
ثمین سجاد / بہاولپور
شاعری جذبات واحساسات کی ترجمانی کا ایک ایسا موثر ذریعہ ہےکہ جس میں انسان اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا استعمال کر کے ایک ایسا شاہکار تخلیق کرتا
ہےجو پڑھنے والوں کےدلوں پرگہرااثرمرتب کرتا ہےمگراس شاعری کا عظیم مقصد، اس کےذریعے آنےوالی تبدیلی، اور اس کے ذریعے بدلنے والی قوموں کی ترقی کا برصغیر کے مسلمانوں کو کس نے بتایا؟ وہ کوئی اور نہیں بلکہ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ہیں۔ وہ شاعر مشرق سے زیادہ شاعر آگہی ہیں۔ میں یہ سوچتی تھی کہ محمد اقبال نے اپنا زیادہ تر کلام شاعری کی صورت میں ہی کیوں مرتب کیا؟ اب سمجھ میں آنےلگا ہے کہ شاعری جذبات کی ترجمانی کا موثر ذریعہ ہے۔ شاعری دل سے نکلتی ہے اور
دل سے جو بات نکلتی ہے اثررکھتی ہے
پر نہیں، طاقت پرواز مگر رکھتی ہے
اقبال کی شاعری نے برصغیر کے مسلمانوں کو ان کے پراگندہ خیالات سے نکالا اور ان کو آزادی کا حقیقی مقصد سمجھایا۔ ان کو شعور دیا کہ آزادی کی قدر و منزلت کیا ہے۔ آزادی وہ سرسبز وادی ہے جس کے باہر ذلت کے سیلاب ہیں جو اپنے ساتھ ایک قوم کو بہا کے لے جانے کی سکت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مسلمانوں کو ہمت اور جرآت دینے کے لئیے غیور پرندے "شاہین" کا انتخاب کیا۔
برصغیر کے مسلمان غلامی کی زنجیروں میں جکڑے رنجیدہ سے تھے۔ انہیں تب قید کیا گیا جب ان کی آنکھوں کو آزادی کا کھلا آسمان دیکھنے کی عادت پڑگئی تھی مگر ایک چیز جس پر وہ بہت جذباتی تھے وہ تھا "مذہب"۔ اقبال کی شاعری پہ بھی مذہب کی گہری چھاپ ہے۔ ایسی شاعری نے مسلمانوں میں ولولہ وجذبہ ابھارا اور وہ دوبارہ اپنی آزادی حاصل کرنے پر مائل ہوئے۔ اقبال نے قوم کو یہ شعور دیا کہ دین اور دنیا کو ساتھ لے کر چلنے میں ہی کامیابی اور بھلائی ہے۔
اللہ سے کرے دور تو تعلیم بھی فتنہ
املاک بھی، اولاد بھی، جاگیر بھی فتنہ
ناحق کے لئیے اٹھے تو شمشیر بھی فتنہ
شمشیر کیا نعرہ تکبیر بھی فتنہ
پر سوال یہ ہے کہ کیا آج کا مسلمان اقبال اوران کے کلام سے متاثر ہو کے اپنی زندگی سنوارنا چاہتا ہے؟
یا ہم صرف پرچے میں اقبال پر مضمون لکھنےاور اردو کی کتاب میں اقبال کے خطوط پڑھنے تک رہ گئے ہیں؟ اقبال نے ہمیں آزادی کا مقصد اور اس کی اصل روح سے روشناس کروایا ہے۔ اقبال صرف شاعر ہی نہیں ایک ایسے سکالر اور ادبی شخصیت ہیں جنہوں نے نسلوں کا رخ بدلا۔ وہ تمام عناصر ہمارے لئیے باعث تشکر ہیں جنہوں نے اقبال کو اتنا اقبال دیا کہ وہ شاعر مشرق بن گئے۔





































