
ماریہ نسیم
ہرسال کی طرح اس سال بھی 14 اگست کاسورج اپنی پوری آب وتاب کےساتھ اس سرزمین پاک پر طلوع ہوا،پاکستان جس کوہمارے آباؤ اجداد نےبے شمار
قربانیوں کے بعد حاصل کیا۔ ان قربانیوں کےواقعات ہم اپنےبچپن سےسن رہےہیں لیکن قابل افسوس بات یہ ہے کہ اب ہماری آنےوالی نسلیں ان قربانیوں کو فضول قرار دےرہی ہیں اور کہہ رہی ہیں کہ کیا فائدہ اس قربانی کا جب ہمیں اس ملک سے کچھ ملا ہی نہیں جبکہ درحقیقت سوال تو یہ ہے کہ ہم نےاس ملک کو کیا دیا؟ ملک تو زمین کا ایک ٹکڑاہےجس کو سجانا سنوارنا ہماری ذمہ داری ہے اورہرگزہمارے بزرگوں کی قربانیاں ضائع نہیں ہوئیں ۔
قران میں سورہ آل عمران کی آخری آیات میں اللہ پاک فرما رہاہےکہ
ترجمہ: لہذا جن لوگوں نےمیری خاطر اپنے وطن چھوڑے اورجومیری راہ میں اپنےگھروں سےنکالےگئےاورستائےگئے اور میرے لیےلڑے اور مارے گئے،ان کے سب قصور میں معاف کر دوں گا اورانہیں ایسے باغوں میں داخل کروں گا جن کے نیچےنہریں بہتی ہوں گی۔ یہ ان کی جزا ہے۔ اللہ کے ہاں اور بہترین جزااللہ ہی کے پاس ہے(آیت: 194-195)
بحیثیت مسلمان اس دنیا کی وقتی کامیابی توکوئی معنی نہیں رکھتی کامیاب انسان تو وہ ہے جو آخرت میں کامیاب ہو گیا،ہمارے بزرگ اسلام کی سربلندی کے لیے جان و مال کی قربانی دے کرکامیاب ہو گئے۔ دوسری بات جو میں یہاں رکھنا چاہوں گی کہ ہمارے نوجوان اس ملک سے بھاگ رہے ہیں لیکن وہ رک کر صرف ایک لمحے کے لیے سوچیں کہ جہاں جانے کے لیےوہ بے چین ہیں وہاں ہمارا دین اور ہماری شناخت کس حد تک محفوظ ہے۔
امریکہ اوریورپ میں اب بچے کی جنس کاخانہ خالی چھوڑدیا جاتا ہےکہ بچہ بڑا ہو کر خود فیصلہ کرے گا کہ وہ لڑکا ہےیا لڑکی یاوہ دونوں ہیں۔ حد تو یہ ہے کہ وہ یہ بھی فیصلہ کرسکتا ہےکہ وہ ایک جانورہے اور اسے اس خواہش کو عملی جامہ پہنانے سے کوئی قانون نہیں روک سکتا۔پچھلے دنوں فیس بک پر ایک واقعہ وائرل ہوا کہ ایک لڑکے نےکتےکے کھال جیسا لباس تیار کروایا اور سڑکوں پرانہی کے درمیان گھومنے لگا۔ اس کا کہنا تھا کہ جب میں اپنے اپ کو کتا محسوس کرتا ہوں تومیں ان کے درمیان ہی رہوں گا۔ذرا سوچیے ہمارے ملک میں بھلے سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اور ہم ان گڑھوں میں گرتے پڑتے چلتے ہیں لیکن یہ اس سے لاکھ گناہ بہتر ہے کہ ہماری اولاد سڑکوں پر کتوں کےساتھ بھونکیں۔
بات یہ نہیں ہے کہ ہمیں ان حالات میں مطمئن رہناہے،بلکہ ہمیں اس سے فرار کے بجائے اس کوبدلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔مدینے کے بعد جو دوسری ریاست جو اسلام کے نام پر حاصل ہوئی ،وہ پاکستان ہےاس کی حفاظت ہم پر فرض ہے۔ پہلےبحیثیت مسلمان ہمیں ایک ملک کی ضرورت تھی اوراب اس ملک کو ایک متحد قوم کی ضرورت ہےآئیےاوراس ترقی میں اپنا کردار ادا کیجئےتاکہ ہم اپنے آنے والی نسلوں کے سامنے شرمندہ نہ ہوں اور تاریخ میں ہماری قوم کا نام بھی سنہری حرفوں میں لکھا جائے۔آمین



































