
مسرت جبیں/ لاہور
سورة يس
سورۃ 36،آیت نمبر 12)۔
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم
اِنَّا نَحۡنُ نُحۡیِ الۡمَوۡتٰی وَ نَکۡتُبُ مَا قَدَّمُوۡا وَ اٰثَارَہُمۡ ؕ ؑ وَ کُلَّ شَیۡءٍ اَحۡصَیۡنٰہُ فِیۡۤ اِمَامٍ مُّبِیۡنٍ ﴿۱۲﴾
ہم یقینا ایک روزمردوں کوزندہ کرنے والے ہیں جو کچھ افعال انہوں نے کئےہیں وہ سب ہم لکھتےجا رہے ہیں اورجو کچھ آثار انہوں نے پیچھے چھوڑے ہیں وہ بھی ہم ثبت کر رہے ہیں ۔ہرچیز کو ہم نے ایک کھلی کتاب میں درج کررکھا ہے۔
یہ آیت انسان کے لیے بہت زیادہ لمحہ فکریہ ہے ۔اس آیت کو ہمیشہ ہمارے مدنظررہنا چاہیے۔ بےشک ہم ہی زندہ کرتے ہیں ۔متکلم کا صیغہ تین بار استعمال کیا گیا ۔کہ اے حضرت انسان تو ہرحال میں بےبس ہے۔ہرحال میں اپنے رب کے دائرے اختیار میں موت کے بعد بھی ۔قبروں سے ذرا ذرا اکٹھا کرنےکا اختیار قوت طاقت صرف اللّٰہ رب عالم کو ہے ۔
مردہ اجسام کوزندگی دوبارہ دینا صرف رب کائنات کے دائرے اختیارمیں ہے ۔انسان کی موت بھی عارضی ہے ۔اس موت کے بعد ابدی زندگی کاآغازہے ۔ہمیشہ ہمیشہ کی زندگی جس کی نوعیت اس آیت میں کتنی باریک بینی سےبیان ہوئی ہے۔
انسانی زندگی کے مختلف مراحل ہیں ۔عالم ارواح ، باپ کی پشت ،ماں کا پیٹ زمین کی پشت ، زمین کا پیٹ اور میدان محشر ۔
انسانی جسم دو اجزاء کا مرکب ہے ۔روح اورجسم ۔روح رب کا حکم اور جسم مٹی سے تخلیق کیا گیا ۔موت کے وقت دونوں الگ الگ ہوجاتے ہیں جیسے زندگی سے پہلے تھے ۔ روح رب کا حکم رب کے پاس لوٹ جاتی ہے۔عالم برزخ میں اورعالم برزخ کے دو ہی ٹھکانے ہیں ۔علیین نیک ارواح کی عارضی ٹھکانہ جہاں اللّٰہ رب رحیم کی رحمت برستی ہے اورصبح وشام مومن بندوں کو ان کاجنتی ٹھکانےدیکھائے جاتےہیں۔
دوسراسجین "استغفر اللہ "
جہاں کافر وفاجر کی ارواح کا عارضی ٹھکانہ ہے۔ ان کے سامنے صبح وشام جہنم پیش کی جاتی ہے ۔ جسم مٹی کی امانت مٹی کو سونپ دی جاتی ہےاور قبر کی مٹی انسان کا کچھ بھی باقی نہیں چھوڑتی سوائے ریڑھ کی ہڈی کا آخری مہرہ ۔" ڈین " روز محشر تک انسانی اعضاء مٹی مٹی ہوچکے ہوں گے۔ روزمحشراللّٰہ کے حکم سے تمام انسانوں کو اپنی اپنی قبروں سےاٹھا کھڑا کیا جائےگا۔ سبحان اللہ اللّٰہ کبریائی والے کی کبریائی کا کیا شاندار نظارہ ہوگا ۔سب اعضاء مٹی ہوچکے ۔ایک ایک قبرسےسترستر مردے اُٹھائے جائیں گے ۔ مگر میرے رب عظیم کا ایک ،کن، تمام انسانوں کے اجزاء کو اکٹھا کر کے پورے پورے انسان بنا کراپنے سامنے جوابدہی کے لیے کھڑا کرلےگا۔
ہائے اس وقت کتنا کڑا وقت ہوگا ۔ کتنی بڑی گھڑی ہوگی، کیسا مشکل ترین امتحان ہوگا۔ تن تنہا۔کوئی اپنا نہیں کوئی رشتہ ناطہ نہیں۔کوئی سفارش نہیں۔خالی ہاتھ کوئی فدیہ قبول نہیں، زمین بھر سونا بھی نہیں ؟
کتنا قوت طاقت والا کتنے اختیار والا ہے رب عزوجل ہرہرانسان اپنے اجزاء ترکیبی کے ساتھ اٹھ کھڑا ہوگااور صرف اپنے وجود کے ساتھ ہی نہیں ،اس کی گردن میں اس کانامہ اعمال بھی لٹکا ہو گا۔ایک ایک عمل اورعظمت والے رب عظمت کا ظہور کہ صرف اعمال ہی گردن میں نہیں لٹک رہےہوں گےبلکہ ہر ہر انسان کے ہرہرعمل کی نیت اور ارادے بھی ساتھ ہی نتھی ہوں گے۔
ہائے انسان تیری کیا حالت ہوگی اورکیا ہی اب تیری بے باکی ،بے فکری۔لاپروائی،کیسی غفلت کہ جلد یہ وقت یہ حالت تجھے دیکھنی ہے ۔ یہ وقت آنے والا ہے ۔
اور یہ منظرتو اور بھی لرزا دے کہ انسان اپنی قبروں میں بےبس پڑا ہے۔مہلت عمل ختم ہوئی ۔ دفتر عمل بند ہوچکا۔ وہ اعمال جو آگے بھیج چکا اس کا صلہ تو نیک وبد پا چکا ۔ جو جو عمل صالح جو جو اپنی آخرت کے لیے نارجہنم تیار کرلی ۔استغفر اللہ ۔ کھلی آنکھوں سے دیکھ چکا مگر دوسری صورت حال تو بہت ہی عبرت ناک ہے کہ وہ آثار ۔ اثرات وہ نقوش جو پیچھے چھوڑ گیا تھا ۔جیسی اپنی اولاد کی اپنےشاگردوں کی اپنے پیاروں کی اور اپنے مکلفین کی تربیت کرگیا جو اپنےعمل سے نقوش رقم کرگیا ۔
جو عمل صالح کی خوشبو چھوڑ گیا کہ کانٹے بو دئیے۔بہت روح کو تڑپا دینے والی آیت مبارکہ ہے ۔ کلیجہ منہ کو آ جاتا ہے ۔ انسان کا ہرنیک وبد اعمال اپنے اثرات رکھتے ہیں ۔ اس کے دنیا سے رخصت کے بعد وہ اعمال جیسے جیسے جتنے جتنے جس جس پر جہاں جہاں اور جب تک اثر انداز ہو ں گے۔ اتنا اتنا ہی اس کو اپنی قبروں میں جزا وسزا کے مراحل سے گزرنا ہے، خود تو انسان اپنی قبرمیں بے بس پڑا ہے ۔ بظاھر مہلت عمل بھی رک گئی مگر نہیں اتنا اتنا ہی نیکیوں کا گراف بڑھ رہا ہے۔ اتنا اتنا ہی نیکیوں کا گراف گھٹ رہا ہے اور برائیوں کا پلڑا بھاری ہوتا جاتا ہے ۔
کتنی بے بسی سی بےبسی ہے۔مقام شکر ہے کہ ہمارے پاس ابھی مہلت عمل باقی ہے ۔ہم کیا آگے بھیج رہےہیں اور کیا پیچھے اثرات چھوڑے جا رہے ہیں ۔کچھ تو ایسا بیج بو جائے کوئی تو ایسا شجر لگا جائیں جس کی ٹھنڈی چھاؤں میں کسی نیکی کی خوشبو ہمارے بعد بھی مہکتی رہے۔ ہمارے بعد ہماری نسلیں ۔اہل زمین مستفید ہوں مستفیض ہوں کہ ہم قبروں میں اس کی راحتیں محسوس کریں کہ ہماری نیکیوں کا گراف مسلسل بڑھتا رہےسوچنا ہے۔کل نہیں آج ۔۔آج نہیں ابھی کیونکہ میرا اللّٰہ ایک ایک عمل کو ہر ہر چیز کو ہر ہر معاملے کو ہر ہر نیت وارادے کو شمار کر رہا ہے وہ بھی ایسی کتاب میں جو مٹائی نہیں جاسکتی ۔ جو روز محشر قوت گویائی بھی رکھتی ہے ۔ جو ذرہ برابر بھی نہیں چھوڑے گی نہ چھپائے گی ۔ نہ بھولے گی ۔ ہائے کیسی کتاب ہے ؟ اے اللّٰہ حساب لینے والے حساب آسان لینا ۔ تو معاف کرنے والا ۔ تو غفور ورحیم ہے ۔ تجھ سے آس لگی ۔
یا اللّٰہ ہم دنیا و آخرت میں تیری پکڑسےڈرتے ہیں ۔ دنیا وآخرت میں تیری رحمت کے امیدوارہیں ۔ اے اللّٰہ ہمارے اعمال کے ساتھ ساتھ ہماری نیتوں کو بھی خالص بنا دے ۔عمل صالح کی توفیق اور برے اعمال سےبچالے ۔
وما توفیقی الا باللہ



































