
نورالسحر اظہار
کراچی جو نہ صرف پاکستان کا بلکہ عالم اسلام کا سب سےبڑا شہر ہےجس کے ٹیکس سے پورے ملک کی معیشت رواں دواں ہے۔اس کے باوجود یہ شہر
پچھلے کئی عشروں سے بلدیاتی حکومت سے محروم ہے۔ سندھ حکومت اس کے وسائل پر قابض ہےاورتقریباً تمام ادارے کرپشن کی زد میں ہیں۔
رشوت کے بغیر عوام کا کوئی کام نہیں ہوتا۔ترقیاتی کام نہ ہونےکےسبب پوراشہر کھنڈرکامنظر پیش کررہا ہے۔تباہ حال سیوریج نظام اور ٹوٹی پھوٹی سڑکیں کراچی کی پہچان بن چکی ہیں اور اب حالیہ بارشوں میں رہی سہی سڑکیں گڑھوں میں تبدیل ہوچکی ہیں اور ان میں بارش کا پانی کھڑاہوا ہےجو مچھروں کی آماجگاہ ہے ۔۔ تیزی سے بڑھتے ہوئےملیریا اور ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ اس کا منہ بولتا ثبوت ہےاور پھر خستہ حال سڑکیں راہگیروں کے لئے حادثات کا سبب بن رہی ہیں۔ ایسا ہی ایک سانحہ 14ستمبر کی شام جامعہ اسلامیہ اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا،جب مختلف کارخانوں،میلوں، اداروں اور آفس کے تھکے ہارے مسافروں سےبھری منی بسں سڑک پر پڑنےوالے گڑھےکا شکار ہوگئی۔۔۔۔دو جانیں ضائع ہوئیں اور بیشثر مسافر گھر کے بجائے ہسپتال لے جائے گئے۔۔۔ یوں مرنے والے ورثاء پر قیامت گزر گئی اور زخمی ہونے والے نفوس بے بسی کی تصویر بنے بستروں کی زینت بن گئے ۔۔۔ بظاہر یہ ایک خبر ہے۔۔۔جس میں شاید اکثریت کے لئے کوئی نیاپن نہ ہو ۔۔۔ ہم ایسی خیریں سننےکے عادی جو ہو چکے ہیں لیکن جو اس سانحہ کے لپیٹ میں آئے ۔۔۔ان پر اور ان کے اہل خانہ پرکیا گزر رہی ہوگی۔۔۔۔ درد دل لمحہ بھر کےلئے اس منظر کو چشم تصور میں بخوبی محسوس کر سکتے ہیں۔۔۔اس سانحہ کی لپیٹ میں آنے والے کتنے ایسے ہوں گے جو اپنے گھر کے واحد کفیل ہوں گےاورجاں بحق ہو جانے والے لواحقین دل پر منوں بوجھ لئے تہی دست تہی داماں۔۔۔
ضلع غربی جماعت اسلامی نےبارہا موجودہ زمینی حائق سے ذمہ داران کو آگاہ کیا، احتجاج کیا۔ سوشل میڈیا پر آواز اٹھائی لیکن بے سود ۔۔۔ یوں کراچی کے ذمہ داران کی ذرا سی غفلت اور کوتاہی۔۔۔اس سانحہ کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔۔۔ کیا عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے وزراء بیان بازی اور سیر سپاٹے کے لئے کرسیوں پربراجمان ہیں۔۔۔عوام اپنے حقوق کے لئے چیختے رہیں گےاور حکمران سیاسی دنگل سجاتے رہیں گے۔
اب عوام کو سنجیدہ ہو جانا چاہیے۔۔۔باری باری مسند اقتدار کا مزہ لوٹنے والوں سے خیر کی امید عبث ہے ۔۔۔۔ نظام بدلنا ہے تو سچ کا ساتھ دینا ہوگا ۔۔۔ حق کے حصول کے لئے قافلہ حسینی میں شریک ہونا وقت کی ضرورت ہے ۔
خدا کرے میرے ارض پاک پر اترے
وہ فصل گل جسے اندیشئہ زوال نہ ہو



































