
مریم شہزاد
"اچھا خالہ آپ بھی ضرور آئیے گا ، مجھے اچھا لگے گا اورآپ کی بھی سب سےملاقات ہو جائے گی" ۔ افشاں ،رابعہ کےگھر اپنی بیٹی کی
شادی کا بلاوہ دینے آئی تھی اور ساتھ ہی اس کی ساس کو بھی مدعو کیا توجیسے رابعہ کو مرچیں ہی لگ گئیں ۔ وہ افشاں کے جانے کے بعد منہ ہی منہ میں بڑبڑاتی ہوئی اپنے کاموں میں لگ گئی، " ہونہہ ، خود کی تو ساس ہیں نہیں ہم اپنی ساس کو دم چھلا بنا کر گھومتے رہیں۔" شادی میں جانے کی ساری خوشی ملیا میٹ ہو گئی تھی۔
ماں باپ اپنے بچوں کو کتنی ہنسی خوشی سب جگہ ساتھ لےکرجاتے ہیں، گھومنےپھرنے، شادیوں میں ، مختلف تقریبات میں، ہوٹلنگ کے لیے لئےاور سب جگہ بچے روتے بھی ہیں۔ بھاگا دوڑی بھی کرتے ہیں۔ ان کی وجہ سےکتنی ہی جگہ شرمندگی بھی اٹھانی پڑتی ہے مگر ہم پھر بھی اپنے بچوں کو اپنے ساتھ لگا کر رکھتے ہیں،مگر جب والدین بوڑھے ہوجاتے ہیں اور ہمارے قدم سے قدم ملا کر نہیں چل پاتے تو وہ ہم کو بوجھ محسوس ہونے لگتے ہیں ۔ بچوں کو (بابا گاڑی )پرام پر لے کر پھرنے میں ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہوتا مگر بزرگوں کو وہیل چیئر پر لے جانا ایک درد سری ہےحالانکہ تقریبات میں جاکر بزرگ خواتین نے ایک جگہ ہی بیٹھ جانا ہوتا ہےمگر اکثر ہی کچھ اس قسم کی جملے بھی ہم کہہ جاتے ہیں جن کی تکلیف کا اندازہ نہیں ہوتا ۔
"کیا کریں گی آپ شادی میں جاکر! کھایا کچھ جائے گانہیں اور پھرآئس کریم اوربوتل پی لیں گی اورپھر طبیعت خراب ہوجائے گی ۔"
" میں امی (ساس) کو لےکرنہیں جاؤں گی شادی میں ، انجوائےکرنا ہےمجھے،فریش ہونا ہے، وہ گئیں تو ان کو ہی سنبھالتے رہو"
"آپ کو ضرورت ہی کیا تھی بتانے کی کہ شادی کا بلاوہ آیا ہواہے، اب کل سےاڑی اڑی پھر رہی ہیں ۔چین سے گھر میں بیٹھیں۔میں نے تو سوچا تھا کہ وہ گھر پر ہونگی تو آرام سے بچوں کو ان کے پاس سلا کرچلی جاؤں گی ۔اب بچوں کو بھی لوں اور ان کو بھی ."
"نجانے کب شوق ختم ہو گا بڑی بی کا ، گھومنے پھرنے کا ، ہم سے پہلے تیاربیٹھی ہوتی ہےشادی میں شرکت کےلیے،گھر بیٹھ کراللّہ اللّہ کریں ، ہونہہ" ایسے کتنے ہی جملے ہم اپنے بزرگوں کے لیے سوچ لیتے ہیں اوراکثر تو بول بھی دیتے ہیں ۔ مگر یہ نہیں سوچتے کہ کیا بزرگ گھر بیٹھ بیٹھ کر ایک ہی طرح کی روٹین سے تھک نہیں جاتے ہونگے ؟
کیا ان کا دل نہیں چاہتا کہ کہیں آئیں جائیں ۔ وہ آپ کےساتھ تفریح کےلیے نہیں جاتیں تو کیا ان کا اتنا بھی حق نہیں ہے کہ شادی میں شرکت کرلیں ۔صرف کھانا کھانا تو مقصد نہیں ہوتا ۔ ان کا دل چاہتا ہے کہ سب سے ملاقات ہو ۔انسان کتنا فریش ہو جاتا ہے اور بڑھاپے میں تو سب سے میل ملاقات کی طلب اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ اس لئے بزرگوں کے جذبات کا احساس کرنا چاہیے اور ان کو تقریبات میں ہنسی خوشی لے کر جائیں تاکہ ان کو بھی احساس ہو کہ وہ زندہ انسان ہیں محض روبوٹ نہیں کہ ایک مقررہ وقت پر کھائیں پئیں عبادت کریں اور سوجائیں ۔
انسان ایک ایسی مخلوق ہےکہ وہ ہرعمرمیں ملنا ملانا چاہتا ہے ، ہاں کچھ بزرگ ایسے بھی ہیں جو اپنے گھر میں خوش اور پرسکون رہتے ہیں اور کہیں آنا جانا نہیں چاہتے تو ان کی اپنی طبیعت اور مزاج ہے مگر جو چاہتے ہیں کہ سب جگہ آئیں جائیں تو پلیز ان کا خیال کریں ، سب جگہ نہ سہی کچھ جگہوں پر تو ساتھ لے کر جایا کریں تاکہ وہ بھی مایوسی کا شکار نہ ہوں کہ اب بس موت کا انتظار کرنا ہے ۔ یقین جانیے موت سے پہلے موت کا انتظار بہت خوفناک ہوتا ہے ۔صرف یہ ہی سوچ کر کہ یہ وقت ہم پر بھی آنا ہے اپنے بزرگوں کو ہنسی خوشی وقت دیں تاکہ مکافات عمل کا اچھا رزلٹ پائیں۔۔



































