ا
ندااسلام
آپ خرچ کرنا چاہتےہیں مگر آپ دل میں تنگی محسوس کرتے ہیں۔ بچے آپ کی اک نظرالتفات کو ترستےہیں مگر آپ سردم ہری کا خول توڑنے کے
لئے تیار ہی نہیں۔ آپ تحائف دینے میں ضیق صدر کا شکار اور کشمکش میں مبتلاء ہو جاتے ہیں مگر تحائف کی وصولی اپنا حق سمجھ کر کرتے ہیں۔ آپ خود اپنے اقارب سے حسن سلوک کی اعلیٰ مثال قائم کرنے سے گھبراتے ہیں مگر دوسرے آپ کے ساتھ حسن سلوک کریں تو آپ پھولے نہیں سماتے۔
کتنی تکلیف دہ بات ہے کہ آپ اپنے آپ کو نمایاں کرنےکے لئے دوسروں کو نظرانداز کرتےہیں، حقیر ثابت کرنے کی کوشش کرتے ہیں، ٹانگ کھینچنے کا عمل کرنےمیں بھی جھجھک محسوس نہیں کرتے۔ اپنی خوشی میں چاہتے ہیں کہ سب پرجوش طریقےسےخوشی منائیں مگردوسروں کی خوشی میں رنگ میں بھنگ ڈالنے سے بھی گریز نہیں کرتے۔آپ بھوکےکو کھانا کھلانا چاہتے ہیں مگر کھانے کی کمی کا خیال آپ کو ایسا کرنے نہیں دیتا۔ آپ ہمیشہ اچھی شے اپنے لئے پسند کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اور دوسرے کے دلی جذبات کو یکسر نظر انداز کر دیتے ہیں۔۔۔۔آپ دوسروں کی تذلیل کرتے وقت 'شماتت'(دوسرے کی مصیبت میں خوشی محسوس کرنا) محسوس کرتے ہیں مگر آپ کے ساتھ غلط رویہ برتا جائے توآپے سے باہر ہوجاتے ہیں۔ ہم اپنے عیوب کی پردہ پوشی کےمتمنی ہوتے ہیں جبکہ دوسروں کے عیوب ٹٹول ٹٹول کر نمایاں کرتے ہی۔ ہم عار دلا کر کم ظرفی کی انتہا کردیتے ہیں مگراپنی کمزوری کی اصلاح کے لئےخیرخواہانہ رویے سےخوش ہوتے ہیں۔ دوسرے آپ کے جذبات کا خیال رکھیں مگر آپ جذباتی قتل بے دردی سےکرتے رہیں!!!کیا یہ کم ظرفی کی انتہا نہیں۔
کیا اچھا بننے کے لئے ضروری ہے کہ دوسروں کوتکلیف دی جائے؟کیا اچھائی کےاعلیٰ منصب پرسرفراز ہونا آپ کو پسند نہیں؟ دوسروں سے حسن سلوک کر کےمعاملات میں نرمی برت کرآپ نیکی کی ترویج میں حصہ نہیں لینا چاہتے۔ کیا اعلیٰ ظرفی آپ کی شخصیت کا وقاربڑھا نہ دے گی؟ کیا آپ کو پسند نہیں کہ تحائف دے کرباہمی محبتوں کو فروغ دیں؟کیا آپ ابو طلحہ انصاری کےایثارسےمتاثر نہیں؟ کی ایک کا کھانا دو کےلئے اور دو کا چار کے لئے کافی نہیں ہوجاتا؟
ہم بھائی کے لئےوہی پسند کیوں نہیں کرتےجو اپنےلئے کرتے ہیں؟ہم تکلیف دہ رویوں کوفروغ دینے میں کردارادا کرتے ہیں اور پھر'عدم برداشت' کے عام ہونے کی شکایت کرتے ہیں ۔ ہم اپنی چاہ کے مطابق سب کو چلانا چاہتے ہیں اور دوسرے کی چاہ کو پرکوئی اہمیت دینے کے لئے تیار نہیں ہوتےمگر جب کوئی دوسرا آپ کی چاہ پوچھتا ہےتو آپ باغ باغ ہوجاتے ہیں۔ کیا یہ کھلا تضاد نہیں؟کیا ہم اپنے انا کے بت کی پوجا چھوڑ نہیں سکتے؟کیا ہم حق پرہونے کے باوجود بڑے کے لحاظ میں جھگڑے سے کنارہ کشی نہیں تیار کرسکتے؟
آئیے،اپنی غلطیوں کو تسلیم کر کے اعلیٰ ظرفی کا ثبوت دیں،دوسروں کو معاف کر کے،دوسروں کی بدتہذیبی وجہل کا مقابلہ 'حلم وبرباری' سے کر کے سنت کو زندہ کریں اور اعلیٰ ظرفی کی مثال قائم کریں۔ آئیے اپنی اولاد اور اقارب کےحقوق ادا کرنےمیں احسان سے کام لیں۔ دوسروں کا بھلا کر کے طمانیت محسوس کرنا سیکھیے۔دوسروں کی غلطیوں سےدرگزر ہی اعلیٰ ظرفی نہیں بلکہ ہراس معاملے میں جھک جانا بھی اعلیٰ ظرفی ہے جو 'انا' کی بھینٹ چڑھنےوالا ہو۔اللہ ہمیں ہر معاملے میں اعلیٰ ظرفی سے کام لینا والا بنائے اور کم ظرفی سے ہمیں بال بال بچا لے۔



































