
ام عبداللہ
نئی نوکری کی پہلی تنخواہ میری پتلون کی جیب میں تھی میں نےخوشی خوشی گھر فون کرکے اپنی امی کو بتایا کہ بس پہنچ رہا ہوں،تیار رہیں
،مجھے آج ہی چھوٹی کو نیا یونی فارم اور بھائی کو نیا بستہ اور جوتے دلانے ہیں ۔کئی دن سے ہمارا گزارہ جمع پونجی سے ہورہا تھا ۔میری گزشتہ نوکری نہیں رہی تھی اور یہ نوکری چار ماہ بعد ملی تھی۔ اس تنخواہ سے جڑے خوابوں کا مجھے بہ خوبی علم۔تھا بڑا بھائی بننا شاید آسان ہو لیکن فرض شناس بڑا بھائی بننا بس قربانی مانگتا ہے۔ ابھی ان خوابوں کی تکمیل کا وقت تھا کہ اچانک میرا راستہ دو لڑکوں نے روکا جن کے ہاتھوں میں اسلحہ اور آنکھوں میں غرور و دہشت تھی ۔
جیبیں خالی کرنے کا حکم ہوا میرے ہاتھ جیب پر مزید سخت ہوگئے،خواب آنکھوں کےسامنےرقص کرنےلگے دل خوف سےلرزااور پھر لگا دھڑکنا بھول گیا ایک گولی سینے کے آر پار تھی۔
میں نے اپنے خون کی گرمی کو فرش میں گرتے ہوئے محسوس کیا، ان آنسوؤں کی طرح جو میرے چہرے کو تر کررہے تھے ۔میں ٹھنڈی، تاریک گلی میں لیٹ چکا تھا میری بینائی گلاب کی آخری پنکھڑی کی طرح دھندلا رہی تھی۔آخری چہرہ جو میری آنکھوں کے سامنے تھا میری ماں کا تھا جس کا میں امیدوں کا مرکز اور بیوگی کا سہارا تھا ۔ مجھے اپنے چھوٹے بھائی کا خیال ستایا کہ کم عمری میں وہ ماں و بہن کو کیسے سنبھالے گا اور بہن ابھی تو وہ ابا کو ہی یاد کر کر کے میرے سینے سے لگتی تھی ۔
کون ا سے سینے سے لگانے کے لیے مضبوط بانہیں فراہم کرے گا۔ان سب حقیقتوں کو جانتے ہوئے بھی میری آنکھیں بند ہوگئیں ۔مجھے ایمبولینس کا سائرن سنائی دیا اور لوگوں کی آوازیں لیکن حقیقت بدل نہیں سکتی ۔جسم سے روح پرواز کرچکی تھی ۔جسم مردہ تھا لیکن روح زندہ کیوں کہ میری روح زندہ رہے گی اور انصاف ملنے تک ہوا میں اس کی سرگوشی سنائی دیتی رہے گی ۔انصاف کی التجا، اور یاد دہانی کے لیے کہ بے گناہی زندگی و سانس کی ضمانت تو نہیں ہے لیکن بے گناہ ہی کیوں نا معلوم افراد کے ظلم کا شکار ہوتے ہیں ؟



































