
طیبہ علی
السلام علیکم
منجانب شہری ازمملکت پاکستان
امید کرتی ہوں حضرت اقبال آپ خیریت سے ہوں گے۔ عالم ارواح میں تمام عظیم ارواح کو میرا سلام دیجئے- آپ ابدی سکون میں ہوں گے لیکن میں آپ کو آج پریشان کرنے کی نیت سے حاضر ہوئی ہوں جس کی میں آپ سے معذرت بھی طلب کرتی ہوں،جیسا کہ آپ جانتے ہی ہوں گے ابھی چند روز قبل آپکا یوم پیدائش تھا جسے اس قوم نے بھرپور طریقے سے منایا ۔ چھٹی کے مزے لے کر ۔ میں آپ کو بتاؤں کہ آپ نے اپنی زندگی میں جن خیالات کا اظہار فرمایا جن حالات کے وقوع پذیر ہونے کی پیشن گوئی فرمائی ،وہ آپ کے بعد بالکل سچ ثابت ہوئے ۔ آپ کو" مفکر پاکستان" اور "حکیم الامت" جیسے القاب سے نوازا گیا- میں اس کی بلاشبہ مکمل تائید کرتی ہوں آپ نے اپنی شاعری میں جن باتوں کی طرف اشارہ کیا آج عالم میں وہی ہو رہا ہے- آپ نے اتنے سال قبل ہی آنے والے واقعات کی تفصیل بیان کر دی-
عرب دنیا کا اسرائیل کو تسلیم کر لینا، فلسطین پر قبضہ٫کشمیر کوزبردستی بھارت میں ضم کرنا٫مسلمانان عالم کی نااتفاقیاں٫اپنوں کی ریشہ دوانیاں٫ مشرق کا مغربیت سے مرعوب ہو کے گھل مل جانا، نوجوان نسل کی مادر پدر آزادی، مسلمانان عالم پر ظلم و ستم کی وہ حالت کہ خدائے بہ امان اور اس پرستم کہ مسلم قوم ایک مرکز پر اکٹھی نہ ہو ۔
خاموش رہ کر ظالم کہ ظلم میں شریک ہو۔ الغرض سب کچھ ویسا ہی ہوا آپ کی مسلم قوم کے ساتھ۔ ۔ وہ جو آپ نے فرقہ پرستی اور ذات پات کی بات کی وہ بھی سچ ثابت ہوئی-آپ کے"شاہینوں" نے زندگی کے ہر میدان میں کامیابی کے جھنڈے گاڑے لیکن اسی فرسودہ ذہنیت اور غلامانہ سوچ کے ساتھ ۔ آپ کے مومن کے ساتھ بھی بہت برا ہوا کیونکہ کوئ" مرد مومن "بننے کو تیار نہیں تھا آپ کی شاعری نے بیداری کا آفاقی پیغام دیا ۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں لیکن ہم نے اس پیغام پر غور نہیں کیا۔ یہی ہماری تنزلی کی وجہ ہے۔
اب توحد ہی ہوگئی بہت سے شاہینوں کومعلوم ہی نہیں کہ اقبال کون تھے؟اور کیا تھے؟ کیا کام کرگئے؟ کیونکہ اب آپ کے شاہینوں کو "بچے کی دعا", "رات اور جگنو" ," پہاڑ اور گلہری " جیسی نظمیں نہیں پڑھائی جاتیں ۔ آپ کو معلوم ہے اقبال زمانہ بہت آگے چلا گیا ہے اب ان شاہینوں کو سمارٹ فون پر نیٹ فلکس دکھایا جاتا ہے- کتاب سے تعلق بالکل ختم ہو گیا ہے۔ اک ستم اور بھی سنیے 9 نومبر کی چھٹی بحال کر دی۔ اس سال پھر سے آپ کے شاہینوں نے چھٹی منائی خواب خرگوش کے مزے لےکر ،میچ دیکھ کے، تفریح کر کے،مگر آپ کے پیغام کے متعلق کسی نے نہیں سوچا ۔ جس ریاست کی آزادی کا خواب آپ نے کئ دہائیوں قبل دیکھا آج اس ریاست کو آزاد ہوئے 75 برس مکمل ہوگئے ۔ میں اسی آزاد وطن سے آپ کو خط لکھ رہی ہوں لیکن آپ کو پتہ ہے اس ریاست کے باسی آج بھی غلام ۔ ذہنیت کے غلام ۔ غرض اور کیا کیا بتاؤں کہ اس قوم کے ساتھ کیا کیا ہوا؟ مسلم امت ڈوب گئی باقی ماندہ ڈوب رہی ہے۔ فلسطین اور ابل شام کی آہیں عرش کو چیر رہی ہیں ۔عالم اسلام پر یہود و ہنود کا غلبہ ہے امت کا شیرازہ بکھر چکا ہے ۔
آپ کو معلوم ہے یورپ کی جامعات میں "اقبالیات" کے نام سےایک مضمون پڑھایا جا رہا ہے یعنی آپ کے نام پر۔برطانیہ کی ایک جامعہ میں کتب خانہ ہے جہاں صرف آپ کی تصانیف پڑھائی جاتی ہیں، یعنی صرف آپ کو پڑھا جاتا ہے جو کچھ آپ نے ہمارے لیے لکھا تھا جو "گوہر نایاب" تھا وہ فرہنگیوں کے ہتھے چڑھ گیا. جس پرعمل کر کے وہ ترقی کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں- وہ جو آپ نے صداقت اور امانت کا سبق ہمیں پڑھایا وہ انہوں نے پڑھ لیا۔
خیر اب میں اجازت چاہوں گی خط طوالت اختیار کر رہا ہے،باقی باتیں اگلے یوم پیدائش پر اگر آپ کو آزردہ کیا ہے تو پیشگی معزرت - لیکن آپ اللّٰہ تعالیٰ کے پاس ہیں ان سے گزارش کیجیے کہ اس امت کی کشتی بھنورسے نکال کر کنارے لگا دیں- آپ کےساتھیوں میں جناح اور لیاقت علی خان بھی ہوں گے آپ سب کو بے حد سلام۔
اللہ حافظ
فقط
آپ کی شاعری کی ایک مداح



































