
بنت عبدالمجید
آپ کےگھرمہمان آتا ہےکھانےکاوقت ہے،آپ نے اسے سادہ پانی پلایا، پھرکچھ بچاہواسالن رکھا تھا وہ پیش کردیا۔ دو گرم روٹیاں اتار دیں،کچھ
اچارچٹنی ساتھ کر دی۔ مہمان نےنہ صرف خوش ہوکرکھایا بلکہ وہ سیر ہو گیا۔اس نے دل سے شکریہ ادا کیا۔ آپ کی مہمان نوازی سے بہت خوش ہوااوردعائیں دیں۔
ایک اورمہمان آتا ہے، آپ نے اس کے سامنےمرغ مسلم رکھا، بریانی بنائی،سلاد رائتہ میٹھا سب کچھ رکھا۔مہمان نےیہ خاص کھانا کھایا بھی اورنقص بھی نکالے۔منہ بھی بناتا رہا اور کچھ زیادہ خوش دکھائی نہیں دیتا تھا۔
آپ کوان دو میں سے کون سا والا مہمان پسند ہے؟یقینا پہلا والاہو گا……جو تھوڑا پا کرخوش ہو جائے، اخلاق دکھائے، دل سے شکریہ کہے ایسا مہمان ہی نہیں ایسا انسان بھی سب کو بہت اچھا لگتا ہے۔ یہی حال نظام قدرت کا ہے……اللہ کو وہ انسان پسند ہے جو تھوڑے پر بھی بڑے دل سےشکریہ ادا کرے۔ شکریہ صرف الفاظ کا نہیں ہوتا، وہ انداز اور کیفیت کا بھی ہوتا ہے کہ انسان دل سے خوش ہو کہ واہ اللہ نے کیا ہی کرم کیا ہے۔وہ جو روٹی کے ایک ٹکڑے پر مسکراتا ہے، اسے اللہ خوان (بہت زیادہ نعمتیں) ضرور دیتا ہےجو خوان پر خوش نہ ہو، اس سے پہلے سے موجود نعمتیں نہ بھی چھینی جائیں لیکن ان نعمتوں کی چاشنی چھین لی جاتی ہے۔ یہ لوگ اچھے سے اچھے کھانے کھاتے ہیں لیکن ”مزا“ نہیں آتا۔ یہ لوگ دنیا کی ہزار نعمتیں خریدتے ہیں لیکن دل کو سچی والی خوشی نہیں ملتی۔ نعمتوں کی ناقدری، نعمتوں کی خیر نچوڑ لیتی ہے۔نعمتوں کی قدر، نعمتوں کی خیر کئی گنا بڑھا دیتی ہے۔
آپ ان لوگوں میں سے ہونے کی کوشش کریں جو تھوڑے پر بھی بہت خوش ہوتےہیں۔ شکریہ الفاظ سے ہی نہیں انداز سے بھی ادا کریں۔ اللہ کو خوش ہو کر دکھائیں۔ہو سکتا ہے کہ آپ کی جیب میں ہر مہینے جو دس بیس ہزار آتے ہیں، وہ اتنے ہی رہیں لیکن ان نعمتوں کی چاشنی اتنی بڑھ جائے کہ دال روٹی وہ مزا دے، جو مرغ مسلم نہ دے سکے۔ دل کی لالچ مٹ جائے، حرص جاتی رہے۔ اللہ آپ کو سادا کپڑوں میں ہی وہ وقار اور حسن عطا کر دے جو ہزاروں لاکھوں لگانے پربھی لوگوں کو نصیب نہ ہوتا ہو۔ اس لیے نعمتوں کا شکر ادا کرنا سیکھیں، دلوں کو اطمینان دلائیں، اور اللہ کو خوش رہ کر دکھائیں۔



































