
حافظ عبدالحق ربانی
رات اپنی سیاہ چادر سمیٹ رہی ہوتی ہے۔ مشرق کے افق پر نور کی پہلی لکیر نمودار ہوتی ہے۔ ٹھنڈی ہوا کے جھونکے درختوں کے پتوں کو ہلکے ہلکے جنبش
دیتے ہیں، پرندے اپنے خالق کی حمد و ثنا میں نغمہ سرا ہوتے ہیں، مساجد سے "الصلاة خير من النوم" کی روح پرور صدا بلند ہوتی ہےاور یوں محسوس ہوتا ہے کہ پوری کائنات اپنے رب کی بندگی کے لیے بیدار ہو رہی ہے مگر افسوس! انسان، جو اشرف المخلوقات ہے، انہی مبارک ساعتوں میں غفلت کی نیند سویا رہتا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے رات کو آرام اور دن کو جدوجہد کے لیے بنایا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے:.
﴿وَجَعَلْنَا نَوْمَكُمْ سُبَاتًا وَجَعَلْنَا اللَّيْلَ لِبَاسًا وَجَعَلْنَا النَّهَارَ مَعَاشًا﴾
"اور ہم نے تمہاری نیند کو باعثِ آرام بنایا، رات کو پردہ بنایا اور دن کو روزی کمانے کا وقت بنایا۔" (سورۃ النبأ: 9–11)
یہی فطری نظام ہےجو شخص اس نظام کے مطابق زندگی گزارتا ہے، وہ جسمانی، ذہنی اور روحانی طور پر زیادہ متوازن رہتا ہے۔
رسول اللہ ﷺ نے صبح کے وقت کی عظمت کو ان الفاظ میں بیان فرمایا:۔
«اللَّهُمَّ بَارِكْ لِأُمَّتِي فِي بُكُورِهَا»
"اے اللہ! میری امت کے صبح کے وقت میں برکت عطا فرما۔" (سنن ابی داود، سنن ترمذی)
سوچیے! جس وقت کے لیے رحمتِ عالم ﷺ نے خصوصی دعا فرمائی ہو، اس وقت کی قدر نہ کرنا کتنی بڑی محرومی ہے۔
صبح کا وقت اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے۔ اس وقت فضا خاموش ہوتی ہے، ذہن پرسکون ہوتا ہے، دل یکسو ہوتا ہے اور ماحول انسان کو غور و فکر کی دعوت دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بڑے بڑے محدثین، مفسرین، فقہاء اور محققین نے اپنی زندگی کے اہم ترین علمی کام اکثر انہی مبارک ساعتوں میں انجام دیے۔ امام نوویؒ، اور دیگر اکابر علماء کی زندگیوں میں صبح کے اوقات کی قدر نمایاں نظر آتی ہے۔
آج جدید سائنس بھی اس حقیقت کی تائید کرتی ہے کہ طلوعِ آفتاب کے وقت انسانی جسم میں ایسے قدرتی ہارمون متحرک ہوتے ہیں جو ذہنی بیداری، توجہ، یادداشت اور جسمانی توانائی میں اضافہ کرتے ہیں۔ اسی لیے صبح کے وقت مطالعہ، تحقیق، منصوبہ بندی اور تخلیقی کام زیادہ مؤثر ثابت ہوتے ہیں۔
بعض لوگ جانوروں کی عادات کا مشاہدہ بیان کرتے ہیں اور اس سے صبح کی برکت پر استدلال کرتے ہیں لیکن انصاف کا تقاضا یہ ہے کہ ایسی مثالوں کو قطعی دلیل نہ بنایا جائے کیونکہ ان کی سائنسی بنیاد واضح نہیں۔ مسلمان کے لیے سب سے مضبوط دلیل اللہ کی کتاب، رسول اللہ ﷺ کی سنت اور مشاہدہ و تجربہ ہے اور یہ سب اس بات کی طرف رہنمائی کرتے ہیں کہ صبح کا وقت محنت اور خیر کا وقت ہے۔
افسوس کی بات یہ ہے کہ ہماری زندگیوں کا معمول بدل چکا ہے۔ راتیں موبائل فون، سوشل میڈیا اور فضول مصروفیات کی نذر ہو جاتی ہیں اور صبح، جو عبادت، علم اور رزق کا وقت ہے، نیند میں گزر جاتی ہے۔ پھر ہم شکایت کرتے ہیں کہ وقت میں برکت نہیں، ذہن منتشر رہتا ہے اور کام مکمل نہیں ہوتے۔
یاد رکھیے! برکت کا مطلب صرف زیادہ مال یا زیادہ وقت نہیں، بلکہ کم وقت میں زیادہ خیر اور بہتر نتائج حاصل ہونا ہے۔ یہی وہ نعمت ہے جس کی دعا رسول اللہ ﷺ نے اپنی امت کے لیے فرمائی۔
اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی عبادت میں لذت آئے، آپ کی صحت بہتر ہو، آپ کی یادداشت مضبوط ہو، آپ کے علم میں اضافہ ہو، آپ کے کاروبار یا ملازمت میں ترقی ہو اور آپ کی زندگی میں حقیقی برکت آئے، تو آج ہی اپنی زندگی کا ایک فیصلہ بدل دیجیے: رات کو جلد سوئیے اور صبح فجر سے پہلے یا کم از کم فجر کے وقت ضرور بیدار ہوئیے۔ہو سکتا ہے ابتدا میں یہ معمول مشکل محسوس ہو، لیکن چند دن کی پابندی کے بعد یہی عادت آپ کی سب سے بڑی طاقت بن جائے گی۔ کامیاب لوگ صرف وقت کے ساتھ نہیں چلتے، بلکہ وقت سے پہلے جاگتے ہیں۔
آئیے! ہم عہد کریں کہ فجر کی اذان کو اپنے دن کی پہلی آواز بنائیں گے، قرآنِ کریم کی تلاوت سے صبح کا آغاز کریں گے، اپنے رب سے تعلق مضبوط کریں گے اور اس وقت کو علم، محنت اور خدمتِ خلق کے لیے وقف کریں گے۔



































