
نورالسحر اظہار
مغربی جارحیت اپنےعروج پر ہےاور ہر ہر پلیٹ فارم سے معاشرے کو غلاظت میں لتھڑنےکی سعی جاری ہے۔ پہلے کچھ حدود قیود کی پاسداری تھی لیکن اب
اہداف کے حصول میں انسانیت کی تقدیس پامال کرنے کے لئے تمام اخلاق بالائےطاق رکھ دیا گیا ہے۔
تعلیمی ادارے کسی بھی ملک وقوم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔آج کے طلبہ کل کے مستقبل ہیں لیکن تعلیمی اداروں میں مستقبل کے اذہان سے کھیلا جارہا ہے۔۔اسلامی نظریاتی مملکت کے دارالحکومت کی یونیورسٹی کامسٹیس میں جہاں والدین غیر معمولی فیس ادا کررہے ہیں ،اس کے انگریزی ڈیپارٹمنٹ کےپرچے نے پوری قوم کا سرشرم سے جھکا دیا ہے۔ان سوالات نے نہ صرف اسلام پر ضرب لگائی بلکہ انسانیت کو اسفل سافلین کی پستی گرانےکی کوشش کی۔ بہن بھائی کا معتبر رشتہ دین اسلام کے ساتھ ساتھ دنیا کے تمام مذاہب میں مکرم ہے۔۔اس پرچے میں آنے والے سوالات وہ سوالات ہیں جو کلاس میں ڈسکس ہوتے رہے گویا طلبہ کے اذہان کو ادارے کی سطح پرپراگندہ کیا گیا۔ اگرچہ یونیورسٹی کے متعلقہ لیکچرر کو فارغ کردیا گیا لیکن سوال اپنی جگہ کہ فارغ کرنا مسئلہ کا حل ہے۔۔۔کیا ادارہ اس کوتاہی میں برابر کا شریک نہیں۔
ملک کی مشہورعلامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے انگریزی ادب کے پرچے میں اس سے قبل ایسےہی بیہودہ سوال شامل کیے گئےتھے۔پچھلےسال کینرڈ کالج میں ایسے ہی بے حیا موضوع پر مباحثہ کا اہتمام ہوا جس میں طلبہ و طالبات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔۔یقینا اسکول ,کالج ویونیورسٹیز میں ایسی سرگرمیوں کا باربار انعقاد تعفن زدہ معاشرے کو فروغ دینا ہے۔
انگریزی ادب کے نام پر اسلامی ریاست میں ہمارے بچوں کے اذہان میں مغربی غلاظت ڈالنے کی تاریخ پرانی ہے۔۔۔اولیول کی انگریزی ادب سے لیکر یونیورسٹی تک ہر کتاب مغربی معاشرے کی نازیبا روایات کو فروغ دے رہا ہےمذکورہ جماعت کی انگریزی ادب میں ایک ناول شامل ہےجس میں بیٹا اپنی حقیقی ماں سے شادی رچانا چاہتاہے۔ یہ دیگ کا ایک دانہ ہے،ورنہ انگریزی ادب بے حیائی کا منبع ہےحالانکہ جس مغربی معاشرے سے یہ سب درآمد کیا گیا ہے، اہل مغرب تو خود اپنے روایات سے چھٹکارا چاہتے ہیں۔
نوجوانوں کو اسلامی روایات سے روشناس کرانے کے لئے ضروری ہے کہ اہل قلم اس کے خلاف آواز اٹھائیں اور ایچ ای سی کو پاپند کریں کہ انگریزی ادب پر نظر ثانی کی جائےاور تمام ایسے مواد جو ہماری روایات سے متصادم ہو اسے نکال باہر کیا جائے۔



































