
ام موسیٰ / چکوال
نفرت میں پورے ،محبت میں ادھورے ہم لوگوں نے رب کی بنائی ہوئی اس خوبصورت دنیا کو اپنی نفرتوں اورحسد سےایک ایسا جہنم بنا رکھا ہے
جس میں انسانوں کےساتھ باقی جانداروں کابھی سانس لینا دوبھرہوگیا ہے۔ ہم اپنی نفرت میں اس قدر کامل اورجلد باز ہیں کہ کسی کی تعریف کو بھی اپنی نفرتوں اورطنز کےسنہرے بنا کرسامنے والے کےمنہ پر دے مارتے ہیں۔ یہ سوچے بغیر کہ ہمارے یہاں لفظ سامنےوالے کےدل پر،اس کی زندگی پرکیا اثر چھوڑیں گے۔ ہم ایک دوسرے کی نفرت میں اس قدر بڑھ چکے ہیں کہ ہم کسی کو بھی ایک لمحے میں عرش سے فرش پر پہنچادینےکےماہرہوچکے ہیں ۔ ہمارابےرخی کا ایک جملہ حسدمیں جلنے والا کوئی ایک رویہ بدلے کی آگ میں چنگاریاں پھوٹتی ہوئی، آخرہم محبتوں میں اس قدرمکمل اورجلد باز کیوں نہیں ہو جاتے؟ ۔آخر ہم کیوں نہیں سمجھ پاتےکہ ہماری نفرتوں بھرا ایک جملہ ہماری زندگیوں میں کیا معنی رکھتا ہے؟ ۔لفظ ہماری زندگی میں کیا اہمیت رکھتے ہیں ۔ یہ لفظ ہی تو ہےجو کسی کی زندگی کو مہکتے گلشن یا پھر بھڑکتی آگ میں بدل سکتے ہیں۔ ہمارا نفرت اورطنز بھرا ایک جملہ ہماری زندگیوں کو کتنا زہریلا بنارہا ہے ؟ ۔ ہم کس تباہی کی طرف جا رہے ہیں ؟ ہم اندازہ بھی نہیں کرسکتے۔
ہم اپنی نفرتوں میں اس قدر آگےنکل چکےہیں کہ اگر کسی کی حوصلہ افزائی یا تعریف بھی کرنی ہوتو طنزمیں لپیٹ کرکرتے ہیں۔ بظاہر کسی کی خوشی میں خوش ہیں لیکن حسد کی آگ میں جل کر۔اول تو ہماری انا ہی ہمیں اجازت نہیں دیتی کہ ہم کسی کی خوبی، کسی کی صلاحیت یا کسی کےحسن اخلاق کوسراہا ہے اوراگر ہم ایسا کچھ کر بھی لیتےہیں توہماراانداز اس قدر تمسخرانہ، اس قدر نفرت انگیزہوتا ہےکہ سننے والا ایک کرب اوردرد اپنےاندراتار لیتا ہے۔ ہمارا انداز کچھ یہ ہوتاہے۔ارے تم فرسٹ ڈویژن میں پاس ہوئےہاں یہ تو اسی ادارے کا کمال ہےجس میں تم نے پڑھا۔ بہو بیوی یا بیٹی نےکچھ اچھا بنالیا تو ارے یہ توان مسالوں کا کمال ہےجواتنا لذیذ کھانا پکا ہے۔بہن بھائی نے کوئی قربانی دی تو یہ تو سب بہن بھائی کرتےہیں تم نے کون ساالگ کیا ہے۔ شوہر اور بیوی کے معاملات بھی کچھ اسی طرح ہیں۔پہلے توانا ہی اجازت نہیں دیتی کے ایک دوسرےسے محبت کا اظہاریا حوصلہ افزائی کےچند بول بول دیئےجائیں۔ ہم بظاہر سامنے والی کی تعریف کرتےہیں لیکن اس تعریف میں بھی ہم اس کی محنت کو نہیں سراہتے بلکہ اس میں بھی اپنی نفرت اورجلن شامل کر دیتے ہیں ۔ ذرا سوچئےتو کہ جس قدر جلد اورشدید ردعمل ہم اپنی نفرت میں دیتے ہیں ۔ ہم محبتوں میں اس قدرمکمل اورجلد بازکیوں نہیں ہو جاتے۔ جتنی شدت نفرت اور تذلیل اپنے رویوں میں دکھاتے ہیں ،محبتوں میں وہ شدت کیوں نہیں لے آتے۔ محبت اورمثبت رویے اختیار کر کے ہم خود کی اور دوسروں کی زندگیوں کوسہل کیوں نہیں کر دیتے لیکن اگر ہم محبت میں کامل نہیں توہمیں کیا حق پہنچتا ہےکہ ہم اپنی نفرت اورمنفی رویوں سےجنت جیسی زندگی کو دنیامیں جہنم بنائیں۔
اپنےاندر کے تعفن اور گندگی سے باہرکےماحول کو پراگندہ کرنےوالے ہم کون ہوتے ہیں۔ آخر ہمیں کس نے یہ حق دیا ہے کہ ہم لفظوں کے زہرسے دوسروں کی زندگیوں کواجیرن کریں۔ ہم محبت میں پورے کیوں نہیں ہوجاتے جس طرح نفرت میں پورے ہوتے ہیں۔ ہم کیوں یہ بھول جاتے ہیں کہ دوسروں کی زندگیوں کو تباہ کرتےکرتے ہم خود تباہی کےدہانے پہ آ کھڑے ہوئے ہیں جہاں سے واپسی کے تمام راستے ہم نے خود ہی خود پر بند کردئیےہیں۔
خداراابھی بھی وقت ہےابھی بھی کچھ نہیں گیا سوچئے اور بدلیےخود کو۔دلوں کی گندگیوں کودھو ڈالیے۔محبتوں میں پورے اور کامل ہوجائیےتاکہ کم سے کم ہمارے لئے اورسب کے لئے دنیا میں سانس لینا تومحال نہ ہو۔
اپنے محبتوں بھرے پرخلوص جملوں اورجذبوں سےکسی کو زندہ کردیجئے ۔کسی کے دکھ میں ساتھ کھڑےہوکراس کا دکھ بانٹنےوالے بن جائیں۔ دوسروں کی مشکلوں میں ساتھ دینےوالے بن جائیں۔۔آسانیاں اورمحبتیں بانٹیں گے تو آسانیاں اورمحبتیں لوٹیں گی اورنفرت کےبدلے نفرت ہی لوٹےگی۔ سو محبتوں میں پورے ہو جائیے۔اللہ سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے (آمین )



































