
نیلم حمید
صبح کا وقت تھا سورج کی کرنیں شہر کی عمارتوں پر پڑ رہی تھیں ،عبداللہ باہر اپنے دادا جان کا ہاتھ تھامے چہل قدمی کر رہا تھا ۔ عبداللہ نے اپنے چاروں ا
طراف نظر دوڑائی تو اس کا دل بہت افسردہ ہو گیا، عبداللہ نے اپنے دادا جان سے پوچھا کہ کیا آپ کے زمانے میں بھی ہمارے شہر کی یہی حالت زار ہوا کرتی تھی ،تو دادا جان نے گہری سانس لی اور عبداللہ کے سر پر ہاتھ رکھتے ہوئے بولے کہ نہیں بیٹا پہلے ایسا نہیں تھا ۔
پہلے شہر کی مثال اس دیے کی مانند تھی جو خود جل کر دوسروں کو روشنی فراہم کرتا تھا ۔ کبھی یہ شہر کراچی روشنیوں ، نظم و ضبط اور ترقی کی امیدوں کا شہر سمجھا جاتا تھا۔ کشادہ سڑکیں ، صاف ستھرے راستے ، رواں دواں ٹریفک اور خوبصورت ماحول شہری زندگی کی پہچان سمجھے جاتے تھے ۔ لوگ اپنے شہر پر فخر کرتے تھے اور محبت سے قائد اعظم کا شہر کہتے تھے۔
کراچی صرف ایک شہر کا نام نہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کے خوابوں، امیدوں کی محنت اور یادوں کا مسکن ہے۔ یہ وہ شہر ہے جہاں ہر صبح ہی امید کے ساتھ زندگی چلتی ہے مگر آج ہم سڑک شہر کی سڑک پر قدم رکھتے ہیں تو منظر بدل جاتا ہے۔ دل میں ایک سوال ضرور اٹھتا ہے کہ کیا یہی ہمارے قائد کا شہر تھا۔ آ بادی میں بے پناہ اضافے اور بدانتظامی، نظام کی کمزوری کے باعث کراچی مسلسل مختلف بحرانوں کا شکار ہوتا جا رہا ہے ۔ صفائی کا نا قص انتظام ، ٹوٹ پھوٹ ، انفرااسٹرکچر کی تباہ حالی ، خستہ حال سڑکیں اور بنیادی شہری سہولتوں کی کمی ہے۔
کراچی کے اہم سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں بیچارے شہریوں کا پیدل چلنا محال ہے ۔ بیچارے ہمارے بڑے بوڑھے صحیح سے سڑک بھی نہیں پار کر پاتے کہیں گندگی کے ڈھیر ہیں، کہیں ٹریفک کا بے ہنگم شور اور طویل قطار زندگی کو مشکل بنا دیتی ہیں۔ گاڑیاں ایک دوسرے کے راستے میں کھڑی ہیں، ٹریفک جام ہونا معمول بن چکا ہے ۔ شہری اپنی منزل تک پہنچنے کے لیے گھنٹوں پریشان رہتے ہیں، اگر بارش ہو تو پانی بھی سڑکوں پر جمع ہو جاتا ہے ۔گلی محلوں میں بارش کا پانی کئی کئی دن جمع رہتا ہے اور گزرنا محال ہو جاتا ہے۔ صاف ستھری اور کشادہ سڑکوں کا خواب جیسے دھندلا سا گیا ہے۔
دادا جان نے عبداللہ کو بتایا کہ پاکستان بنانے والوں کا خواب ایک ایسے ملک کا تھا ،جہاں نظم وضبط، صفائی ، قانون کی پاسداری اور شہریوں کی فلاح کو اہمیت حاصل ہو۔ قائداعظم نے ایک منظم ترقی یافتہ اور با اصول پاکستان کا خواب دیکھا تھا۔ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے شہر کو نظم وضبط ، صفائی اور ذمہ داری کو مثال بنائیں بلکہ اسے سنوارنے کی ذمہ داری کو محسوس کریں کیونکہ یہ ہمارا شہر ہے اور آنے والی نسلیں ہم سے ضرور پوچھیں گی کہ یہ شہر جو ہمیں ورثے میں ملا تھا، ہم نے اسے بنا کر چھوڑدیا تھا اور شاید یہی سوال ہمارے دل میں بھی گونجتا ہے کہ یہی ہمارے قائد اعظم کا خواب تھا ۔ خوبصورت شہر بڑی عمارتوں سے نہیں بنتا بلکہ صاف سڑکیں ، ٹریفک کا نظام ، مناسب نکاسی آب ، شجرکاری یہ سب ذمہ دار شہریوں سے بنتا ہے۔
عبداللہ اپنے دادا جان کی باتوں کو غور سے سنتا رہا پھر وہ کچھ دیر سوچتا رہا پھر اس کی آنکھوں میں امید کی چمک آگئی ۔عبداللہ نے اپنے دادا جان سے کہا کہ ہم اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر محلے میں صفائی کا شعور اجاگر کریں گے کیونکہ یہ شہر حکومت کا نہیں بلکہ ہمارا بھی ہے ۔
دادا جان مسکرائے اور کہا کہ ہاں کیوں نہیں ،تبدیلی صرف حکومت کی نہیں ، اداروں کی بھی ذمہ داری ہے بلکہ شہری بھی اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں ۔
کچھ دنوں بعد اس گلی میں کچرا کم ہونے لگا ۔لوگوں نے پودے لگائے اور ٹریفک کے قوانین کی پابندی کا احساس پیدا ہوا۔ عبداللہ نے دور تک پھیلی سڑک کو دیکھا اور اس کی آنکھوں میں امید کی روشنی تھی۔ اس نے دل میں کہا کہ خوبصورت شہر کا خواب صرف خواب نہیں بلکہ ایک ذمہ داری ہے ۔ اگر ہم اپنے حصے کا چراغ روشن کریں تو ہمارا شہر روشنی سے جگمگا سکتا ہے ۔ میرا شہر میری پہچان ہے میری شان ہے ۔ عبداللہ نے اپنے سب دوستوں سے کہا کہ آؤ ہم سب مل کر عہد کریں کہ اپنے شہر کراچی کو سنواریں تو واقعی میں ہمارا شہر جنت بن سکتا ہے ۔
عبداللہ نے دعا کی کہ اے اللہ ! میرے شہر کراچی کو امن٫ صفائی , خوشحالی اور ترقی عطا فرما تاکہ آنے والی نسلیں فخر سے کہہ سکیں کہ یہ ہے میرا شہر کراچی " میرا شہر میری جنت"۔


































