
مریم زبیر بدوملہی
تجسس کیا ہے؟ کسی کےمخفی معاملات کی ٹوہ لگانا،کرید کرنا یا ایسےگمان قائم کرنا کہ دوسرا فریق اپنےذاتی معاملات کے متعلق بات کرنے پر
مجبور ہو جائے۔ یہ حرکت بد نیتی و بدگمانی کی بنا پر کی جائے یا محض اپنا استعجاب دور کرنے کےلیے'دوسروں کے ذاتی معاملات میں مداخلت کے لیے کی جائے یا ہر بات کا سب سے پہلے علم ہونے کی خواہش کی بنا پر ہر حال میں شرعاً ممنوع ہے ۔ ایک کافر اگر اس بری عادت کی وجہ سے مشہور ہو تو ہو کہ اس کا کافر ہونا ہی اس بات پر دلالت کرتا ہےکہ اس میں اخلاقیات کا شدید فقدان ہے لیکن اگر کسی مومن میں یہ بد عادت پائی جاتی ہیں تو شرم سے ڈوب مرنے کا مقام ہے کہ یہ وہ گناہ ہے جس کا نام لے کر اس سے بچنے کا حکم دیا گیا ہے ۔
ارشادِ نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم ہے:
" تم اگر لوگوں کے مخفی معاملات معلوم کرنے کےدر پرہوگےتو ان کو بگاڑ دو گےیا کم از کم بگاڑ کے قریب پہنچا دو گے۔"
آج بدقسمتی سے ہماری ازواجی و سسرالی زندگی میں جن بےشمار الجھنوں کا سامنا ہے ' تجسس بھی ان میں سے ایک ہے ۔ایک لڑکی جب شادی کے بعد سسرال آتی ہے تو ضرورت ہوتی ہے کہ اسے گھر کے معاملات کے متعلق بات چیت میں شامل کیا جائے تاکہ وہ بھی اس گھر کو اپنا گھر سمجھ سکےلیکن ہوتا اس سے الٹ ہے،ہر بات اس سے چھپا کر رکھی جاتی ہے۔اس کے ساتھ اس قسم کی کلبر پیدا ہی نہیں کی جاتی کہ وہ اپنے جذبات و احساسات کا اظہار کر سکے۔ نتیجتاً شادی سے پہلے ہستی مسکراتی رہنے والی لڑکی اتنی خاموش ہو جاتی ہے کہ خوش مزاجی دیکھنے کو نہیں ملتی۔دوسری طرف یہی لوگ لڑکی کے میکے کے متعلق اتنی کرید کرتے ہیں 'اتنی ٹوہ لگاتے ہیں کہ اگر وہاں سوئی بھی گرے تو ان کو علم ہونا چاہیے۔اس کے ساتھ ہی یہ توقع بھی رکھی جاتی ہے کہ لڑکی ان اذیت پر مبنی رویوں کے متعلق بات بھی نہ کرے ۔کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ یہ جو لڑکیاں خاموشی سے ہر اذیت برداشت کرتی چلی جاتی ہیں اور اپنے زخموں سے چور دل کے معاملات اللہ رب العزت کے سپرد کر دیتی ہیں ، وہ درحقیقت آپ کا آخری امتحان مشکل بنا رہی ہیں۔خدارا سنبھل جائیے۔
اب بھی وقت ہے اپنی اپنی اصلاح کرنے کا ،تجسس نہ کرنے کا ، اپنی حدودمیں رہنے کا۔اگر وہ خود بات کریں تو ٹھیک ،آپ کو ٹوہ لگانے سے اجتناب کرنا ہے کہ ہر شخص اپنی ذاتیات کو مخفی رکھنے کا حق رکھتا ہے ۔اللہ تعالی ہم سب کو اپنی اپنی اصلاح کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیں ان لوگوں میں شامل فرمائے جن پر انعام ہوا نہ کہ گمراہوں کے۔ آمین



































