
مسرت جبیں/ لاہور
چشم فلک نے کیا دل خراش مناظر دیکھے مگر نہ تو بھونچال آیا ۔نہ آسماں لرزہ نہ زمین شق ہوئی ۔غزہ کا نقشہ ہی بدل گیا۔ زندگی زندگی کو ڈھونڈنے
پرمجبور ہے۔ پوری بستی کھنڈربن چکی ۔اپنے ہی گھروں کے ملبے میں بچے والدین کی آغوش کو ترستے ہیں ۔لگتا ہے اب غزہ میں بچوں کے لاشوں کا بازارسجا ہے۔
انا للّٰہ وانا الیہ رجعون
ہائے پھول کلیاں بن کھلےمرجھا گئے۔ہائےیہ دیےبجھ گئے ۔ہائےیہ ستارے گم ہوگئے۔ ہائےیہ امیدوں کےچراغ بکھرگئے۔ہائےہمارے مستقبل کھو گئے اورہم سوئے رھ گئے ۔کب اٹھیں گے ۔ جب صور اسرافیل جگا دے ۔ ھائے تب خسارہ ہے خسارہ ۔یا اللّٰہ ہم بےبس یا اللّٰہ ہمارے ھاتھوں میں ہتھکڑیاں ۔ہم کمزور، بزدل ،نا کارہ،اپنے اپنے خول میں قیدی ۔
جغرافیائی فیصلیں بہت بلند بہت آسمان کی وسعتوں تک ۔ ہماری پہنچ سےدوربہت دورہماری بےبسی ہماری قید ہماری گرفتاری کی کہانیاں دیکھو تو آسمان کی سکرین پہ لکھی ہوئی ؟یہ قید شاہد نفس کی قید ہے ۔
ہم کس کے قیدی ہیں ؟ قبلہ اؤل بیت المقدس مقدس سر زمین ،انبیاء کرام علیہم السلام کا مسکن ۔ وہ متبرک اور عالی شان سر زمین جس پہ محبوب خدا خاتم النبیین صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے ایک لاکھ چوبیس ہزار انبیاء کرام کی امامت فرمائی ۔ وہ مقدس سر زمین جہاں پاکدامن بی بی مریم علیہا السلام نے اپنی زندگی کی سب سے مشکل ترین لمحات ،سب سے منفرد گھڑیاں ، سب سے کڑا امتحان بڑی آزمائش سے گزرتی ہیں ۔ ربوہ ، وادی اقصیٰ ، بیت اللحم سے ایلیا کا فاصلہ چار میل ہے ۔ یہی وہ شہر ہے جس میں اللّٰہ کے حکم سے حضرت موسیٰ نے شہر میں داخل ہونے کا حکم دیا تھا ۔
کیونکہ نہ مومن کا دل اس کی حرمت پہ تڑپ جائے کہ ایک صحابی نے رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم سے بیت المقدس کے بارے پوچھا تو آپ نے فرمایا یہ حشر ونشر کی سر زمین ہے ۔ یہاں آؤ اور نماز ادا کرو ۔ کہ اس مسجد میں ایک نماز دوسری مسجد میں ایک ہزار نماز ادا کرنے کے برابر ہے۔ ایک صحابی نے نے عرض کی اگر میرے اندر وھاں جانے کی استطاعت نہ ہو ؟
تو آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے فرمایا ۔ کم س کم تیل کا ہدیہ ہی بھیج دو ۔ وھاں چراغ میں کام آئے ۔ ابن ماجہ ۔
القدس اور اہل قدس کے لیے مسلمانوں کے جذبات وقتی جذبات نہیں ۔ ان سے اخوت کا رشتہ ہے ۔ ایک جسم کی مانند ایک عضو کو مبتلا درد ہو تو پورا بدن تکلیف میں تڑپ جائے ۔ اور پھر دنیا نے دیکھا ہے آج یہ منظر ، یہ تڑپ یہ جذبہ یہ اخوت یہ محبت ۔کیا ہوا 57ممالک کے حکمران غلامی کا طوق گلے میں لٹکائیں ۔ پاؤں میں اغیار کی محبت کی بیڑیاں ہوں ۔ یا دشمن اسلام کی دوستی کی آنکھوں پہ پٹی ، مردہ ضمیر دنیا کے کتے دنیا کے پجاری مت بھولیں کہ ان کا حشر بھی ان مغضوب قوم کے ساتھ ہے ۔
الحمدللہ چشم فلک نے دیکھا، زمین نے ان اللّٰہ کے شیروں کی دھمک محسوس کی ہے ۔ ابھی امت مسلمہ زندہ ہے۔ ابھی اخوت مسلم زندہ ہے۔مومن مومن کی ایک کرہ پہ کیسے تڑپ جاتا ہے ۔ کتنے بھی بے بس ہیں ۔ کتنے ہی مجبور ہیں ۔کس قدر کڑے پہرے ہیں جغرافیائی پہرے ؟ مگر جن کا ایمان زندہ ہے ۔ جن کو رسول اللہ کی محبت کا دعویٰ ہے ۔ انہوں نے اپنی سی پوری کوشش کر دیکھائی ہے ۔ بس اللّٰہ قبول فرمائے ۔
مگر جنگ ہوئی اور جنگ بندی بھی ۔ اب جنگ بندی کے بعد قدم رکنے نہیں ۔ اب وقت بیداری ہے ۔ اب جذبوں کو تازگی دینی ہے ۔ سوال پیدا ہوتا ہے کہ یہودی قوم بھی تو انسان ہیں ۔ اللّٰہ کے بندے ۔ اللّٰہ کی مخلوق ؟
پھر کیوں مغضوب ۔؟ کیوں لعنت زدہ ؟ کیوں ذلت ورسوائی ان کا مقدر؟ کیوں اللّٰہ کا قہران پہ ؟یہ وہ اصل سبق ہے جو ہمیں اپنی نسلوں میں منتقل کرنا ہے ۔ ہماری نسل نو ان کی پیروی میں ،ان کی دنیا عیش وعشرت کی دیوانی کیوں ؟
ابھی لوہا گرم ہے اب، ابھی اس سوال کا جواب نسل نو کی روح میں راسخُ کرنا ہوگا ۔
یہ وہی قومیں ہیں جن پہ اللّٰہ کی انعامات کی بارش تھی ۔ اللّٰہ رب رحیم نے خود قرآن مجید میں فرمایا کہ اے اولادِ یعقوب میری نعمتوں کو یاد کرو ۔ پھر فرمایا میں نے تم کو جہان والوں پہ فضیلت دی ۔ کیا انعام تھے ۔ اللّٰہ نے نبوت کا تاج مسلسل اس قوم کے سر پہ سجایا ۔دنیا میں وہ بادشاہت عطاء کی اس جیسی بادشاہت کسی کو نہ ملی ۔ چالیس سال تک بادل کا سایہ اس سر زمین میں ان کے سروں پہ کیا جہاں کوئی سایہ نہ تھا ۔ من و سلوی بنا مشقت کے دیا ۔
قوت طاقت ، اور ہنر دیا کہ اپنی انگلیوں سے پہاڑ تراش تراش کے مضبوط گھر بنائے ۔ لگاتار ہدایت کے لئے پیغمبر علیہم السلام اتارئے ۔کتب ہدایت عطاء کی ۔
بار بار توبہ قبول کی مگر پھر لعنتی کیونکہ ہوئے ۔ قرآن مجید ہی ہمیں خبر دیتاہے کہ اس قوم کا بڑا گناہ ناشکری تھا ۔ پیغمبر کو جھٹلانا ،قتل کرنا ۔کتاب ہدایت کو پس پشت ڈال دیا ۔ تحریف کر دی ۔ آیات کو ،،احکامات کو اپنی من مرضی سے بدل دیا ،،بیچ دیا ۔ اپنی خواہشات کی مطابق فیصلے کئے ۔ کتاب ہدایت کو بھول گئے ۔ یہ سب کیا اپنے انجام کو پہنچا دیئے گئے ۔ صحفہ ہستی سے مٹا دیئے گئے ۔ نام ونشان نہ رہے ۔ آہٹ بھی سنائی نہیں دیتی ان ہلاک شدہ بستوں کی ۔
مگر ان کی داستان قرآن مجید میں کیوں رقم کی گئی ۔ کیا یہ سب قصّہ کہانیاں تھیں آبا واجداد کی ۔ خدا کی قسم قرآن حکیم قصہ کہانیوں کے لیے نہیں نازل کیا گیا ۔ یہی بات ہے ۔ یہی اصل کہانی ہے جو ہمیں نسل نو کو بتانی ہے ۔ یہی بھولا ہوا سبق جو یاد دلانا ہے ۔ قرآن مجید کی اس آیت نے تو تڑپا ہی دیا ہے ۔
سورة القمر( سورۃ 45 ،آیت 43)۔
اَکُفَّارُکُمۡ خَیۡرٌ مِّنۡ اُولٰٓئِکُمۡ اَمۡ لَکُمۡ بَرَآءَۃٌ فِی الزُّبُرِ ﴿ۚ۴۳﴾
کیا تمہارے کفار کچھ ان لوگوں سےبہتر ہیں 23؟ یا آسمانی کتابوں میں تمہارے لیے کوئی معافی لکھی ہوئی ہے؟
تو اب جاگ جاؤ, یہ صوراسرافیل سےپہلے صدائے ربانی ہے،لمحہ فکریہ ہے کہ اگراللّٰہ اپنے ان "یہودی بندوں "کو ناشکری کی سزا دےسکتا ہے ۔سزا بھی کیا کیا ۔طوفان نوح نے روئے زمین پر کوئی چلتا پھرتا نہ چھوڑا۔ تندوتیز آندھی نے جڑوں سے اکھاڑ پھینکا ۔
شدت کے زلزلے نے ان کی چھتوں کو ان کی قبریں بنا ڈالی ۔زمین سے اکھاڑ کرآسمان تک لے جا کر پٹخ دیا۔ دریا کتنے فرعونوں کونگل گیا۔ لہوولعب میں ڈوبےدنیا کی عیش وعشرت میں مست خواہشات کےغلام میڈیا وار کا شکار کرکٹ کے متوالوں کواب خواب غفلت سےجگادو ۔ اب نہیں توکب ؟اور اب نہیں تو پھر کبھی نہیں ؟ ایک ہی سوال ہےکہ یہودی و نصاریٰ جیسے اعمال کہیں ہمارے تو نہیں ؟خود احتسابی اب دیانتداری سے۔
حقیقت تو یہ ہےکہ ہائےمارے گئے یہ سارے ہی اعمال سؤموجود ہیں ۔ اب بھی لیکن تم خوش نصیب ہو، تم مومن ہو، تمہارے لےرب رحیم رب کریم رب غفور کی رحمت منتظرہے۔ ابھی درتوبہ کھلا ہے ۔ ابھی مہلت عمل باقی ہے۔ اب بھی خود کو اوراپنی نسلوں کوبچا لیں۔ ہمیں ہی دنیا کی امامت سنبھالنی ہے۔ہمیں ہی قبلہ اؤل کی حفاظت کرنی ہے۔بیت المقدس کو آزاد کروانا ہےمگر کیسے ؟
اللّٰہ کی نعمتوں پرہرپل ہرحال میں تشکر۔ تشکر کو اپنی عادت بنا لو، دیکھو تو ان معصوم پھولوں کےدل خراش ٹکڑے اورپہاڑوں سےمضبوط عزم ۔ یہ پہاڑعزم کیسے جنم لیتے ہیں۔ یہ شیردل مجاہد کیسے بنتے ہیں۔ یہ کھنڈرات پر بیٹھ کر سکون سےکیسے تلاوت قرآن کرتے ہیں ۔ یہ پیاروں کے لاشوں پہ کیسے سجدہ شکربجا لاتے ہیں ۔ یہ کیسے طوفانوں کے رخ موڑ دیتے ہیں ۔
کیسے ہوتے ہیں یہ انسان ؟
سنو!
فلسطینی بہن کا کہنا ہے کہ فلسطینی زیادہ ترحافظ قرآن ہوتے ہیں ۔عربی ان کی زبان ہے۔اس لیے ان کو ترجمہ کی ضرورت نہیں ہمیں ہے ،،قرآن ان کی رگوں میں دوڑتا ہے اور یہاں کا کوئی مجاہد ایسا نہیں جو حافظ قرآن نہ ہو ۔ان کے لیے قرآن سے بڑھ کر کچھ نہیں یہ دنیا اور مافیہا ایک حقیر چیز ہے وہ اپنی منزل جنت کی طرف دوڑتا ہے ۔ شہادت ان کی اصل منزل ہے ۔
جب تک وھن کی بیماری دل کے نہاں خانوں سے ختم نہیں ہوتی ۔ یہ جذبہ جہاد پیدا نہیں ہوسکتا ۔ماں کہتی ہے ہم نے ان کو قرآن پڑھا دیا ہے ۔قران نے خود ہی ان کی تربیت کر دی ہے ۔
تو آئیے ہم بھی نور ایمان نور قرآن سے اپنی نسلوں کو مزین کریں ۔ کہ روز محشر امتی ہونے کا حق ادا ہوسکے ۔آمین ۔ یاد رکھیں قرآن کو چھوڑ کر کامیابی عبث ہے ۔ فضا بدر فضا قرآن کی مرہون منت ہے ۔



































