
بنت عبد المجید
ایک بادشاہ نے اپنے وزیر سے پوچھا: یہ میرے نوکر مجھ سے زیادہ کیسے خوش باش پھرتے ہیں. جبکہ ان کے پاس کچھ نہیں اور میرے پاس
کسی چیز کی کمی نہیں.
وزیر نے کہا: بادشاہ سلامت، اپنے کسی خادم پر قانون نمبرننانوے کا استعمال کرکےدیکھیئے بادشاہ نے پوچھا: اچھا یہ قانون نمبر ننانوے کیا ہوتا ہے؟
وزیر نے کہا: بادشاہ سلامت، ایک صراحی میں ننانوے درہم ڈال کرصراحی پر لکھیے اس میں تمہارے لیے سو درہم ہدیہ ہے۔ رات کو کسی خادم کے گھر کے دروازے کےسامنے رکھ کردروازہ کھٹکھٹا کرادھر اُدھر چھپ جائیں اورتماشہ دیکھ لیجیے۔
بادشاہ نے یہ تجربہ کرنےکا فیصلہ کیا اورجیسے وزیر نےسمجھایا تھا،ویسے ہی کیا، صراحی رکھنے کے بعد دروازہ کھٹکھٹایا اورچھپ کر تماشہ دیکھنا شروع کر دیا۔ دستک سن کر اندر سےخادم نکلا، صراحی اٹھائی اورگھر چلا گیا۔ درہم گنے تو ننانوے نکلے جبکہ صراحی پر لکھا سو درہم تھا۔
خادم نے سوچا:یقیناً ایک درہم کہیں باہرگرا ہوگا۔ خادم اوراس کے سارے گھر والےباہر نکلے اوردرہم کی تلاش شروع کر دی۔ ان کی ساری رات اسی تلاش میں گزر گئی۔خادم کا غصہ اور بےچینی دیکھنےکے لائق تھی۔اس نے اپنے بیوی بچوں کوسخت سست بھی کہا کیونکہ وہ درہم تلاش کرنے میں ناکام رہے تھے.۔ کچھ رات صبراورباقی کی رات بک بک اورجھک جھک میں گزری ۔ دوسرے دن یہ ملازم محل میں کام کرنے کیلئے گیا تو اس کا مزاج مکدر، آنکھوں سے جگراتے، کام سے جھنجھلاہٹ، شکل پرافسردگی عیاں تھی۔
بادشاہ سمجھ چکا تھا کہ ننانوے کا قانون کیاہوا کرتا ہے۔ لوگ ان 99 نعمتوں کو بھول جاتےہیں جو الله تبارک و تعالیٰ نےانہیں عطا فرمائی ہوتی ہیں اور ساری زندگی اس ایک نعمت کے حصول میں سرگرداں رہ کرگزار دیتے ہیں جو انہیں نہیں ملی ہوتی اوروہ ایک نعمت بھی الله کی کسی حکمت کی وجہ سے رُکی ہوئی ہوتی ہے،جسےعطا کردینا الله کیلئے بڑا کام نہیں ہوا کرتا۔ لوگ اپنی اسی ایک مفقود نعمت کیلئےسرگرداں رہ کر اپنے پاس موجود ننانوے نعمتوں کی لذتوں سے محروم مزاجوں کو مکدرکرکےجیتے ہیں۔ حاصل ہوجانے والی ننانوے نعمتوں پرالله تبارک و تعالٰی کا احسان مانیے اور ان سےمستفید ہو کر شکرگزار بندے بن کر رہیے۔



































