
سورة يس( سورۃ نمبر 36،آیت 17)۔
مسرت جبیں /لاہور
وَ مَا عَلَیۡنَاۤ اِلَّا الۡبَلٰغُ الۡمُبِیۡنُ ﴿۱۷
اور ہمارے ذمہ تو صرف واضح طور پر پہنچا دینا ہے ۔
اور اسی طرح سورۃ نور میں فرمان باری تعالیٰ ہے ۔
وماعلی الرسول الا البلغ المبین
اورنہیں ہے رسول کےذمہ مگر واضح پہنچا دینا
یہ آیات تخلیق آدم کا مقصود و منشاء ہے بلکہ وجود کائنات ہی اس کےلیےہے۔ تمام مخلوقات میں اشرف المخلوقات کا تاج اسی منصب کا اعلان ہے۔ مسجود ملائکہ ہونایہ اعزازبھی خلیفہ فی الارض اس بات کا متقاضی ہےکہ اللّٰہ کاپیغام اللّٰہ کےبندوں تک۔علم کی عظیم نعمت سے نوازا گیا اور علم کا مقصود ہی تقسیم کرنا۔ دوسروں تک منتقل کرنا ہے ۔
اللّٰہ حکیم وعلیم نےاس خاص اورعظیم منصب پرمحبوب خدامحمدعربی صلی اللّٰہ علیہ وسلم اورایک لاکھ چوبیس ہزارپیغمبرمبعوث فرمائےاورپیغمبروں کی حیات مبارکہ اس مقصد کی تکمیل میں ہی بسرہوئیں ہیں۔ہرپیغمبراپنےاپنےوقت میں مخصوص علاقےمیں مبعوث فرمائےگئےمگر میرے آقاکا منصب سب سے جدا اور اعلیٰ وارفع ہے۔ تمام پیغمبروں کے منصب ومرتبے میں کوئی کمی نہیں ،نہ کسی کوکسی پہ فضیلت ہے ۔ تمام انبیاء کرام پیغمبرعلیہم السلام ہی اعلیٰ و ارفع ہیں مگر پیارے نبی مہربان صلی اللّٰہ علیہ وسلم پوری دنیا کے لیےرسول بنا کرمبعوث فرمائےگئے اورقیامت تک کے لیے رسول ہیں چونکہ سلسلہ نبوت نبی آخر وزماں کی ذاتِ اقدس پہ مکمل ہو گیا ۔اب اسی عظیم مقصد کی بھاری ذمہ داری امت محمدی پر ڈالی گئی ہے۔ یہی منصب کااعزاز ہےجو قرآن مجید میں بہترین امت کےعنوان سے مزین ہے۔ نظام کائنات کاحسن یہی مقصود ہے ۔ دنیا کا نظام کاروبارزندگی اسی کا محتاج ہے۔ آخرت کی کامیابی وناکامی اس مقصد کی مرہون منت ہے۔انسان کی پیدائش کےساتھ ہی اس کا تقویٰ وفجورالقاءہوجاتا ہےمگراس کی تجدید اس کی پہچان ، شعور،ادراک فہم صرف اورصرف تبلیغ سےپایہ تکمیل پاتی ہے۔
اللّٰہ رب رحیم نےرسول کوبشیرونذیربنا کربھیجا ہےاوررسول کا کام صرف بشارت دینا اورتخویف ہے۔انسان ہمیشہ سےغفلت سستی،کاہلی میں مبتلارہاہے۔ ہٹ دھرم دنیا کےلہو ولعب میں مست۔
اپنے فرائض ومنزلت سے چشم پوشی کرنےوالا۔ تبلیغ غافل قلوب پہ دستک ہےاوریہ دستک مسلسل رہنا ہی انسان کوخواب غفلت سے جگا سکتی ہے اوررسول کا کام صرف پیغام پہنچانا ہے ۔عمل کرنے نہ کرنے کا اختیار انسان کا اپنا ہی ہے ۔ کسی کو زور زبردستی عمل صالح پہ یاعمل بد پرمجبور نہیں کیا جاسکتا ۔ یہی وجہ ہےکہ اسلام تلوار سے نہیں اسوہ حسنہ سے پروان چڑھا ہے۔
فرشتوں نےجس فتنہ وفساد کی نشاندہی تخلیق آدم کے موقع پہ کی تھی۔انہی فسادات کے تدارک کے لیےجب تک اللّٰہ کے پیغام کو نہ صرف اللّٰہ کے بندوں تک پہنچانے کی اشد ضرورت ہے بلکہ اس نظام شریعت کو اللہ کے بندوں پہ نافذ کرنے سےہی دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے۔
اب یہ عظیم ذمہ داری معاشرے میں اہم ترین منتخب افراد پرہے۔علماء کرام ، مبلغین ،اساتذہ کرام، والدین اور قلم کارافراد کی بنتی ہے۔ مجھے اور آپ سب کو فرمان رسول مقبول صلی اللّٰہ علیہ وسلم " بلغو عنی و لو آیہ " کی لاج نبھانی ہے ۔
جب معاشرے بے راہ روی کا شکار ہوں ۔جب تعلیم و تربیت کےجنازے اٹھ چکےہوں ۔ جب تہذیب وتمدن اورحیا آخری سانس پرہو ۔جب امت اخلاقی پستی کی دلدل میں پھنس جائے ۔جب ایمان کمزور اور آخرت پہ یقین نہ رہے۔امت وہن کا شکارہو۔جب نفسانفسی کا دورہو۔
جب حب دنیا حب اللّٰہ ورسول اللّٰہ پہ غالب آ جائےتو پھر قوموں کومٹ جانے سے کوئی روک نہیں سکتا ۔امت کا شیرازہ اس عظیم مقصد کو پس پشت ڈال دینے سے بکھر چکا ۔گو یہ فرض عین ہے مگر یہ دستک ہےجو مسلسل دی جاتی رہے ۔یہ وہ قطرہ ہےجو اگر پتھرپہ بھی پڑتا رہےتو اس میں سوراخ کردیتاہے۔
یہ دلوں کے قفل کھلنے کی چابی ہے۔ یہ قلوب کا زنگ کھرچنےکاراز ہے۔اب اسی عظیم منصب کا حق تخم ریزی سےثمر بار ہونے تک ادا کرنا ہے۔گو یہ فرض عین ہےمگر ادا نہ کیا تو یہ حدیث ایک مسلمان کے لئے بہت بڑا لمحہ فکریہ ہے۔
حضرت جابررضی اللّٰہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللّٰہ علیہ وسلم نے بیان فرمایا کہ اللّٰہ تعالیٰ نےجبرائیل علیہ السلام کو حکم دیا کہ فلاں بستی کو اس کی پوری ابادی کے ساتھ الٹ دو جبرائیل نےعرض کی یا اللّٰہ اس شہر میں تیرافلاں بندہ بھی ہے جس نے پلک جھپکتے کے برابربھی کبھی تیری نافرمانی نہیں کی ۔ اللّٰہ تعالیٰ کا حکم ہوا کہ اس بستی کواس بندے پر اوراس کے دوسرے باشندوں پرالٹ دو کیونکہ کبھی ایک ساعت کے لیے بھی میری وجہ سے اس بندہ کا چہرہ متغیر نہیں ہوا ۔
شعب الایمان بیہقی
اس حدیث کی روشنی میں ہمیں اپنے گریبان میں جھانکناہے۔اپنےسوئےہوئےضمیرپہ نظرثانی کی ضرورت ہے۔آج پھراسلام اجنبی ہورہا ہے ۔آج پھر سے اس منصب کی ضرورت ہے۔آج غفلت کے پردے چاک کرنےلازم ہیں ۔
اللّٰہ رب العزت سے دعا ہے کہ ہمیں اس عظیم مقصد منصب کا حق ادا کرنے کی توفیق عطاء فرمائے ۔
وما توفیقی الا باللہ ۔



































