
مریم شہزاد
عجیب شہر تھا اور اس کےباسی بھی عجیب ہی تھے.تقریباً سب کی ہی گردن ٹیڑھی تھی ۔ٹیڑھی مطلب ایک طرف کو جھکی ہوئی ،سر تقریباً
کندھے کو چھو رہا تھا۔ میں اس شہر میں نیا آیا تھاکافی لوگوں سےبات کرنا چاہی مگرایسا لگتا تھا کہ اکثر کو اپنے آپ سے باتیں کرنے کی عادت تھی ۔راہ چلتے چلتے ہنستے مسکراتے اپنے آپ سے باتوں میں مگن لوگ کسی سےکہیں کا راستہ پوچھ لوتو ہاتھ کے اشارے سے بتادےگا ، یا آگے بڑھ جانے کا اشارہ کردیتا ۔ نجانے کیسے لوگ تھے ۔ موٹر سائیکل سوار گردن ٹیڑھی کرکے چلاتے۔ رکشہ ڈرائیور رکشہ چلاتے چلاتے نجانے کیوں اورکسی سے اونچا اونچا بولنے لگتا کہ ہاں بس آ رہا ہوں۔کچھ سمجھ ہی نہیں آ رہا تھا اورتو اور راہ چلتی عورتیں بھی ہاتھ چلا چلا کر اپنے آپ سے باتیں کرتی ہوئی ادھر سے ادھر نظرآجاتیں۔ایک دن تو میں حیرت زدہ رہ گیاجب ایک عورت نقاب لگائےایک بچہ گود میں ،دوسرے کا ہاتھ تھامے اپنی دھن میں مگن بولتی ہوئی چلی جارہی تھی ۔ پھرمجھےآہستہ آہستہ اس جگہ کی سمجھ آنے لگی ۔ یہ شہر اور اس کے باسیوں کی مصروفیات سمجھ آنے لگیں اب ٹیڑھی گردن کا راز بھی کھلتا چلا گیا، خود کلامی کا پردہ بھی فاش ہوگیا جب۔۔۔۔۔۔
جی ہاں جب میں نے بھی موبائل لےلیا اپنی بیوی کو بھی موبائل دلادیا اب اکثر بائیک چلاتے ہوئے میری گردن بھی ٹیڑھی ہوتی ہے۔میری بیوی کس کے نقاب لگاتی ہے اورفون کان اور دوپٹہ کے درمیان میں سیٹ کرکے آرام سے باتیں کرتی ہوئی سارے کام کرتی ہے۔ اب میرے پاس بھی کسی کو راستہ بتانے کا ٹائم نہیں ہے۔اکثر ہی موٹر سائیکل ٹکراتے ٹکراتے بچ جاتی ہے مگر کتنے ہی ضروری فون میں راستے میں نبٹالیتا ہوں ۔ بس کچھ گردن میں تکلیف رہنے لگی ہے تو ڈاکٹرکے پاس گیا تھا اس نے یہ ہی کہا کہ اب آہستہ آہستہ آپ کو عادت ہوجائے گی او گردن ٹیڑھی ہی رہ جائے گی ۔۔۔



































