
رنگ نو کے کل پاکستان " مقابلہ مضمون نویسی" میں تیسری پوزیشن حاصل کر نےوالی تحریر
لائبہ شفیق/ لاہور
قوموں کی زندگی میں بعض دن اس قدراہمیت کےحامل ہوتے ہیں کہ ان کا تذکرہ دلوں کوجوش وخروش سےبھردیتا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں چودہ اگست کا
دن ایسےہی اہمیت رکھتا ہے۔14 اگست یوم آزادی محض ایک دن نہیں ہے بلکہ تحریک پاکستان کےمجاہدین کےبےمثال جذبہ قربانی کی داستان بھی ہے۔
ہر سال ۱۴ اگست کو ملک بھر میں یوم آزادی منایا جاتا ہےلیکن افسوس کہ ہم آزادی کےاصل مطلب کوسمجھنے سےقاصر ہیں ۔آزادی ایک ایسا جذبہ ہے ایک ایسا جنون ہے،جس سے انسان تو انسان ،جانور،چرند پرند بھی سرشار ہوتے ہیں ۔ہرچیز اپنے دائرہ کار میں آزاد اورخوش و خرم دکھائی دیتی ہے۔ مقید پرندے اورآزاد پنچھی کا فرق ہی دیکھ لیں ۔ایک پابند سلا سل پرندے میں وہ رعنا ئی کہاں جو ایک آزاد فضاؤں میں تیرتے ہوئے پنچھی میں ہے-
آزادی رنگ روپ ہی نکھاردیتی ہے۔انسان اشرف المخلوقات ہے۔اللہ تعالیٰ نے انسان کو آزاد پیدا کیا۔غلامی کی زندگی وہ قطعاً بسر نہیں کرسکتا۔ ہرانسان یہ چاہتا ہےکہ دوسروں کی مرضی اُس پرنہ چلےبلکہ وہ اپنے رجحانِ کے مطابق کام کرنےاورزندگی بسرکرنےکیلئے آزاد ہو۔آزادی کی یہ طلب اتنی شدید ہوتی ہے کہ بسا اوقات انسان آزادہونےیا آزادرہنے کیلئے بڑی سے بڑی قربانی دینے سے بھی دریغ نہیں کرتا۔ تحریک پاکستان کے پس منظرمیں دیکھا جائے تو ہم بخوبی اندازہ کرسکتے ہیں کہ انگریزوں اورہندوؤں سے چھٹکارا حاصل کرنا برسوں تک صرف مسلمانوں کی خواہش ہی رہی۔ اس خواہش کا اظہارکرنا بھی جرم تھا،لیکن کب تک؟ جب یہ طوفان اٹھا توزمیں لہو میں رنگ گئی تو یہ داستاں رقم ہوئی۔
بحیثیت مسلمان یہ ہمارا ذاتی حق تھا اورہے کہ ہم ایک آزاد معاشرے میں رہ سکیں ۔ایسی زندگی بسرکرسکیں جو ہمارے مذہب اسلام کے مطابق ہو۔ اپنی عبادات اور معاملات میں آزاد ہوں ۔پاکستان کی صورت میں یہ جنت کا ٹکڑا ہمیں مل چکا ہےلیکن افسوس ہم آزادی کی قدر و قیمت سے انجان ہیں۔ ہم نہیں جانتے کہ آزاد اورغلام ہونے میں کیا فرق ہے۔ہم ان قربانیوں کا اندازہ نہیں لگا سکتے جو اس وطن کے حصول کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے دیں ۔
افسوس ! ہم ہر سال یوم آزادی نہایت جوش و جذبےسے مناتے تو ہیں لیکن نہیں جانتے کہ یوم آزادی منانے کا اصل مقصد کیا ہے ؟ اس وطنِ عزیز کا حصول کیوں ضروری تھا؟ اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو بھول جاتے ہیں اور افسوس کہ ہماری وہ نسل جس کی آنکھوں کے سامنے وطن بنا اس دنیا سے اپنی استانیں سمیٹے رخصت ہوچکی ہے اور ہمیں جھریوں زدہ چہرے لیے اس وطن کی قدر و قیمت کا احساس دلانے والا بھی کوئی نہیں رہا۔
یوم آزادی دراصل منانے کا مقصد اس وعدہ کو دھرانا ہےجو اس دھرتی کے قیام کے وقت کیا گیا تھا۔ وطن کو بہتر بنانے کی کوشش اورعزم کرنا، اپنے آباؤ اجداد اورشہداء کی قربانیوں کو یاد رکھ کرخراج تحسین پیش کرنا لیکن اصل مقصد سے دور یوم آزادی منانے کا کیا فائدہ جب انڈین گانے لگا کے سرعام ناچا جا رہاہو، جب ہماری نوجوان نسل یہ کہ رہی ہو کہ تقسیم کا فیصلہ ہی غلط تھا۔ انتہائی دکھ کا مقام ہےجب حقائق سے ناواقف نوجوان نسل سرحد کی اس حد کو ختم کرنا چاہتی ہے ۔
نہ جانے کونسا احساس محرومی ہے جو انہیں پاکستانی ہونے کی شناخت پر محسوس ہوتا ہےاورمغرب کی نشنیلٹی ملنے پر سر فخر سے تن جاتا ہے۔
احسا س محرومی کا رونا رونےوالوں سے پوچھنا چاہوں گی کہ ہم نے اس وطن کے لیے کیا کیا؟ وطن قائم کرنے والے تو اس وطن کی بنیادوں میں اپنا لہو بہا گئےلیکن ہمارا کردار کیا رہا؟ کیا ہم نے وطن کے ساتھ مخلص ہوکر اس کی بہتری کے لیے کوئی قدم اٹھایا؟ مشکل حالات کو بدلنے کے لیے ہم نے جب کوئی قدم نہیں اٹھایا تو گلےشکوے کیسے؟
فیض احمد فیض کیا خوب فرما گئے:
مشکل ہیں اگر حالات وہاں دل بیچ آئیں جاں دے آئیں
دل والو ! کوچہ جاناں میں کیا ایسے بھی حالات نہیں
دھرتی تو ماں کی مانند ہے ،جہاں ہم نے جنم لیا،جہاں سےخوراک پاکرہم جوان ہوئے، جہاں کے پانی نے ہمیں قوت بخشی۔مشکل حالات ہیں تواس دھرتی کے لیے ڈٹ جائیں ، کچھ کر جائیں۔ مشکل وقت میں وطن چھوڑا تو یہ وطن سے وعدہ وفا تو نہ ہوا۔ وفائیں تو قربانیاں مانگتی ہیں۔ وفاؤں کے لیے تو بڑی بڑی قیمتیں چکانا پڑتی ہیں۔خدارا اس نعمت کی حفاظت کیجیے۔ جس نعمت کی قدر نہ کی جائے وہ نعمت چھن جاتی ہے۔
یومِ آزادی شایان شان طریقے سے منانےکا تقاضا یہ ہےکہ ہمیں پاکستان کی بقا اور ترقی کے لیے دن رات محنت کرنا ہوگی اوراس کو اتنا مضبوط بنانا ہو گا کہ کوئی بھی ہمارے وطن کی جانب میلی آنکھ سےنہ دیکھے۔ ہمیں آزادی کے دن اس بات کا بھی عہد کرناہےکہ اگر ضرورت پڑی تو ہم اپنے ملک کے لیے اپنا تن ،من ،دھن نچھاور کردیں گے۔
خون دل دے کر نکھاریں گے رخ برگ گلاب
ہم نے گلشن کے تحفظ کی قسم کھائی ہے
پاکستان ہم سب کی پہچان ہے۔ ہم دنیا کے کسی بھی حصے میں چلے جائیں ہمیں اپنی پہچان کے لیے پاکستان کا سہارا لینا پڑتا ہے کیونکہ ہم اس ملک کے شہری ہیں۔ اگرچہ ساری زندگی ہم بیرون ممالک میں گزار دیں لیکن مرنے کے بعد یہی ارض مقدس ہمیں جگہ دے گی۔ جینے کے لیے نہ سہی مرنے کے لیے ہی سہی ، اس ارض مقدس کو معتبر کر جائیں۔



































