
نمرہ امین/لاہور
اللہ نے فرمایا: " میری رحمت سےنا امید مت ہونا۔"انسان کی زندگی نا امیدی اورمایوسی پر تب ختم ہو جاتی ہےجب یہ شیطان کی طرف سےایسا وسوسہ دماغ
میں لاتا ہےجس کی وجہ سے انسان اپنی زندگی میں یا تو زندہ لاش بن کررہ جاتا ہےیا اپنی زندگی کو ہی ختم کر دیتا ہے۔ نا امیدی انسان سے اس کے حوصلے چھین لیتی ہے،اس کو ایسے دلدل میں تنہا چھوڑ دیتی ہےجہاں سے لوٹ کر آنا نا ممکن ہے۔ کبھی لوگوں کی تنقید، ان کے تاثرات، ان کے منفی رویوں کو اپنےدل پرمت لیں اوران کی بے وجہ باتوں پر دھیان دے کر خود کو مایوسی کے کفرمیں مت دھکیلیں۔ "مایوسی گناہ ہے۔"
کامیابی ہمیشہ مستقل مزاجی اوراستقامت سے ملتی ہے۔اس کے لیےانسان کا حوصلہ بلند ہونا چاہیے،حوصلےکی زندگی امید پر قائم ہے۔ امید رحمت خداوندی ہے۔اللہ جس انسان کے ساتھ رحمت کا معاملہ فرماتے ہیں اس کی سوچ اور زندگی کو امید سےبھر دیتے ہیں۔ اگر یہی امید، یقین ہمارا لوگوں کے رویوں اورسوچ کی وجہ سے ڈگمگا جائے تو وہ اندھیروں میں گم مایوسی کےکٹھن راستے پرچل پڑتا ہے۔اپنے سب خوابوں کو خیر باد کہنے، اپنے مقاصد کو چھوڑنے میں اپنی قسمت سمجھ لیتا ہے۔
یہ سچ ہے کہ منفی رویے،تنقید، غلط باتیں اورمخالفت سے دلوں کو رنج پہنچتا ہے۔انسان ٹوٹ کےبکھرجاتا ہے اس کی سب حسرتیں، تمنائیں، امیدیں سب چکنا چور ہو جاتی ہیں۔وہ نا امیدی اورمایوسی میں اس حد تک گھرجاتا ہے کہ اس کو آس پاس کچھ بھی اچھا نہیں لگتا ہےنہ وہ جینے کی امید کرتا ہے لیکن اگر انسان مثبت سوچ کے ساتھ سوچے کہ ناکامی ہی کامیابی کی پہلی سیڑھی ہے اور اس میں ہر طرح کی رکاوٹ اور تنقیدی باتیں سب سامنے آئیں گے تو اس کو اپنے دل کو مضبوط اور بڑا کر کے اپنی کامیابی کی منزل تک پہنچنا ہوگا۔
اپنی کامیابی حاصل کرنےکے لیے جدوجہد کرنا ہوگی اوراپنے دل میں دماغ میں بس مثبت خیالات کورکھتے ہوئے اللہ پر یقین کر کےمنزل کی جانب قدم بڑھانا ہے اور اپنے مستقبل کو سنوارنا ہے۔ جب انسان ارادہ کرے نیت کرے اوراپنے رب پر سچے دل سے امید اور توکل کرے یقین کرےتو اس کو ہر قدم پر کامیابی ملتی ہے۔ وہ اپنی زندگی سے نا امید اور مایوس نہیں ہوتا ہے۔ کامیابی حاصل کرنےکے لیے بہت سے مسائل، مصائب، رکاوٹیں آتی ہیں جن کو حوصلہ، ہمت کوشش اور لگن سے سب کو حل کیا جائے اور ڈٹ کر مقابلہ کیا جائےتو انسان بہت ترقی کر سکتا ہے۔ صرف اپنی مثبت سوچ اور یقین سے اپنے دماغ کو مطمئن رکھیں کیونکہ زندگی کا معیار سوچ کے معیار پر منحصر ہے۔



































