
روشانہ جمیل
کیسا معاشرہ چاہتے ہیں؟
ایسا جہاں جھوٹ، فریب، بے حیائی نہ ہو ؟ایسا جہاں نمازیں آباد ہوں، قرآن دلوں کی روشنی بنے؟ ایسا معاشرہ والدین کی گود سے شروع ہوتا ہے۔
کیسے چاہیں کہ بچہ قرآن والا ہو، جب گھر میں قرآن ہی نہ کھولا جاتا ہو؟کیسے چاہیں کہ بچہ نمازی بنے، جب والدین خود سست ہوں؟ کیسی امید ہو کہ بچہ باعمل ہو، جب ماں باپ وقت ضائع کرنے میں استاد ہوں؟
بچے کتابوں سے کم، ماں باپ کے رویوں سے زیادہ سیکھتے ہیں۔ اگر ماں کو ہر وقت فون اور ڈراموں سے فرصت ہو — تربیت کہاں سے آئے گی؟اگر باپ خود غصہ ہو کر، بے صبری دکھائے — بچہ صبر کہاں سے سیکھے؟
والدین اپنی راحت، اپنا شوق، اپنی نمائش سب میں بجٹ نکال لیتے ہیں ،مگر بچے کے دین، کردار اور علم میں خرچ کرنے کی فرصت اور نیت نہیں رکھتے۔
بچے کو سیرت کی کہانیاں کون سنائے گا؟
اسے نیک لوگوں کی صحبت میں کون بٹھائے گا؟
اس کے سوالوں کے جواب دینا کون سیکھے گا؟
اس کے اندر رحم، سخاوت، حلم اور ادب کون ڈالے گا؟
یاد رکھیں!۔
بچپن میں دی گئی تربیت پوری عمر ساتھ چلتی ہے۔ وہی بچہ ماں باپ کے مرنے کے بعد ان کے لیے ہاتھ اٹھا کر دعا کرتا ہے یا انہیں بھول کر دنیا میں گم ہو جاتا ہے۔ صالح اولاد اتفاق نہیں، محنت کا صلہ ہے۔ اپنے بچوں کے لیے وقت نکالو۔ ان کی تربیت اپنی پہلی ذمہ داری سمجھو۔ ان کو قرآن، حدیث، سیرت، اور اخلاق سکھاؤ۔ان کے سامنے خود نیک عمل کرو۔ آج والدین اپنی ترجیحات درست کر لیں — کل یہ بچے امت کی روشنی بن جائیں گے، ان شاء اللہ۔



































