
ندااسلام
پانچ فروری کس عزم کی یاد دلاتا ہے،کس ولولے،جوش سے بھرپور ہے؟کس سے یک دل اور یک جان ہونےکا اعلان ہے؟ سنا ہے ارادے کی
پختگی،نیت کا خلوص اور عمل میں استقامت منزلوں کاراستہ آسان کردیتے ہیں۔ 80 سال ہونے کو ہیں مگرمیراکشمیر اب بھی ارادوں کی مضبوطی کا منتظر پیش کر رہا ہے۔ وہ اب بھی ہم سےبدظن نہیں، صبر واستقلال کی تصویر بنے کشمیری مسلمان ہمارے با عمل بننے کے انتظار میں شہادت کا رتبہ پاتےجا رہے ہیں مگر پاکستان پر جان چھڑکتے ہیں۔ قائد نے کیا خوب کہا تھا
وہ کون سا رشتہ ہے جس سے مسلمان جسد واحد کی طرح ہیں،وہ کون سی چٹان ہے جس پر ملت کی عمارت استوار ہے۔وہ کون سا لنگر ہے جس سے اس امت کی کشتی محفوظ کردی گئی ہے۔ وہ رشتہ وہ چٹان وہ لنگر قرآن ہے۔
بلا شبہ کشمیری جب پاکستان زندہ بادکا نعرہ لگاتے ہیں تو یہی نظریہ ان کے پیش نظرہوتا ہے۔ یہی رشتہ 74 سال سےجنت نظیرکو پاکستان سے جوڑے ہوئے ہے، یہی چٹان جس پر کشمیری عمارت استوارکرنے میں مگن ہیں اور قرآن ہی کی بدولت پاکستان کشمیریوں کےلئےاس لنگر کی مانند ہے،جہاں تک وہ اپنی ڈوبتی ناؤ کو پہنچانے کے مشن پر ہیں مگر ہے کوئی رشتے کی مضبوطی اور بقاء کے لئے سرگرم عمل؟کیا واقعی ہم نے پاکستان کو اس چٹان کی طرح بنا لیا ہے جس پر کشمیری عمارت استوار کر سکیں! کیا پاکستان کو ہم نے اس لنگر کی مانند بنا لیا ہےکہ ملت کا ایک ٹکڑا کشمیر یہاں ہر اپنی کشتی محفوظ سمجھے؟
یقیناً یکجہتی کے اس پیغام کو بچے بچے کے ذہن میں راسخ کرنا ہم پرقرض ہے یقینا شاعر نے درست کہا ہے کہ
کشمیر کے جنت بننے میں ممکن ہی نہیں تاخیر بہت
مگریہ اسی صورت میں ہے،اگر ہم ملت کے اس رستے زخم پر پھایا رکھیں گے،ہم اپنی نسل میں یہ شعر بیدار کریں کہ زخموں سے لہو لہان یہ سرخ نظر آنے والی وادی جنت کا ٹکڑا ہے،ہماری شہ رگ ہے،جنت کو ٹھکرایا نہیں جاتا اور شہ رگ کے بنا رہا نہیں جاتا۔اللہ کے لئے پانچ فروری کے دن یہ عہد کر لیجئے کہ ہم اس جنت پر کسی 'شداد' کے قبضہ کو گوارا نہیں کریں گے،کوئی عبداللہ بن صباح اس پر 'اپنی جنت' کا ٹیگ لگانے کا مجاز نہیں ہو گا۔ہم مذمت کرتے ہیں ہر ایسے حکمران کی جس نے کشمیر پر سیاست کی مگر ملت کے مظلوم لوگوں کے درد کو محسوس نہیں کیا ہم مذمت کرتے ہیں ہر ایسے حکمران کی جس نے کشمیر کا سودا کر کے 'تجربہ گاہ'(پاکستان) کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ہم حمایت کرتے ہیں ان درد مند رہنماؤں کی جو امت کے فکری مسائل سے آشنا ہیں جو امت کے نبض آشنا ہیں،جنہیں لہو لہو وادیوں اور ملکوں کے رستے زخموں کی فکر سونے نہیں دیتی جو طبیب بن کر زخم کی وجہ بننے والے جراثیموں کا قلع قمع کرنے پر زور دیتے ہیں۔
یقیناً،یہ سوچنا ہم پر واجب ہےکہ ہم اگر اپنے آپ کو بے بس سمجھتے ہیں اور زخموں سے چور چور وادی کو کشمیریوں کا معاملہ سمجھ کر سکون سے بیٹھے رہتے ہیں تو کشمیریوں کی عزتوں،جانوں،مالوں کی حفاظت کس پر قرض ہے۔



































