
روزینہ خورشید
یادیں کیا ہوتی ہیں ؟کوئی ایسی بات ،کوئی ایسا واقعہ، کوئی ایسی شخصیت جس کے ساتھ گزارے ہوئے لمحات ہمارے ذہن کے
کسی کونے میں ہمیشہ کے لیےمقید ہوجاتےہیں۔ وہ یادیں بن جاتی ہیں اوراگریہ والدین کی ذات سے جڑی ہوں تو زندگی کا قیمتی ترین سرمایہ بن جاتی ہیں ۔۔میرے والد قمرالحسن قمر تین دہائیوں تک قوم کے بچوں میں علم کی روشنی بانٹتے رہے۔ وہ اسکول کے لئے سخت گیر پرنسپل تھے ۔ اصولوں پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرتےمگر اپنے طالب علموں کے لئے ایک شفیق اور مہربان استاد کے روپ میں سائبان تصور کئے جاتےتھے۔آج ان کےہاتھوں کےپڑھے ہوئے بچے مختلف شعبہ زندگی میں کار ہاۓ نمایاں انجام دے رہے ہیں۔
میرے ذہن کے پردوں میں بھی اپنےوالد سے متعلق یادیں محفوظ ہیں لیکن جب بھی انہیں صفحہ قرطاس پر منتقل کرنے کی کوشش کرتی ہوں تو آنکھوں سے جاری آنسو مجھے کچھ لکھنے نہیں دیتے ،نظریں دھندلا جاتی ہیں۔ الفاظ گڈمڈ ہو جاتے ہیں اور خیالات کی ایسی آندھی چلتی ہے جو مجھے میرے بچپن میں لا کھڑا کرتی ہے، جب میں ایک چھ سال کی کمزور سی بچی تھی۔
مجھے یاد ہے اس وقت ہمارے گھر میں ایک بڑا ساصحن ہوتا تھا جس میں سوہانجنے اور پپیتےکےدرخت تھے،ایک طرف سدا بہار کے پودے تھے اور دوسری طرف امی نے لوکی کی بیلیں لگائی ہوئی تھیں جو آپ نے چھت پر چڑھا دی تھیں اور اس سے اتری ہوئی لوکی محلے کے ہر گھر میں بھائی کے ساتھ مل کر میں بانٹا کرتی تھی۔ ابو کی عادت تھی کہ رات کے کھانے کے بعد گھر سے باہر ٹہلنے جاتے تھے,ان کے جاتے ہی میں اپنے پاؤں پلنگ کےاوپرکرکے بیٹھ جاتی تھی کہ کہیں کوئی نیچے سے میرا پاؤں نہ کھینچ لے (کیونکہ اس وقت مجھےچوروں،ڈاکوؤں اور جنوں بھوتوں سے بہت ڈرلگتا تھا) اوردعا کرتی رہتی تھی کہ ابو جلدی سے گھر آ جائیں۔ جیسےہی دروازہ کھلتا اور آپ کی آواز سنتی تو چھلانگ مار کر بستر سے اترتی تھی اور زوردار آواز میں پلنگ کے نیچے جھانک کر کہتی" اے چوراگرہمت ہے تو میرے سامنے آؤ اب میرے ابو گھر آ گئے ہیں۔ اب مجھے کوئی ڈر نہیں لگ رہا" اسی طرح درخت کےسامنے کھڑے ہو کر ان دیکھی مخلوق سے مخاطب ہو کر کہتی "اے جن میرے ابو گھر میں ہیں اب تم مجھے نہیں ڈرا سکتے" حالانکہ امی رات کو درخت کے نیچے کھڑے ہونے سے منع کرتی تھیں لیکن میرے لیے تومیرے ابو سپرمین تھے ۔ان کے ہوتے ہوئے میں خود کو بالکل محفوظ تصور کرتی تھی ۔
اپنی کتاب زندگی کا اگلا صفحہ پلٹتی ہوں تو وہ وقت یاد آتا ہےجب بھائی کےساتھ مل کر گھر میں خوب شرارتیں کیا کرتی تھی ،ایسے میں امی ہمیں ڈراتے ہوئے کہتی تھیں" آنے دو تمہارے ابو کو، ان سے ساری شکایت کروں گی"اور ہم فوراً دوسرے کمرے میں چھپ جاتے تھے لیکن اتنا یقین ہوتا تھا کہ ابو ہمیں نہیں ڈانٹیں گےکیوں کہ یہ الفاظ صرف ہمارے دل میں آپ کا رعب بٹھانے کے لیے امی استعمال کرتی تھیں ، گویا یہ ہماری تربیت کا حصہ تھا کہ کھلاؤ سونے کا نوالہ، دیکھو شیر کی نظر سے اور یہ آپکا رعب ہی تھا جس نے ہم دونوں بھائی بہن کو زندگی کی شاہراہ پر کبھی بھی ڈگمگانے نہیں دیا.(آج کل بچوں کی تربیت میں یہ عنصر نا پید ہوتا جا رہا ہے)
مجھے وہ دن بھی اچھی طرح یاد ہے جب سات سال کی عمر میں اپنا ہاتھ فریکچر کروا بیٹھی تھی اور آپ مجھے گود میں لے کر ہاسپٹلز کے چکر لگایا کرتے تھے اور جب 11 سال کی عمر میں مجھے بخار نے دبوچا تھا تو ڈاکٹر کبھی بلڈ ٹیسٹ کرواتے ،کبھی ایکسرے کرواتے لیکن ان کو کچھ سمجھ نہیں آرہا تھا، اس وقت آپ کا میرے لیے پریشان ہونا میں کیسے بھول سکتی ہوں ۔خاص کر آپ کا وہ جملہ تو مجھے آج بھی رلاتا ہے "بیٹا میں اپنے خون کا آخری قطرہ دے کر تمہیں بچا لوں گا"اور اس کے بعد جائے نماز پر آپ کا گڑگڑانا اور میرا صحت یاب ہو جانا یہ سب کسی معجزے سے کم نہیں ۔
میری زندگی کا ایک یادگار لمحہ وہ بھی ہے جب مجھ سے پہلی بارگول اور پھولی ہوئی روٹی بنی تھی تو میں نے خوشی میں نعرہ لگایا تھا "امی دیکھیے میری روٹی پھول گئی" اس وقت ابوگھر میں داخل ہو رہے تھے ۔سیدھے میرے پاس آئے آپ ایسے خوش ہو رہے تھے ،جیسے میں نے کوئی کارنامہ انجام دے دیا ہو ۔جیب سے فورا پانچ روپے (آج کے پانچ سو روپے )نکال کر میرے ہاتھ پہ رکھے اور میری خوشی کو دوبالا کر دیا۔
پیارے ابو! میں آپ کی کیا کیا باتیں یاد کروں ۔ابھی تومیں بچپن سےہی باہر نہیں نکل پا رہی۔ اپنی گرمیوں کی چھٹیاں بھی مجھے اچھی طرح یاد ہیں کیونکہ میرے ساتھ ساتھ آپ کے اسکول کی بھی چھٹی ہوا کرتی تھی ۔ان چھٹیوں میں آپ کا نعتیں سننا اور سنانا،ہمیں انگلش گرامر سیکھا نا،ہمارے ساتھ لڈو اورکیرم کھیلنا، سیر کے لیے چڑیا گھرلے کر جانا۔۔۔۔۔ ایک ایک لمحہ میرے حافظے میں آج تک محفوظ ہے۔
کب بچپن رخصت ہوا اور جوانی نےدستک دی اورجیسے ہی تعلیم مکمل ہوئی توآپ نے سنت نبوی ادا کرتے ہوئےمجھے پیا دیس سدھار دیا۔ شادی کے بعد جب میں بچوں کے ساتھ میکے آیا کرتی تھی تو آپ کا امی کوآوازلگانا"ارے کہاں ہو دیکھو ہماری وٹامن کی گولیاں (میں اور بچے)آگئی ہیں" آج بھی میری سماعتوں میں گونجتا ہے۔
امی کے انتقال کے تیرہ سال بعد8 مئی 2017 کوابو بھی ہمیں داغ مفارقت دےگئے۔ ان کو ہم سے بچھڑے ہوئے 7 سال ہو گئے لیکن اب بھی یقین نہیں آتا ایسا محسوس ہوتا ہےکہ وہ اب بھی میرا انتظار کر رہے ہیں میں جاؤں گی تو انہیں بستر پر لیٹا پاؤں گی ۔۔۔۔۔ مگر بیشک اللہ اپنے بندوں پر بہت مہربان ہے ،اس نے انہیں چلتے پھرتے اپنے پاس بلا لیا ۔
ابو کہا کرتے تھے" ہمیشہ نیم کا درخت بننےکی کوشش کرو جودوست اوردشمن سب پر یکساں سایہ فگن رہتا ہےاورہرایک کے ساتھ کسی صلے اور ستائش کی تمنا کئے بغیر خیر و بھلائی کرتے رہو۔اس کا اجر اللہ دیتا ہے"آپ کی ان تمام باتوں کو میں نے گرہ میں باندھ لی ہیں اور حتی الامکان عمل کی بھی کوشش کرتی ہوں۔مطالعہ کی عادت اور لکھنے کا شوق بھی مجھے آپ سے ہی ورثہ ملا ہے۔4 مئی 2024 کو رائٹرز ایوارڈز کی تقریب میں انعام دینے کے لئے جب میرا نام پکارا گیا تو ابو ۔آپ مجھے بہت یاد آۓ ،اللہ سے دعا ہے کہ میں آپ کے نقش قدم پر چلتےہوئے جہاں تک میری بساط ہو خیر پھیلاؤں اور آپ کے لئے صدقہ جاریہ بنوں۔ آمین
یہ کامیابیاں،عزت یہ نام تم سے ہے
خدا نے جو بھی دیا ہے ،مقام تم سے ہے
تمھارے دم سے ہیں میرے لہو میں کھلتے گلاب
میرے وجود کا سارا نظام تم سے ہے
کہاں بساط جہاں اور میں کمسن و نا داں
یہ میری جیت کا سب اہتمام تم سے ہے
جہاں جہاں پے میری دشمنی سبب میں ہوں
جہاں جہاں پے میرا احترام تم سے ہے



































