
روزینہ خورشید
نفس کےلغوی معنی باطن، ذات، روح اورانسان( شخصیت) کے آتے ہیں ،علم نفسیات دراصل رویوں اورشعوری عمل کے علم کا نام
ہے۔رویہ سےمراد انسانوں کےقابل مشاہدہ عمل اورردعمل ہے۔اسی طرح شعوری عمل سےماہرین نفسیات ہماری ذہنی صلاحیت کا ہرپہلو ۔۔۔۔ مثلا ہمارے خیالات، یادداشتیں ،ہم کیسے سوچتے ہیں،کیسے فیصلہ کرتے ہیں وغیرہ وغیرہ مراد لیتے ہیں۔۔۔۔۔ یعنی ماہرین نفسیات در حقیقت قابل مشاہدہ رویوں اور ذہنی صلاحیت کا مطالعہ کر کے بہتر زندگی گزارنے میں لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔۔ یہ کہنا حق بجانب ہوگا کہ نفسیات کا علم انسانی زندگی کے ہر پہلو پر گہرے اثرات مرتب کرتا ہے۔ یہ ایک ایسا وسیع موضوع ہےجو اپنی مختلف شاخیں رکھتا ہے۔
طبی اور مشاورتی علم نفسیات
کلینیکل اینڈ کاؤنسلنگ سائیکالوجی
ترقیاتی علم نفسیات
ڈیولپمنٹل سائیکالوجی/تنظیمی ادارہ جاتی علم نفسیات
آرگنائزیشنل سائیکالوجی
سماجی علم نفسیات
سوشل سائیکالوجی
صحت اور مثبت علم نفسیات
ہیلتھ اینڈ پازیٹوسائیکالوجی
نفسیات کی درجہ بالا تمام شاخوں کےماہرین اپنےاپنے میدان میں مختلف لوگوں کونفسیاتی ،ذہنی و سماجی الجھنوں سے نکال کر صحت مند زندگی کی طرف راغب کرنے میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ عام افراد کے نزدیک علم نفسیات سے مراد ذہنی بیماریاں اور مسائل ہیں جبکہ یہ تو نفسیات کا صرف ایک شعبہ ہے۔
ماہرین نفسیات کے مطابق انسان کو مختلف مصائب اور مشکلات کےنتیجے میں ڈپریشن( ذہنی دباؤ) یا انزائٹی( شدید تشویش اور اضطراب) میں سے کوئی ایک یا دونوں ہو سکتے ہیں۔ ڈپریشن کی یوں توآٹھ اقسام ہیں لیکن ان میں" میجر ڈپریسو ڈس آرڈر"سب سےاہم ہے ۔ ڈپریشن کی اس قسم میں احساس کمتری ،احساس جرم، جھنجھلاہٹ اوربے توجہی جیسی کیفیات انسان کے اندر پیدا ہوتی ہیں۔ دوسری قسم جسے بائی پولرڈپریشن کہتے ہیں اس کی علامات میں کسی بھی جگہ بلاوجہ درد مزاج میں چڑچڑا پن حتیٰ کہ خودکشی کی خواہش جیسی کیفیات سے انسان دوچار ہوتا ہے۔ ڈپریشن انسان کی قوت فیصلہ پراثر انداز ہوتا ہےاور مناسب علاج نہ ملنے کی صورت میں انسان کی شخصیت کو ختم کر دیتا ہےجبکہ انزائٹی مستقبل کے کسی خطرے یا غم اور فکرکی وجہ سے انسان کو لاحق ہو سکتی ہے۔ یہ انسان کی قوت فیصلہ پر اثر انداز نہیں ہوتی البتہ مزاج اورصحت پر اثر ڈال سکتی ہے۔
انسان، جسم اور روح کا مرکب ہے،لہذا اس پر جسمانی (ظاہری) اورروحانی( باطنی) دونوں طرح کی بیماریاں حملہ آور ہوتی ہیں۔روحانی بیماریاں جن میں کینہ،کدورت، حسرت، بغض، نفرت اورحسد غصہ شامل ہیں ۔ یہی آگے چل کر نفسیاتی و ذہنی بیماریوں کی شکل اختیار کرلیتی ہیں جو روح کے ساتھ ساتھ جسم پر بھی اثر انداز ہونے لگتی ہیں۔ ڈپریشن اور انزائٹی جیسی کیفیات کا ابتدائی علاج یہ ہےکہ انسان روحانیت کی طرف زیادہ توجہ دے اور اللہ سے لو لگائے کیونکہ قرآن مجید نے واضح الفاظ میں اعلان کر دیا ہے کہ
الا بذکر اللہ تطمئن القلوب
(سورہ الرعد:28)
ترجمہ :بے شک اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو سکون پہنچتا ہے۔
قرآنی آیات اور ذکرواذکار سےمدد لینے کےساتھ ساتھ دواؤں کے ذریعےعلاج بھی جاری رکھنا چاہیے۔ اگر آج ہم اپنے ارد گرد نظر دوڑائیں تو معاشرے کا ہر دوسرا شخص ہمیں کسی نہ کسی نفسیاتی یا ذہنی الجھن کا شکارنظرآتا ہے ۔ تقریباً روزانہ ہی ہم ایسے واقعات سنتے رہتے ہیں جس میں لوگ ڈپریشن کے زیر اثر انتہائی اقدامات اٹھانے سے بھی گریز نہیں کرتے ۔
پچھلے دنوں کا ایک واقعہ ہےجس میں باپ نے خود اپنے بچوں کو اور بیوی کو یرغمال بنائےرکھا اورپولیس میں رپورٹ درج کروا دی کہ اس کی بیوی بچوں کو کسی نے اغوا کر لیا ہے جب معاملات کھلے تو پتہ چلا یہ کاروائی اس نے خود کی تھی ۔۔۔۔۔ بعد میں اس کے علاج کے لئے نفسیاتی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں ۔
ایک اور واقعہ سننے میں آیا کہ شوہر نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کا روپ دے دیا۔جوان بیٹے نے پیسے نہ دینے پر باپ کو ہی مار ڈالا۔باپ نے بچے کے شور سے تنگ آکر اس کا سر دیوار پر دے مارا۔کچھ کیسز میں لوگ اپنی زندگی سے اس قدر مایوس ہو جاتے ہیں کہ خودکشی تک کر لیتے ہیں ۔پچھلے دنوں ایک مذہبی شخصیت کےبیٹے کی موت کے حوالے سے بھی خبریں میڈیا کی زینت بنیں۔
اسی طرح بعض کیسز میں لوگ انتہائی قدم تو نہیں اٹھاتےمگر اندر ہی اندر گھٹتے رہتے ہیں اورخوشیوں کو اپنے اوپر حرام کر لیتے ہیں۔
اس طرح کے بہت سے واقعات ہمارےارد گردپھیلےنظر آرہے ہیں جن پہ سنجیدگی سےتوجہ دینے کی ضرورت ہے .اصل میں جن لوگوں کو نفسیاتی یا ذہنی عارضہ ہوتا ہے،وہ اپنے آپ کو مریض ڈکلیئر نہیں کرتے اور نہ ہی علاج کروانا چاہتے ۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ جب بھی ہم اپنے پیاروں کے رویوں میں بدلاؤ محسوس کریں ،جیسے اگر کوئی انسان نارمل تھا لیکن اچانک اس نے خاموش رہنا شروع کر دیا ،کام کاج سے اس کی دلچسپی ختم ہو گئی، بہت زیادہ باتیں کرنی شروع کر دیں،بات بے بات ہنسنا یا روناشروع کر دیا ، تو ایسے میں ہمیں چاہیے کہ ان کی ایکسٹرا کیئرکریں ، انہیں احساس دلائیں کہ وہ ہماری زندگی میں بہت اہمیت رکھتے ہیں ،انہیں مصروف رکھنے کی کوشش کریں کیونکہ مشہورمقولہ ہے کہ "خالی دماغ شیطان کا گھرہوتا ہے"پھر ان کی مثبت برین واشنگ شروع کریں۔ جب انہیں اس بات کایقین ہو جائے گا کہ ہم ان سے مخلص ہیں ان کابھلا چاہتے ہیں تو وہ بخوشی کسی بھی نفسیاتی ڈاکٹرسے علاج کرانےپررضامند ہو جائیں گے،اب یہ ڈاکٹر پرمنحصر ہے کہ وہ ان کی نفسیاتی گرہوں کو کھولنے اور ذہنی الجھنوں کو سلجھانے کے لیےدوا تجویز کریں یا تھراپی ۔اللہ تعالی ہم سب کو اپنے پیاروں کے ساتھ خوش و خرم رہنے کی توفیق عطا فرمائے



































