
نصرت اسحاق
انسان دو چیزوں کا مرکب ہے جسم اورروح ۔۔۔۔ جسم کی غذا جوہم دن کے مختلف اوقات میں اپنی جسمانی ضرورت کے مطابق لیے ہیں اور اس میں ہم
غذاٸیت کا بھی بھرپور خیال رکھتے ہیں اور رکھنا بھی چاہیےتاکہ ہماراجسم صحت مند و توانا رہے اورہم اپنے معمولات زندگی بجاطور پرادا کرسکیں۔ اس کے علاوہ بھی ہم لذت دہن کا بھی پورا خیال رکھتے ہیں اس کے لیے ہم مزیدارپھل میٹھی غذائیں اور دیگر مشروبات سے بھی فیضیاب ہوتے ہیں ۔
یہ تو ہوٸی جسم کی غذا کی بات ۔اس کے بعد زندگی کی علامت کا بہت اہم جزوجس کےبغیرحیات انسانی کی نفی ہوتی ہے،وہ روح ہے جب روح اتنی اہم ہےاوراپنا غیر مرٸی یقینی وجود رکھتی ہے تو پھر اس کی غذااور بقا کیا ہے جوکہ یقیناً ہےاور ہونی چاہیے اس کے بارے میں ہم کتنا جانتے ہیں اوراس کا کتنا خیال رکھتے ہیں ۔
روح اللّہ کا امر ہے اللّہ کا اذن اللّہ کا حکم ہے۔ اللّہ کی مرضی ہےجوکہ ہر ذی نفس میں زندگی کی ضمانت بنا کرپھونکی گٸ ہے، لہٰذا جو چیز خاص اللّہ کے پاس سےآٸی ہےاس کی غذا اور بقا بھی بہت اعلیٰ پائے اور درجے کی ہے یعنی قرآن و سنّتﷺ ۔
اس کے بغیر جسم تو توانا رہ سکتا ہے جبکہ روح ہرگز نہیں بلکہ روح اس کمی کوتاہی کی وجہ سےکمزور لاغر اور بیمار رہے گی کیونکہ اس کی غذا قرآن وسنت کے احکام کی بجا آوری ہے کہ بندہ اپنا بہترین وقت اپنی بہترین صلاحيت اللّہ اور اس کے رسولﷺ کی فرمانبرداری کے داٸرے میں رہتے ہوۓ اپنی پوری زندگی کا لاٸحہ عمل اس طرح ترتیب دے کہ دن اوررات کا بیشتر حصہ اللّہ کی عبادت و ریاضت میں صرف ہو اور نبیﷺکی سنت وسیرت کی پیروی زندگی کے ہرعمل میں مطمع نظر رہے کیونکہ صرف یہ ہی چیز روحانی زندگی کی بقا بالیدگی اور نشوونما کا ذریعہ ہے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ معمولات زندگی میں فراٸض کی بہترین بجا آوری کےبعد نوافل صدقہ خیرات ، تسبیح واذکار ، اور قرآن وسنت کے مطابق درس وتدریس کی محفل ومجالس کا انعقاد واہتمام کیا جائے ،۔یہ تمام چیزیں روح کا غسل ہیں اس کا تزکیہ ہیں اسکی غذا ہیں بلکہ یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ ان تمام کاموں میں اپنا وقت اپنا مال اور اپنی بہترین صلاحيت لگانا گویا ایسا کہ جیسے روح میں نٸی روح پھونک دی جاۓ۔ ان شاء اللہ
ہر گزرتے دن کی مہلت جو ہمیں اللّہ کریم صحت وسلامتی اورخیروعافیت سےعطا کیے ہوئے ہے الحَمْدُ ِلله اسکا مقصد اور غرض دراصل یہی ہے کہ پم ہر لمحے کو خام مال کی طرح استعمال کر کےجنت کے وارثین میں اپنا مقام بنانے کی سعی میں مصروف عمل رہیں۔ ان شاء اللہ۔ ورنہ یہ عمر بھر کا سفر راٸیگاں ہی ہے۔
قصہ مختصر اپنی روح کا سودا دناوی غفلت میں کسی بھی دنیاوی چیز کی قیمت پہ کرنا سراسر خسارے کا سودا ہے کیونکہ یہ وہ واحد چیز ھے جو انسان دنیا میں لیکر آیاہے اور اسی کو واپس لیکر جانا ہے ۔



































