
ندااسلام
ہم انسان اپنی چھوٹی چھوٹی خواہشات کی تکمیل کےلئےکتنی جدوجہدکرتے ہیں نا!بعض اوقات ایسا ہوتا ہے ک ہمیں پے درپےنا کامیوں کا سامنا کرنا پڑتا
ہے۔ ذمہ داریوں کی ادائیگی ہمیں تھکا دیتی ہےاوراحساس ذمہ داری ہمیں ہمارا فرض بھی یاد دلائے رکھتا ہے،کبھی مسلسل آزمائشیں ہمیں دل شکستہ کر دیتی ہیں۔ ہم بھاگتے رہتے ہیں خواہشات کی تکمیل کے لئے۔ ذمہ داریوں کو نبھانے کے لئے،آزمائشوں سے لڑتے ہیں۔مقابلہ کرتے ہیں۔ نت نئے طریقے اپناتے ہیں اپنی زندگی کوپرسکون بنانے کے لئے۔بعض اوقات تواحساس ذمہ داری کے ساتھ بے بسی کی کیفیت سے بھی گزرنا پڑتا ہے۔ایک چھت تلے رہتے ہوئے ہمیں دماغ کو ٹیسیں پہنچانے والے رویوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہےمگرہم اپنی ترکیبیں آزماتےرہتے ہیں،پلان بناتے رہتے ہیں اورزندگی کے نشیب و فرازسے گزرتے رہتے پیں۔
ہم ایمان رکھتے ہوئے بھی ٹیڑھے میڑھے راستوں کی کشش سےسواالسبیل گم کربیٹھتےہیں۔ حقیقت یہی ہےاورعمومی رویہ یہی ہےکہ ہم اللہ کی اس کائنات میں اپنی کوششوں پر بھروسہ کرتے رہتے ہی اور اپنے جیسے انسانوں پر توکل بھروسہ اور پھر بھروسہ ٹوٹنے پر کرب کی کیفیت سے گزرتے ہیں مگرافسوس کہ ایمان رکھتے ہوئے بھی ہم اپنی سرگرمیوں،معاملات، کامیابیوں، ناکامیوں میں اللہ کو بھلائےرکھتے ہیں یا غمی اورمصیبت میں تو اللہ کو پکارتے ہیں مگر خوشی اور اطمینان کی حالت میں اپنی عقل ودانش اور تدبیروں کے گن گاتے پیں۔
قابل فکر پہلو بھی ہے اور قابل اصلاح بھی۔آخر ہمیں اللہ کی قدرتوں پربھروسہ کیوں نہیں؟اس کی حکمتوں اورمصلحتوں پرسرتسلیم خم کیوں نہیں؟مشکلات سے نبٹنے کے لئے ساری تدبیریں کر چکنے کےبعد ہی کیوں اللہ کو پکارا جاتا ہے؟اللہ کو ہم اپنی شہ رگ سے قریب محسوس کیوں نہیں کرتے؟ہم اسے اپنی کیفیت سے آگاہ کیوں نہیں کرتے؟اللہ جو دلوں کے حال سے واقف ہے۔ ہماری پکار کےانتظار ہی میں توہوتا ہے۔۔۔ہم دس قدم چل کر آکر مدد کرنے والےسےرجوع کرنے کی بجائے اپنےجیسے انسانوں یا اپنی صلاحیتوں ہی پرکیوں بھروسہ کر بیٹھتے ہیں؟ہم کیوں نہیں سمجھتےکہ بے بہاسرسبزو شاداب باغ کے مالک کو باغ کی پیداوار کو اپنی صلاحیتوں کا صلہ سمجھنا اورخود پر زعم شرک کے زمرے میں بیان کیا گیا ہے اورجو بھی اس روش پر چلے گا شرک سے اپنا دامن آلودہ کرے گا۔ہمیں جوتی کا تسمہ بھی چاہیے تو اس سے رجوع کرنے کو کہا گیا تاکہ اللہ کی عظمت کا احساس ہمارے دلوں میں جاگزیں رہےاور اپنی کمزوری کا احساس ہمیں اللہ عزوجل سے جوڑے رکھے۔آپ پریشان ہیں،من کی جائزمراد نہیں پا رہے۔کاروبار میں ہے درپے نقصان ہو رہا ہے،آمدنی بنیادی ضروریات کے لئے بھی کافی نہیں لگتی،سفید پوشی کے بھرم کو برقراررکھنا چاہتے ہیں۔
غربت سے بچنا اور خوشحالی کے طلب گار ہیں،رشتوں کی بابت پریشان ہیں۔ بے سکون ہیں اور سکون کی تلاش میں ہیں۔۔۔غرض آپ جس بھی مصیبت میں مبتلا ہیں اور خلاصی چاہتے ہیں کچھ حاصل کرنا چاہتے ہیں تو تدبیر کے ساتھ تقدیر کے آگے جھکنے ہو گا۔رب کو الہ،رازق،معز اور المزل، حاکم،عادل،لطیف اور خبیر ماننا ہو گا۔۔۔انسانوں کے آگے جھکنے اور آخری چارہ کار کے طور پراللہ سے رجوع کی روش کو ترک کرنا ہو گا۔ یاد رکھئےاللہ کا قانون یہ ہے ہی نہیں کہ آپ کو کسی مشکل،غم،دکھ سے نہ گزرنا پڑے۔یہ دنیا اس نے بنائی ہی اس لئے ہے کہ دیکھے،کون کیسے عمل کرتا ہے،کونسی روش اختیار کرتا ہے۔لہٰذااس سے جڑ کر دیکھئے،اس سے رازونیاز کر کے دیکھیے،اسے اپنا وکیل بنا کر تو دیکھئے،دیکھنا،کیسے وہ آپ کا کیس لڑتا ہے اور آپ کے لئے بہترین اسباب پیدا کرتا ہے۔رجوع شرط ہے۔۔۔اللہ ہمیں اپنی نگرانی اور حصار میں رکھے۔



































