
عنیزہ عزیر
اکیسویں صدی کےاس جدید دورمیں جب دنیا چاند پرجا رہی ہے،سائنسی ایجادات میں ترقی ہورہی ہے۔ اپنے حق کے لئےبولنے کی آزادی کے
نعرے لگانے والے ہر طرف گھوم رہے ہیں ۔ ایسے میں ایک ایسی سرزمین بھی وجود رکھتی ہےجہاں کے باسیوں کو ان کا بنیادی حق بھی نہیں دیا جارہا۔ ان پرزندگی تنگ کرنے کےساتھ ساتھ ظلم وجبر کی داستانیں رقم کی جا رہی ہیں۔
انبیاء کرام کا مسکن اوران کی سرزمین، "ارضِ فلسطین" کےباسیوں کےساتھ ہونے والا تشدد، وحشیانہ سلوک اور دل دہلا دینے والے مناظر دیکھ کرجہاں سخت سے سخت دل بھی پگھل جائے وہاں ہم نے چپ سادھ رکھی ہے۔غزہ کی سڑکوں پر اسرائیلی قابض فوج کا سویلین کا قتل عام دیکھ کر بھی ہم اپنی اپنی دنیامیں مگن ہیں۔
اسرائیلیوں کی بربریت دیکھ کر،لا الہ الا اللہ کی بنیاد پربننے والےاس ملک پاکستان کےباسیوں کےقلب وروح تڑپ اٹھنی چاہیےتھی، فلسطینی بہن بھائیوں کے کرب میں ان کی پکار سے پہلے ان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے تھا، لیکن اس منحوس لمحے بھی جب غزہ کے باسیوں، بچوں، بوڑھوں، عورتوں اور مردوں پر ظلم وستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ۔ہماری بد نصیبی ہے کہ ہمارے حکمران آج بھی خاموش ہیں اور ہم بھی اپنے روزمرہ کے کاموں میں مصروف اپنے مسلمان بہن بھائیوں سےغافل اپنی زندگی میں مگن ہیں۔ ہمارے ضمیرمردہ ہوچکے ہیں اسی وجہ سے قبلہ اول کی پامالی پر ہم سکون سے اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں۔
فلسطین میں اسرائیلیوں کی بمباری سےشیرخوار بچےبھی محفوظ نہیں اوراس بمباری اوربربریت میں اسرائیل اکیلا نہیں اس کی مدد کرنے والوں میں وہ بھی شامل ہیں جو اپنے آپ کو امن کا علمبردار کہتے ہیں۔باوجود اس کے کہ اسرائیل پہلے سے ہی طاقت ورہےاس کی مدد کو سب تیار ہیں لیکن افسوس کا مقام یہ ہےکہ معصوم فلسطینی جو اپنی ارضِ پاک کو یہودیوں کے تسلط سے بچانےکے لئے تگ و دو کر رہے ہیں ان کا ساتھ دینے کے لئے امت مسلمہ کے چند گنے چُنے لوگوں کے علاوہ کوئی آگے بڑھنے کو تیار نہیں ہے۔ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ جنگ میں گِھرے فلسطینی اور سر زمینِ بیت المقدس کی مدد کے لئےامت مسلمہ بغیر کسی قیل و قال کے اٹھ کھڑی ہو لیکن افسوس کا مقام ہے کہ آج بھی ہم حیل و حجت سے کام لے رہے ہیں ۔
جتنا بھی افسوس کیا جائےکم ہےکہ یہ منحوس لمحہ ہماری زندگی میں آیا ہےکہ اس سرزمینِ پاک پر، جس پرآقائے نامدار صلی اللّٰہ علیہ والہ وسلم نے قدم رنجہ فرماۓ تھے، تمام انبیاء کی امامت کروائی تھی، آج جب اس کی حرمت پامال ہو رہی ہے تو ہم ہر چیز سے غافل ہو گئے ہیں۔
فلسطین کو یہودیوں کے غاصبانہ تسلط سےآزاد کروانا اولین ترجیح ہونی چاہیےتھی لیکن اےارض فلسطین! ہم شرمندہ ہیں کہ تیرے باسیوں پر زندگی تنگ کرنے والوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونا تو دور کی بات ہے ہم تو احتجاج کرنے سے بھی قاصر ہیں۔ ہم آج بھی اپنے حکمرانوں کو دیکھ رہے ہیں لیکن نہ ان کے دل میں درد جاگ رہا ہے اور نہ ہی ہم بحیثیت مسلمان اپنا فرض ادا کر رہے ہیں۔
اے فلسطین! دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔آنکھیں نم ہیں لیکن پھر بھی ہم شرمندہ ہیں کہ ہم تیرا حق ادا نہ کر سکے۔ ہم اپنی انفرادی حیثیت میں بھی اپنا فرض ادا نہ کر سکے اور اجتماعی حیثیت میں بھی غافل ہیں۔
اے ارضِ فلسطین! درندوں کے ہاتھ میں بھی تجھے دیکھ کر ہم آگے بڑھ کر تجھےبچانےکی بجائے اپنے آرام دہ گھروں میں سکون کی نیند سو رہے ہیں لیکن ہمیں اب جاگنا ہو گا۔ اس مقدس سرزمین کے لئے جہاں قبلہ اول موجود ہےجو سرزمینِ انبیاء کرام ہے۔ جہاں معصوم بچوں سمیت سب انسانوں پر تشدد کا بازار گرم ہے، ہمیں اٹھنا ہے ان کے لئے اور اپنی نجات کے لئے۔



































