
جویریہ شاہ رخ
آج جمعہ کا دن تھا صبح میاں کےکام پر جانےکے کپڑے استری کیے تو ہاتھوں ہاتھ اپنے شہزادے کے قمیض شلوار کو بھی استری کی۔ جلدی
جلدی گھرکے کاموں کو نمٹایا اورشیرو(یعنی شاہ ویر)کو قمیض شلوارپہنا کر تیارکیا پھر اپنے شہزادے کو بازوؤں میں سمو کر ایک تصویر لی اور میاں جی کو بھیجی قمیض شلوار اور ٹوپی میں ملبوس واقعی نظرآتارنے کےلائق تھا ،لہٰذا جلدی سےاپنےجگر کے ٹکڑے کی نظراتاری اوربہت سارا پیار کرکے صاحب جی کو سلانے لگی ۔ شاہ ویرکو سلاتے ہوئے موبائل میں واٹس ایپ اسٹیٹس سکرول کرنے لگی کہ ایک تصویر پرنظر پڑی اور نظر اٹک ہی گئی تصویر میں نظر آنے والا بچہ ہو بہو میرے شیروں جیسا تھا، مٹی میں اٹا ہوااور اپنے کپڑوں پر بہت سے خون کے نشان لیےہوئے کسی رضاگار کی گود میں مسکرارہا تھا ۔ اس کی مسکان بھی میرے شیرو جیسی تھی بالکل معصوم اور ہرفکر سے آزاد ۔۔۔۔۔
ایک لمحہ تو شکر کیا کہ یہ شیرو نہیں مگر اگلی ہی لمحے لمحہء شکرلمحہء فکر میں بدل گیا کہ یہ بھی کسی ماں کےجگر کا گوشہ ہوگا۔ یہ بھی کسی ماں کے دل کا ٹکڑا ہوگا ۔ اس کی چمکتی آنکھوں سے بھی کسی کی دنیا روشن ہوتی ہوگی اس کی رخسار پر بھی کوئی برملا بوسہ دیتا ہوگا مگر اور اس مگر کے آگے صرف لمحہ خاموشی تھی۔۔۔۔۔
اس ماں کی بھلا کیا غلطی تھی کیا قصور تھا جووہ اپنے بچے کی خوشی نہ دیکھ سکی جس سےاس کی ممتا چھین لی گئی ۔ اس بچے کا کیا قصور تھا جس سے اس کی ماں چھین لی گئی ۔ وہ کیوں مسکین ہو گیا ؟ کیوں اس کے سر سے چھت چھن گئی ؟اپنے شیر پر ہاتھ پھیرتے میری آنکھوں میں آنسوتھے ایک لمحے کے لیے بھی جب تصور کرو تو اس خوشی پر جو اس ننھے کےچہرے پرعیاں تھی دل ساری فکروں کو بھلا کر رورہا تھا ۔ کیا واقعی یہ جوابی کارروائی ہے ؟کیا جوابی کارروائی میں عورتوں اور بچوں کے حقوق کو یوں فراموش کرتے ہیں ؟کیا یہی اسلوب ہیں جنگوں کے؟
کیا یہی طریقہ کار ہیں یہودی مذہب کےماننے والوں کی؟جوابی کارروائی کرنے والےمسلمانوں نے تو اپنی تہذیب کونہ بھولا تو موسی عہ کے ماننے والےکب اورکیوں اس نقطہ نظرکو نظرانداز کر گئے؟ فلسطین پرحملے کرنے والے یہودی نہیں ہو سکتے۔۔۔۔ یہودی تو توریت و زبورکوماننے والے ہیں ۔وہ تو داؤد عہ سلیمان عہ کی طرح حکومت کواپناتےہیں وہ تو یعقوب کی طرح اخلاقی مرتبوں کےتقاضے رکھتے ہیں ۔۔۔ یہ یہودی نہیں ہیں۔ نہیں نہیں یہ ہرگز یہودی نہیں ہیں ۔۔۔یہ انسانی حقوق کے علمبردار نہیں ۔۔۔ یہ انسان کہلانے کے بھی لائق نہیں ہے۔



































