
نورالسحر اظہار
عوام بنیادی ضروریات زندگی کے لئےرُل رہے ہیں۔اشرافیہ کی عیاشی عروج پر ہے۔ ملک کو لوٹنے اور لوٹے ہوامال ملک سے باہر لے جانے کا عمل بھی
جاری ہے۔اشرافیہ کی عیاشی کا سامان کرتے کرتے عوام کی کمر بوجھ سے جھکی جاتی ہے لیکن ان کے پروٹوکول اور مراعات کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے جو طویل ہوا جاتا ہے۔ وطن عزیز کا معاشی ڈھانچہ دگرگوں ہے۔ مہنگائی کاعفریت دن کا چین اور رات کا سکون غارت کر چکاہے۔
غربت کی شرح بلند ہوئی جاتی ہےاور حکمران اپنی عیاشی برقرار رکھنے کے لئے تسلسل سے مہنگائی کا تحفہ دینے پر مصرہیں جس کے نتیجے میں گردش زر میں اضافہ ہوا اور افراط زر کی شرح 28 فیصد تک جا پہنچ جو ملکی تاریخ کی بلند ترین شرح ہے۔
افراط زر کی وجہ سے گوناگوں معاشی مسائل سراٹھائےکھڑے ہیں لیکن ملکی حالات سے بےبہرہ حکمرانوں کو عالمی اداروں کی خوشنودی عزیز ہے ۔۔۔سو ایک بار پھر آسان فیصلہ ہوااور مظلوم عوام کی کمر پرمزید بوجھ لاد دیا گیا۔اور پیڑول کی قیمت بڑھادی گئی۔۔۔سامان تعیشات کے علاوہ بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے تو دوسری جانب ایف بی آر نے اپنے افسران کے لئے عوام کے ٹیکسوں سے بھاری مراعات دینے اور سینئر افسران کو رہائش کی مد میں تین لاکھ روپے ماہانہ ادا کرنے کا فیصلہ کرکے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کا اہتمام کیا۔
عوام کا صبر وشکر بے مثال ہے۔حسب سابق عوام کی جانب سےایک آہ بلند ہوئی اور مقدر کا لکھا سمجھ کر جھکی ہوئی کمرپرمہنگائی کا ایک اور بوجھ لادلیا۔۔سادہ سا حساب ہے کہ صرف سرکاری پروٹوکول ختم کردیا جائےتو سالانہ 380ارب روپے کی بچت ہو سکتی ہےاور اگرلوٹی ہوئی دولت وطن عزیز میں واپس لائی جائےاورمراعات کا خاتمہ کردیا جائے ، بھاری تنخواہوں پر پاپندی عائد کردی جا ئے تو مہنگائی کا عفریت ہمیشہ ہمیشہ کے لئے بوتل میں بند ہوجائے ۔۔
یہ کیسا حیران کن ہے امرہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک، بیوروکریسی ,ارکان اسمبلی اورسرکاری عیاشیوں پرانگلی اٹھانےکے بجائے صرف اس شرط پر حکمرانوں کو قرضہ فراہم کرتے ہیں کہ پیڑول ,گیس اور بجلی کی قیمت بڑھادی جائےاور عوام پر عرصۂ حیات تنگ کردیا جائے۔۔ یوں تابعدار حکمران پون صدی سے اس کھیل میں شریک اپنی حکمرانی کو مضبوط کرنےکی سعی میں مصروف ہیں اورعوام اپنے نصیب پر رونے میں۔۔۔
بلاشبہ بیداری ان تمام مسائل کا حل ہےاور یہ بیداری جتنی جلدی عمل میں آجائے ملک کے وسیع تر مفاد میں بہتر ہے۔۔۔شاد باد رہے میرا وطن۔
نوٹ : ایڈیٹر کے بلاگرکے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































