
مسرت جبیں/ لاہور
تخلیق کائنات سےشمس وقمر اپنے رب کومان کر رب کی مان رہے ہیں ۔ ذرا برابر لحظہ برابر نافرمانی نہیں ۔
شب وروزموسموں کا تخیر وتبدل سب اسی کے حکم کےغلام ۔ کس کی مجال حدود کو پار کرے ۔عظیم رب کی عظمت کہ سب ازل سے اس کے تابع ۔ ہے کوئی کمال والا جو اس کے قانون میں دخل اندازی کرے ۔
ہے کوئی موجدجوگزرتےلمحوں کوواپس لا دے۔ کوئی محوربدل دے۔کوئی شب کو دن میں لا کھڑا کرے ۔ کوئی دن کو رات کرے۔ وجود کائنات سے اب تک کہ وقت ہی شمار کر سکے۔زمین وآسمان میں کوئی رخنہ ہی نکال لائے۔کوئی محبوب تارے ہی زمین پر اتار لایا ہے تو پیش کرو نا ۔زمین کی گردش روک سکو تو بتاؤ ۔وقت کو منجمد کرنے کا کوئی فارمولا ہی تلاش کریں نا ۔سمندروں کی روانی پہ بند باندھ لو نا ۔چلو لہروں کی گنتی ہی کر لیں ۔
سات آسمانوں کے پرت کھول کر دیکھ لیا۔زمین کےپاتال میں اترکر گہرائیوں کی گہرائی جانچنےکےآلات ایجاد کرنےکا کس کا دعویٰ ہے ۔زندگی کہاں سے آتی ہے موت کہاں لے جاتی ہے۔رازوں سے پردے اٹھاسکے ۔
ہرسال گزرتےسال کو کہاں ؟ کیسے گم ہوتے دیکھا ہے۔وہ جو تیرے میرے پیارے تھے سب کہاں کس حال میں کوئی خبر؟چلو بیتی صدیاں تو بہت دور کی داستان ہے ، کل تیرے میرے ساتھ ہمارے اپنے پیاروں کے ساتھ اپنے دشمنوں کے ساتھ کیا ہوگا ۔ کیا ہونے والا ہے؟کوئی توکیمرا کوئی ایپ کوئی سائنسی ٹیکنالوجی تیارہوسکتی جو مستقبل کے پردے چاک کرسکے ۔
نہیں ، نہیں ، کچھ خبر نہیں ۔ کوئی وسیلہ نہیں ،کوئی اختیار نہیں ۔کوئی مجال نہیں ۔ کوئی دعویٰ نہیں۔کوئی قوت کوئی طاقت نہیں۔سب ناکام اس کےسامنے۔ سب بے بس ۔سب لاچار۔اک ذرہ برابر بھی زور نہیں۔بےبسی سی بے بسی ہے ۔
آؤ اب گزرتے لمحوں کو گواہ بنا کرماہ وسال ۔ گردش ایام ، روز وشب ،شمس وقمر ،کائنات کے خالق کے حضوراعتراف عاجزی کریں ۔ سب اسی کا مالک ومختار ۔وہی رب العالمین ہے اسی کو زیب ہے ۔ اسی کےسامنے سجدہ ریزہوجائیں ۔اسی کو رب مان کر اسی کی مان لیں ۔ازل سے آج تک ، آج بھی وہی میرا آپ کا رب ہے ۔آج سے ابد تک ۔وہی رب ہے میرا آپ کا۔سب وقت ۔سب زمانے۔سب رشتے زوال والے تو اس حقیقت کو مان لیں کہ اصل لا زوال ہے۔
لا فانی ہے تو آؤ اپنا رشتہ لا زوال سے جوڑ لیں کہ لا زوال رشتے کو بھی لازوال بنانے پہ قدرت ہے۔فانی دنیا کی فانی محبت کےسحر کو توڑ کر لافانی کاہو جا ۔ اگر ان تمام دعوے کوپوراکرنےسےعاجز ہیں۔تو پھر جو ان سب پہ قادرہے۔اسی کا ہونا لازم ہے ۔ اوقات ہی کیا میری تیری۔ایک قطرہ حقیرابتدا اور مٹی کا ڈھیر انتہا۔نئے سال تجدید ایمان کریں، تجدید وفا کریں ۔ایمان کی سلامتی ، امت مسلمہ کی اتحاد ، استقامت ، کامیابیوں اور خاص کر فلسطین کشمیر کی فتح ونصرت کی دعا کے ساتھ نیا سال مبارک ہو ۔



































