
ندااسلام
فکری مسائل امت مسلمہ کے لئے ایک چیلنج بن چکے ہیں۔ نت نئےفتنے،تحریکیں،ازم،این جی اوز،مغربی لابی امت مسلمہ کی بقاء کے درپےہیں۔ دوسری طرف تلخ حقیقت یہ
ہے کہ جو وقت،صلاحیتیں اور توانائیاں۔۔۔امت نے ان فکری مسائل کے حل کےلئے صرف کرنا تھیں،لادینیت کے آگے بند باندھنے میں صرف کرنا تھیں۔۔ وہ ٹک ٹاک،فیس بک ،یوٹیوب پر لغو چینل بنانے اور مادیت پرستی کا شکارہو چکی ہیں۔سودی نظام کے تباہی کن اثرات کی لپیٹ میں بہت سے ممالک ہیں۔
مادیت پرستی نےسوچنے سمجھنےکی صلاحیت ہی نوجوانوں سےچھین لی ہے۔وہ ہربات مفاد کے نقظہ نظر سے دیکھنے کےعادی ہو چکے ہیں۔انہیں نہیں معلوم کہ دو تہذیبوں کی یہ فکری جنگ کسی ایک کا پلڑا ہی جھکائے گی۔ ہمیں یہ شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے کہ ہر چند کہ اسلام کی فطرت میں قدرت نے لچک رکھی ہے مگر جب ہمیں ذہنی طور پرہی غلام بنا لیا جائے گا۔ ہماری فکر ہی زنگ آلود کردی جائے گی،ہماری سوچ ہی مادہ پرست ہو جائے گی۔ ہمیں ففتھ جنریشن وارکے ہتھکنڈوں کا ہی شعور نہیں ہو گا ۔ پروپیگنڈا کے توڑ کی بجائے نادانستگی میں اس جنگ میں غیروں کی صف میں ہمارا شمار ہو گا تو اسلام کیسے ابھرے گا۔
ایک تہذیب جب دوسری کو ذہنی غلامی کے شکنجے میں جکڑ لیتی ہے تو مغلوب تہذیب کوتباہی کے دہانے پر پہنچنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ اللہ نے تو اپنا دین قائم رکھنا ہی ہےوہ تو اپنے دین کو بچانے کی تدبیر کر ہی لے گا مگرہم بات کررہے ہیں کہ بحیثیت امت مسلمہ کے فرد ہونے کے ہم تہذیبی کشمکش کے اس پرفتن دور میں کس گروہ کا حصہ بن رہے ہیں۔ ہماری فکر کیا ہے؟یقینا،قرآن اور سنت کا احیاء،باطل کی چالوں کا علم اور ان کا توڑ کرنا ہمارے ذمے قرض ہےجس طرح سیکولرازم،سوشلزم اورکیپٹل ازم کا توڑ ایک فکری مجاہد "امام مودودی رحمتہ" نے کمال حکمت اور دانائی سے کیا اور تہذیب حاضر کی چمک کو بے نقاب کیا۔
ہم خود باطل کے ہتھکنڈوں کو سمجھنے سے قاصر ہیں اور فتنوں میں پڑنے سے بھی خوف کھاتے ہیں تو ہمیں ایک ایسی جماعت سے جڑجانے کی ضرورت ہےجو ہماری دیانتدارانہ رائے کا مطابق باطل کی چالوں کو سمجھتی اور اس کا مقابلہ کرنے کی استعداد رکھتی ہے۔ایک طرف امت کے فکری مسائل ہیں تو دوسری طرف عملی مسائل نے بھی امت کو گھیر رکھا ہے۔ کشمیرفلسطین،شام،افغانستان،برما اور بے شمار ممالک ہیں جہاں باطل نے ہمارے مسلمان بہن بھائیوں کا جینا دو بھر کر رکھا ہے اور وہ کمزور پا کر دبا لئے گئے ہیں۔سر دست،حکومت پر الزام دھر کر آپ اپنے انفرادی فرض سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ کیا آپ ایسی حکومت کے قیام کے لئے کوشاں رہے ہیں جو باطل کا سرتوڑ دے،جو مظلوم بہن بھائیوں کی آواز پر لبیک کہے؟کیا آپ کے ووٹ ذاتی مفاد،عصبیت،بھیڑ چال کا شکارتو نہیں ہو گئے؟کیا آپ نے سماجی،معاشی اور معاشرتی مقاطعہ کر رکھا ہے تہذیب مغرب اورتہذیب باطل کا؟کیا آپ کی پسند،نا پسند،رہن،سہن،ترجیحات آپ اپنی آزاد فکر سے طے کرتے ہیں یا نام نہاد 'سٹیٹس' اور میڈیا کی ذہن سازی کے نتیجے میں طے کرتے ہیں؟ کیا آپ اپنا ٹرینڈ،اہنی کمپین،اپنا لوگو،اپنی تہذیبی شناخت پرشرم محسوس نہیں کرتے؟جب ایسا ہے اوریقیناً ہے تو ہم کشمیری،فلسطینی،شامی،برما کے بچوں،بوڑھوں،عورتوں کی آواز پرلبیک نہ کہنے کے خود مجرم ہیں۔ یقیناً ہمیں اپنا محاسبہ کرنا ہو گا اورسہل طریقے سے اپنے آپ کو بری الذمہ سمجھ کر ہاتھ پر ہاتھ دھر کر بیٹھنے کی روش کو ترک کرنا ہو گا۔ہمیں سیرت النبی صہ،غزوات اور مدینہ کی فلاحی ریاست کا مطالعہ کرنا ہو گا۔ہمیں منافقین،مشرکین کے پیدا کردہ فکری مسائل مثلا افواہ سازی،بہانے بازی،جھوٹ،دھوکہ دہی سے آگاہی بھی ملے گی اور فکری مسائل سے نکلنے کی تدبیر بھی سجھائی دے گی۔ہمیں عملی طور پر چاروں طرف سے گھرے مسلمانوں کی حکمت عملی کا مطالعہ کہ کس طرح انہوں نے اسلام اور خود اپنی بقاء کی جنگ لڑی اورکس طرح ہم وقت کے مسائل میں ان سے رہنمائی لے سکتے ہیں،کے بارے میں میں پتہ چلے گا۔آخر کب تک باطل ہمیں دہشت گرد کہہ کر حق سے موڑتا رہے گا اور کب تک ہم مصلحتوں کی نقابیں اوڑھے رہیں گے۔ اس کا جواب بھی ہمیں ڈھونڈنا ہو گا۔اللہ ہمیں امت کے مسائل کا درد آشنا اور مسیحا بنائے۔



































