،چپ سادھے رہی،اس بات کے بعد گرد آلود دل نے چہرے پر ابھی تک اپنے تاثرات چھوڑ رکھے تھے۔
ساجد سرفراز صاحب کا سب سے چھوٹا بیٹا تھا،یونیورسٹی سے انجینئرنگ کی ڈگری لی،پھر ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں مینجر ہوگیا تھاجبکہ بڑے بھائ ماجد اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد کینیڈا شفٹ ہوگئے تھے۔مسز سرفراز نے اپنی من پسند لڑکی تعلیم یافتہ گھرانے سے چن کر اپنے خواب پورے کیئے تھے،دو بیٹیوں کو ساتھ بیاہ کر نمٹایا تھا،ادھر ساجد نے خود ہی لڑکی پسند کرکے اپنی فرمائش سے آگاہ کردیا،بڑھاپے کی آمد آمد تھی،ماں اور باپ کو اولاد کی خوشیاں عزیز تھیں سو انہوں نے ہار مان کر بیٹے کی خوشی تسلیم کرکے رضامندی ظاہر کی،یوں شادی کا سلسلہ شروع ہوا تو مسز سرفراز نے ہر مرحلے پر اپنی سادگی اور خوش اخلاقی کا مظاہرہ کیا مگر ساجد کے انتخاب پر وہ اندر ہی اندر سلگ کر رہ گئیں،انکی نظر میں سادگی،شرم حیا اور رشتوں کا تقدس اہم تھا،رسم و رواج کا کہیں دور تک نام نشان نہ تھا، دونوں بیٹیوں کی شادی انہوں نے اسلامی گھرانوں میں سادگی کے ساتھ شرعی حدود میں نمٹائ تھی ،اور یہاں۔۔۔۔۔یہاں پیسے کی بہتات کیا تھی،اسراف ہی اسراف۔
انہوں نے ساجد کو بارہا سمجھایا مگر بیٹے کو اس عشق نے اندھا کر رکھا تھا،شادی بڑی دھوم دھام اور ٹھاٹھ سے ہوئ،بہو دعاوں کے سائے میں لے کر آنے والی مسز سرفراز نے منہ دکھائ کی انگوٹھی دلہن کے ہاتھ میں پہنائی۔اگلے دن پہلا پہاڑ یہ ٹوٹا کہ انگوٹھی بھی دینے کی چیز ہوتی ہے منہ دکھائی میں۔بس پھر کیا تھا،شرم کے مارے وہ اللہ میاں کی گائے سرفراز صاحب کے ساتھ جیولرز کے پاس پہنچ گئیں،سیٹ خرید لائیں،یہ کہہ کر کہ اپنے گھر کی اکلوتی بہن اکلوتی بیٹی ہے،تو ہماری بھی چہیتی بہو ہے آخر ۔۔۔ اس دن سے آج کے دن تک وہ اچھے گمان کر کرکے دلہن کی ہر بات کا جواب مخلص ساس بنکر دینا فرض سمجھتیں،یہ سوچ کر کہ وہ لڑکی بھی اپنے گھر کو چھوڑ کر آئ ہے ابھی اسکو ہمارا گھر سمجھنے میں بھی وقت لگے گا۔
ساجد صاحب تو پھر بھی کہیں نہ کہیں ماں کی ممتا پر فدا ہوتے ہی تھے کہ فطرت میں ماں کا پیار رہتا ہی ہے،چنانچہ وہ دو سوٹ ایک بڑی نمائش سے (جوکہ انہیں اچھے لگے تھے)خرید لائے اور ماں کو لاکر دیئے،تو دلہن بیگم کو ناگوار گزرا،اسکے بعد سے اکھڑا اکھڑا رویہ۔
وہ دوپہر میں سب کاموں سے فراغت کے بعد بستر پر نیم دراز ہوئیں تو ماضی کی کھڑکی کھل گئ،جب ساس کے ساتھ ملکر وقت گزاری کیا کرتیں،ایک آنگن میں چار لوگ ملکر خوشی غمی بانٹ لیتے،وہ دن بیت گئے تھے،یادوں کے بسیرے تھے اب۔
دنیا جہاں کے غم تھے،سکون تھا مگر کیوں تھا؟انکے اس خیال نے انہیں چونکا دیا،وہ منظر پھر سے آنکھوں میں گھومنے لگا،جب ساجد نے انکی پلیٹ میں لاکر گرم کباب رکھ دیئے تھے،یہ کہہ کر کہ" امی جان ہمیں پورا دن گرم گرم کھانے بناکر کھلاتی ہیں،انکا بھی حق ہے کہ جب وہ کھانے پر بیٹھیں تو انکو گرما گرم کھانا ملے"
اس پر بہو بیگم چپ تھیں،لاشعور میں چھپی یہ بات آج مسز سرفراز کو رہ رہ کر یاد آرہی تھی،پھر وہ منظر بھی گھوم گیا، جب انکے شوہر نے گھونٹ گھونٹ اپنی محبت کے جام پلاکر سسرال کی محبت کی چاشنی اس میں گھول دی تھی،انکی ہی تو چاہت کا جادو تھا کہ کبھی کسی سے موازنہ نہ کیا،ہمیشہ حسن ظن رکھا کہ پھر سسرال سے مضبوطی پیدا ہوئ،گرچہ یہ عورت کی تخلیقات میں ایک ہے کہ وہی گھر کو گھر بناتی ہے مگر مرد کا صحیح وقت پر مخلص ساتھ اسے کبھی ٹوٹنے بکھرنے نہیں دیتا،وہ جو پسلی سے پیدا کی گئ ہے،شوہر کے بے جا بد سلوکی سے بپھر جاتی ہے،نامنصفانہ رویئے کی بھینٹ چڑھتی ہے،تو سسرال کے رشتے بھی کچے دھاگے کی طرح ہوجایا کرتے ہیں۔
شام کی گلابی رنگت جب ذرا اور گہری ہوئی ،تبھی ساجد کی آواز انکو سنائ دی،وہ بہو کو انکے میکے چھوڑ کر واپس آیا تھا،ماں کو چائے پیتے دیکھ کر وہیں بیٹھ گیا۔اسے دیکھ کر مسز سرفراز نے چائے کی کیتلی سے چائے کپ میں انڈیلی اور اسکی طرف بڑھاتے ہوئے بولیں"بیٹا ساجد۔۔۔۔عورت پھول کی طرح ہوتی ہے،اسے ایسے ہی رکھنا چاہیئے"وہ چائے کا گھونٹ اتار کر بولا"ارے کیا ہوگیا امی جان؟ایسے ہی تو رکھا ہوا ہے"۔
"نہیں نا"
وہ بولیں۔
بیٹا!محبت اور اعتماد دینے سے پیدا ہوتی ہے،ابھی وہ اس گھر میں نئ ہے،اسے تمہارے تعاون کی ضرورت ہے،اگر کچھ غلط بھی کرے تو جھک جاو،اتنی محبت دو کہ وہ محبت تم سے جڑے رشتوں میں سفر کرتی نظر آنے لگے،بہت نیا رشتہ ہے،نیا گھر ہے اس کے لیے۔اس سانچے کو اپنی قربت سے بھردو بس، وہ بڑھ کر خود تم سے جڑے رشتوں کی قدر کرے گی،اور تم یہ دیکھوگے"
وہ کہہ رہی تھیں،ساجد چائے کے مگ میں اڑتی بھاپ کو دیکھتے ہوئے خاموشی سے سن کر غورو فکر کررہا تھا۔دونوں ماں بیٹے ایک دوسرے سے اس ملاقات کے بعد الگ ہوگئے۔اگلے دن ہی جب ساجد آفس سے اپنی بیوی کو میکے سے لیتا ہوا گھر میں داخل ہوا تو گھر میں ایک تقریب کا سماں تھا،ملیحہ اور سعدیہ اسکی بہنیں اپنے بچوں سمیت آموجود تھیں،ساجد اور اسکی بیوی سے سب ہی مل کر خوش ہوگئے،بس ماجد بھائ کی کمی مسز سرفراز بہت زیادہ محسوس کررہی تھیں۔اپنی آنکھوں کے آنسو چھپاتی کمرے میں چلی گئیں،انکے پیچھے ملیحہ بھی چلی آئ،"کیا ہوا ہے امی"
"آپ نے بھی نا،بہو کو اتنی شے دے رکھی ہے،جب چاہے منہ پھلاکر بیٹھ جاتی ہیں ہر بات پر،بھابھی صاحبہ"وہ بے تکان بولنا شروع ہوگئی۔ مسز سرفراز اسے حیرت سے دیکھتے ہوئے بولیں"ارے اس کی وجہ سے نہیں رورہی،اور یہ تمہیں کس نے کہا کہ بہو منہ پھلاتی ہے؟ملیحہ سے اسکے بے تکے سوال پر خبر لی گئ تو وہ بولی "مجھے ماسی زینب نے سب بتادیا ہے"
"اف۔۔۔۔ایک تو یہ آجکل کی ماسیاں چلتا پھرتا انٹر نیٹ ہوگئی ہیں۔ پتا کچھ ہوتا نہیں ہے،رپورٹر بنی پھرتی ہیں خاندان کی،آجائے ذرا تو خبر لیتی ہوں"" اور آئندہ اپنی بھابھی کے لیے اسطرح سے نہ بولنا نہ ایسا سوچنا،وہ نئے گھر میں ائ ہے،پیر جمانے میں وقت تو لگے گا اس کو"" اچھا!ہمیں تو آپ نے سسرال کی خدمت پر اتنی گردانیں یاد کرائیں اور تربیت کے لیئے ماسی کو چھٹی دے کر برتن منجھوائے،اس کو آپ نے شہزادی بناکر رکھا ہوا ہے"ملیحہ اپنے بچے کو فیڈر پلاتے ہوئے بولی
مسز سرفراز نے کہا"بیٹا!تم نے سسرال کو جیسا بناکر رکھا ہوا ہے،وہ تم خدا کے بنائے رشتے شوہر اور سسرال کو اپنی ساخھ مضبوط کرنے کے لیے کررہی ہو ناکہ میرے لیے،اس سے تمہیں فائدہ ہے،تمہاری نسل کو""تمہیں بھی سنبھلنے میں پرکھنے میں وقت لگا،نئ ہے دھیرے دھیرے رشتے پرکھنا سیکھ لے گی،پھر سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا،میری بیٹیوں جیسی ہے،تمہارا سلوک، تعاون اور ساجد کی محبت ہی اسکو ہمارے گھر کا چراغ بنائے گی نا۔۔۔"
بہو کھڑی سن رہی تھی دروزے کے عقب میں۔۔۔۔جب وہ دو زینہ چڑھ کر ساس کے کمرے میں چائے لے کر آرہی تھی،تب ملیحہ اور مسز سرفراز کی باتوں نے اسے دروازے پر کھڑا کرکے کسی اور ہی دنیا میں بھیج دیا تھا،وہ خود کو خوش قسمت محسوس کررہی تھی،اسکی ساس سے متعلق سارے گمان چھٹتے بادلوں کی طرح اس کے دل کے آسمان سے صاف ہوگئے تھے۔عشق مجازی کی سمجھ آنے لگی تھی۔۔۔۔دلہن کو۔۔۔



































