
ندااسلام
بےشک رمضان المبارک اپنی تمام رحمتوں،برکتوں کےساتھ جلوہ گرہےمگر اس سےمستفید ہوناہر فرد کا اپنا کام ہے.اس سے صحیح معنوں میں
وہی فرد فیض یاب ہو سکتا ہےجو نیکی کے درست تصورسے آشنا ہو.
نیکی کا مطلب محض عبادات کو ظاہری شکل میں ادا کردینا اوربھوکا پیاسارہنا نہیں نہ ہی یہ نیکی اللہ کو مطلوب ہے۔ اللہ کو اچھا عمل پسند ہے۔ اللہ نیتیں دیکھتا ہے۔ اس کے ترازو میں نیکی کی ظاہری شکل کی کوئی وقعت نہیں۔ بندگی کے مفہوم پرپورا اترنا اسی وقت ممکن ہےجب ہم نیکی کی روح کو سمجھتے ہوئے نیکی کریں گے۔
آپ نیکی کرناچاہتےہیں اورکرتے بھی ہیں مگربدلے کی امید کے ساتھ تو یہ نیکی نہیں...آپ اذکار کر کے اجر سمیٹنے کے متمنی ہیں مگر سخت کلامی یا سرد مہری میں بھی سرتا پا ڈوبےہوئے ہیں۔ آپ کی بد کلامی کے ڈرسے لوگ آپ سے بات کرنےسےگھبراتے ہیں یا آپ کی اسی عادت کی وجہ سےآپ سے کنارہ کرلیتے ہیں۔ بقدر ضرورت بات بھی نہیں کہہ پاتےتو سردست، آپ تسبیحات کی کتنی بھی تعداد پوری کر لیں ۔ نوافل جتنے بھی پڑھ لیں مگر بندگی کےمفہوم کو آپ نہیں سمجھتے۔
ارے اللہ کے بندے تو اس کی مخلوق سے بہت محبت کیا کرتے ہیں۔رحم دل ہوتے ہیں۔ نرم دل اور شیریں زبان ہوتے ہیں۔ لوگ ان سے بھاگتے نہیں بلکہ ان سے بہت قریب ہوتے ہیں۔ کیوں نا ہم اس رمضان میں ایسی منصوبہ بندی کریں کہ اللہ کے قرب کومحسوس کریں۔ کیوں نا ہم اللہ کے بندوں سے ایثار، قربانی، محبت، درگزرسے پیش آئیں،اپنی بڑائی کے خمار میں دوسروں کے جذبات واحساسات پر چھری پھیرنے کے بجائے جذبات کااحترام کرنے کی روش پر گامزن ہو جائیں۔ کیوں نا لہجوں کی کرواہٹ کا روزے کےذریعےتزکیہ کردیں۔ کیوں نا ہم جہاں رہتے ہیں اورجن لوگوں سےہمارا واسطہ دن رات رہتا ہے خواہ وہ رحم کے رشتے ہوں یا مصاہرت کے،ہمسائے ہوں یا مسافرساتھی ہوں... ان کو نظر انداز کرنا چھوڑ دیں۔ان سے محبت کرنا شروع کر دیں۔ نفس کے شر سے بچنے کی دعا مانگتے رہیں۔ نیکیوں کے اس موسم کو عنیمت سمجھیے اور اپنی بری عادات کا تزکیہ کیجیے۔ اچھے اطوار کو اپنی شخصیت کا مستقل حصہ بنا لیجیے۔ان شاءاللہ جسمانی عبادات کرنے کی توفیق بھی زیادہ ملے گی اور قبولیت کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے.
اگر نیکیوں کا اجراس مہینے میں بڑھا دیا جاتا ہےتو بندوں کی حق تلفی، ایذا رسانی کو اللہ نظرانداز کر کے آپ کی نیکیوں کو کیسے قبول کرسکتا ہے۔ آئیے رمضان میں نیکی کی ظاہری شکلوں سےبچتےہوئے حقیقی نیکیوں سےاپنا دامن بھر لیں۔



































