
عنیزہ عزیر
انسان خواہ کسی بھی عمرمیں ہواس کوماں کی ہمہ وقت ضرورت ہوتی ہے۔ بلاشبہ ماں کی کمی کوئی بھی دوسراشخص پوری نہیں کرسکتا۔ماں اگر
وفات پا جائےتو دل کو قرار تو نہیں آتا لیکن وقت کےساتھ ساتھ صبرضرورآجاتا ہےلیکن اگرماں کھو جائے تو؟؟ اس اولاد کی کیا حالت ہوگی؟ پہلے تو جن کو یہی نہ معلوم ہوکہ ان کی ماں کدھرہیں؟ اور جب معلوم ہوکہ ان کی ماں دنیا کی بدترین جیل میں بدترین قیدکاٹ رہی ہےتوایسےبچوں پرکیا بیتتی ہوگی۔ جب جب وہ اپنی ماں پر ہونےوالےمظالم کا سنتے ہوں گےتو کیسے برداشت کرتے ہوں گے۔
ایک طرف چھوٹے بھائی کےلاپتہ ہونے کاغم دوسری طرف ماں کی جدائی اوراس پر ٹوٹنے والے بے انتہا مظالم ۔۔۔یہ ایسےاندوہناک غم ہیں کہ انسان سوچے تو روح تک کانپ جائےلیکن ہم ایسے بےحس ہیں کہ نہ ہمیں شرمندگی ہوتی ہے،نہ ہماری روح کانپتی ہے ۔
ہم اپنی روزمرہ کی زندگی میں معمول کےمطابق جئےجا رہے ہیں۔ ہم ایمان کےاس کمزور ترین درجے سے بھی نیچے گرتےجا رہے ہیں،جس میں برائی کودل سے برا جاننا ہوتا ہے لیکن آخر کب تک؟ آخر کب تک ہم برائی کوبرا کہنےسےڈرتے رہیں گے اورظالم کے خلاف آواز اٹھانےسے پہلےسوچتے رہیں گے؟
بیس سال کا طویل عرصہ گزرچکا ہے۔غفلت میں ڈوبےلوگوں کواٹھنا ہوگا۔ہمیں آواز اٹھانی ہوگی۔ان بچوں کی خاطر جن کی ماں سال ہا سال سےقید و بند کی صعوبتیں اٹھا رہی ہے۔ ہمیں اپناحصہ ڈالناہو گا تاکہ روزقیامت ہم شرمندگی سے بچ سکیں ۔



































