
مسرت جبیں/ لاہور
نگاہ عشق ومستی میں وہی اول وہی آخر
وہی قرآن وہی فرقان وہی یس وہی طہٰ
وہ شان کبریائی، عظمت کا پیکرحسیں،جگمگاتا سراج وہ دریتیم،وہ عشق خالق کی تفسیر،اس کی شان عظمت کےبارے میں میں ذرہ خاک
کیونکر اور کیسے لب کشائی کروں؟ نوک قلم تاب گویائی نہیں رکھتا،اگر کائنات کے ذرات قوت گویائی پاجائیں،اگر ابنِ آدم سب کےسب اپنی زندگیوں کے پل پل کو شمار کریں اور ایسی ہزار ہا زندگیاں پائیں اور ان میں لمحہ لمحہ اس محبوب سبحانی صلی اللہ علیہ وسلم کی مدح سرائی کرتے رہیں تو بھی اس کی تعریف بیان کرنے سے قاصر ہوں۔ ان کی شان عظمت کی انتہا تو یہ ہے کہ خود خدا واحد وہ کائنات کا خالق ومربی خود ان کی تعریف میں رطب اللسان ہے ۔
آج سے چودہ سو سال قبل کی ساعتوں چشم تصورمیں لائیں تووہ تپتاہواصحرا،جاہلیت اور گمراہی کی ویرانی لیے نظر آتا ہے۔جہاں انسانیت کے جنازے موت کا سماں پیش کرتے ہیں، جہاں فسق و فجور کی آندھیاں منہ زور تھیں،جہاں انسانیت سک سک کر دم توڑتی تھی ،جہاں جہالت کی سیاہ راتیں طویل تاریکی کا باعث بنی ہوئی تھیں ، جہاں ظلم کے طوفان تھے۔جہاں کوئی ہادی نہ تھا ،جہاں الہامی ہدایت گم تھی اور نہ ہی ہدایت کی طلب نہ چاہ، نہ تڑپ تھی ۔ جہاں غلامی کے طوق تھے ،جہاں آبا کی اندھی تقلید تھی،جہاں عورت ہی مظلوم اور عورت ہی منظور نظر تھی۔ عورت پر شاعری،عورت کے لب و رخسار پہ شاعری یہی کمال تھا شعراء کا ۔ یہی زندہ درگور تھی ،یہی بے توقیری تھی ، جہاں سالوں پہ محیط لہو میں ڈوبی ہوئی قبائلی نسبی لڑائیاں تھیں ، جہاں اسلام کفر و ضلالت میں دفن تھا ، جہاں دین اسلام کے نام سے ناآشنائی تھی ،جہاں تین سو ساٹھ بتوں کا راج تھا، جہاں حیا بےحیائی سے شرمندہ تھی،جہاں شرک کا بازار گرم تھا ۔
ایسےمیں اک نوراترااورسارےعالم کومنورکرگیا۔ایسا نورکہ رب وحدہ لاشریک نےاس کونورمبین کانام دیا۔خوشبو کاجھونکا جوساری دنیا اپنی خوشبوسے معطر کر گیا ۔ایسا پھول کھلا جو سارے ویرانے کو گلستاں بنا دیا ۔ایسی گھٹا اُٹھی ایسی برکھا جو صحرا میں ساون بھادوں سےبھی سوا ہو کر برسی اور تمام عالم کی سیرابی کا ساماں ہوئی ۔
اتر کر حرا سے سوئے قوم آیا
اور اک نسخہء کیمیاء ساتھ لایا
وہ جس کی ایک نگاہ محبت نےکفار کےدلوں میں طوفان اٹھا دیے،وہ جس کا دست شفقت مظلوموں کا سائباں ہوا۔وہ عرب جس کی سرزمین ظلم وفساد سے رنگین تر رہتی تھی، اس ہادی برحق کی آمد سے دنیا میں امن و سلامتی کا سمبل ٹھہری ۔
آپ صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی آمد سےگمراہی جہالت کےاندھیرے چھٹ گئے۔ ہدایت ورشد کاصراط مستقیم نشان منزل ہوا۔انہی راستوں کےمسافرکوفوزعظیم کی نوید ملتی ہے ۔ہادی برحق رہبرحق بنا۔۔ابن آدم کی زندگی کا کوئی پہلو ،کوئی گوشہ،کوئی معاملہ،کوئی شعبہ،کوئی عبادت،معاشرت ،معیشت،سیاست،زمانہ کوئی بھی ہو حالات کیسے ہی ہوں۔
جس میں اپنے ہادی برحق ،اپنے رہنما عظیم کی حیات طیبہ سے درس نہ ملتا ہو ۔
لقد کان لکم فی رسول اللہ اسوۃ حسنہ
یہ راز کسی کو نہیں معلوم کہ مومن
قاری نظر آتا ہے حقیقت میں ہے قرآن
انسانیت پر وقت نزع تھا ۔صراط مستقیم کی ترجمانی نےزندگی عطاء کردی تھی۔وہ عظیم بلندمرتبت ہستی جس کی تعریف مخالفین بھی کرنے پر مجبور ہیں۔وہ تمام انبیاء کا امام ہواوہ جس سے خود خدا ہمکلام ہواوہ جس کے سامنے پتھر بھی اقرار حق کریں۔تو شق القمر نبوت کی گواہی بناجو ایک رات میں اقصیٰ سے سدرۃالمنتہی تک پہنچ جائےجس نے راہ حق میں حق کی دعوت دیتے ہوئے ظلم کی آخری حد تک ظلم سہے مگر جب وہی ظالم بےبسی کی تصویر بنے عاجزی و بے چارگی سے آپ کے سامنے سر نگوں آئے تو آپ نے عظیم حوصلے۔فراخ دلی کا ثبوت دیتے ہوئے درگزر کیا ۔قربان ھو کل دنیا کی عزت و توقیر کیسا ،اعلیٰ وارفع نمونہ حیات دیا ہے ، دنیا کو جس کی نظیر نہیں ملتی لیکن انسانیت کی ایک مومن کی دنیا و آخرت کی بھلائی کامیابی صرف اور صرف اتباع رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم میں ہے۔۔ سنت نبوی مطہرہ ہی تو توشہ ہے جو قیامت تک باقی رہنے والا ہے اور یہی توشہ توشہ آخرت ہے ۔
دعا ہے اللہ رب العزت ہمیں ان اعمال کی توفیق عطا فرمائے جن کا آجر شفاعت رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہو۔ روز محشر حوص کوثر سے سیرابی نصیب ہو۔ آمین ثم آمین


































