
سنیہ عمران / بہاول پور
موت ایک اٹل حقیقت ہے ۔کسی بھی نفس کو بقا نہی ہمیشہ رہ جانے والی ذات صرف اللہ رب العزت کی ہے۔
کیسے موت اتنے پیاروں کو منٹوں میں لقمہ اجل بنا دیتی ہے ،انسان بے بسی سے دیکھتا ہی رہ جاتا ہے ۔کاش جانے والوں کا کوئی اشارہ مل سکتا تو انسان ان سے ایک آخری ملاقات ہی کر لیتا پر رب کریم نے یہ مخفی رکھ کر ہمیں اس کی ہر وقت تیاری کا حکم دیا ہے ۔
عید ا لا ضحیٰ اس بارغم میں ڈوبی ہوگی ،گمان تک نہ تھا صبح 3 بجے بھائی کی کال بنا اٹھائے ہی دل نے بتا دیا خبر کوئی اچھی نہیں ، اس وقت آنے والی کال کب خیر کی خبر لاتی ہے ۔خدشے کی تصدیق امجد بھائی کے انتقال کی خبر نے کر دی ۔کچھ لمحوں کے لیے تو کچھ سمجھ نہی آئی پھر دعا پڑھی ۔
انا للہ و انا الیہ را جعون
ابھی 6 ماہ پہلے ہی ان کے چھوٹے بھائی کہ انتقال پرغائبانہ نمازے جنازہ پر ان سےملاقات ہوئی تھی، خبر نہ تھی کہ اگلی نماز جنازہ ان کی ہے اور یہ ان سے آخری ملاقات ہے ،وہی منظر آنکھوں میں جم سا گیا ۔مجھے اتنے پیاروں کے یکے بعد دیگرے جانے پر محسوس ہونے لگا ہے کہ جانے والوں سے زیادہ پیچھے رہ جانے والے زندہ قبر میں اتر جاتے ہیں، ان کی زندگی زیادہ مشکل ہو جاتی ہے ۔
ہمیشہ مجھے ان سے شفقت اور پیار ملا مجھے شیزان کی بوتل بہت پسند تھی اور یہ بات وہ ہمیشہ یاد رکھتے تھے جاتے ہی فریج سے ٹھنڈی بوتل ملتی تھی تو بہت چھوٹی سی بات پر محسوس کریں تو بڑی بھی بہت ہے ۔تھوڑے سنجیدہ مزاج اور نیک انسان تھے۔ اللہ تعالی ہماری نیک گواہیوں کو ان کے حق میں قبول فرمائے۔ ان کے درجات بلند کرے ۔ان کی مغفرت فرمائے اور ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے ۔آمین ثمہ آمین
اللہ تعالی بچوں کو بھابھی کو صبرجمیل عطا فرمائے ان کی اولاد کوان کےلیےصدقہ جاریہ بنائےاس کڑی آزمائش میں ان کے لیے کافی ہو جائے اس کے بدلے ان کو بہترین اجر سے نوازے۔ آمین ثمہ آمین ۔
یہ مقام بڑا کڑا ہے اور جو گزرتا ہے وہی محسوس کر سکتا ہے ۔باپ اور شوہرتو گھنا درخت ہوتا ہے ۔سردو گرم سے بچانے والا اس کا نعم البدل کوئی رشتہ نہیں۔ اس جدائی پرالفاظ ہی نہیں کہ کیسے کہیں ،کیا کہیں ،کبھی کبھی الفاظ بے معنی ہو جاتے ہیں ۔وہ قرب کی اس کیفیت کو بیان ہی نہیں کر سکتے ۔
تحسین آپ کا دکھ بے شک بڑا ہے ،یہ جو پردیس ہے نا بڑی ظالم چیز ہےاورروزی روٹی کا چکر انسان سے بڑی قربانی مانگتا ہے۔ یہ تو جو پر دیس میں ہوتا ہے اس کے علاوہ کون سمجھ سکتا ہے، اس کی مجبوری کو بہت پیاروں سے محروم کر دیتا ہے۔ آپ کا دکھ بہت بڑا سہی پر اب آپ نے ہمت نہیں ہارنی حوصلہ بلند رکھنا ہے اور باقی سب کا حوصلہ بھی آپ ہو اللہ تعالی آپ کی بہترین مدد فر مائے ،آمین ۔
پاشی باجی آپ کا غم بھی بہت بڑا ہے پہلے آپ پاکستان تھیں تو لاڈلا بھائی مدینہ کی آغوش میں سما گیا ۔اب مقدس فرض کی ادائیگی کی غرض سے مکہ مکرمہ میں ہیں تو جان سے پیارا بھائی اپنی دائمی جدائی دے گیا ۔اللہ تعالی آپ کو سکینت دے صبر دے اور اس آزمائش کے بدلے بہترین نعم البدل دے ،اتنے قلیل عرصے میں دنوں کی جدائی اللہ کا حکم ہے اور اس کی رضا و حکمت کے آگے بندہ بے بس ہے،ابھی سر زمین پہ قدم رکھتے ہی بھائی موجود نہیں ہوگا ،اس چیز کو برداشت کرنے کا بھی۔ اللہ کریم حوصلہ دے اجر دے آمین ثمہ آمین ۔



































