
منزل کی جانب دوسرا قدم
ام محمد عبداللہ
حصہ دوم
مجھے کہاں جانا ہے؟
( وژن اور مشن سے آگاہی)
میں ربِ کائنات کی افضل ترین مخلوق ہوں، اس نےمجھے بے پناہ محبت سےتخلیق کیاہے۔اربوں کھربوں انسانوں میں بھی اس نے میری انفرادیت
قائم رکھی ہے۔ میراڈی این اے،آواز،آنکھوں کی پتلیوں کے نقوش چہرے کےخدوخال،ذہنی رجحانات اورسوچنےکا انداز،انگلیوں کا سائز اور شکل، دماغی لہریں، دل کی دھڑکن ، ہاتھوں کی لکیریں، اخلاق، عادات اور کردار غرض میری ہر چیز کو اُس نے منفرد اور خاص بنایا ہے۔
صرف یہی نہیں،اس نےمیرےلیےنعمتوں سےبھرپور،آسائشوں سےآراستہ، شان وشوکت سےمزین جنت تخلیق کی ہے۔ تو پھر میں کوئی معمولی، بے قیمت شے کیسے ہو سکتی ہوں؟
پھر بھی، کیا وجہ ہےکہ میرے شب وروزہوا کےدوش پراڑتےبےوزن تنکوں کی مانند بکھررہےہیں؟ کہ ہواانہیں جس سمت لے جانا چاہے، لے جاتی ہے؟ کیا میں اُس کشتی کی مانند ہوں جسےنہ اپنی منزل کاعلم ہو،نہ کھلے پانی میں تیرنے کی سمت کا شعور؟
میں جس ربِ عظیم کی تخلیق ہوں،مجھ پرواجب ہےکہ میں اپنےمقصدِ حیات کو پہچانوں،اپنے نقطۂ نظرکوواضح رکھوں اوراس وژن تک پہنچنے کے لیے اپنا ایک مشن — یعنی عملی منصوبہ — طے کروں۔
ویژن وہ خواب ہے جو میں آنکھیں کھلی رکھتے ہوئے دیکھتی ہوں۔ وہ تصورکہ میں آج سےایک سال، پانچ سال یادس سال بعد کہاں کھڑی ہوں؟ میں کس کردار میں ہوں؟ میں دنیا میں کیا مثبت تبدیلی لا چکی ہوں؟ میں مرنےکےبعد کہاں ہوں گی؟ مجھے اللہ کے ہاں کس نام سے پکارا جائے گا؟
مشن وہ عملی منصوبہ ہےجومجھےمیرے وژن تک پہنچاتا ہے۔ وہ حکمتِ عملی جومیرےروزمرہ کاموں کومیرے بڑے خواب سےمربوط رکھتی ہے۔ یہی میری سمت متعین کرتا ہے، میری ترجیحات بناتا ہے، اور مجھے وقت کے بہتر استعمال کا شعور دیتا ہے۔
اپنی ڈائری میں سوچ کر لکھیں
میرا وژن (خواب)۔
میرا مشن (منصوبہ)۔
کیا میرا آج کا دن میرے ویژن سے جُڑا ہوا ہے؟
کیا میں صرف زندہ ہوں؟
یا واقعی کسی مقصد کے ساتھ جی رہی ہوں؟
ہمارا دین ہمیں ویژن دیتا ہے
"الناس کلهم عیالُ الله"
(تمام انسان اللہ کا کنبہ ہیں)
اس ویژن کی روشنی میں ہمارا مشن ہے کہ ہم انسانیت کو ہدایت، انصاف، اور رحمت کی روشنی تک پہنچائیں۔
ان شاء اللہ کل ہم بات کریں گے: کیسے روزمرہ کے عام سے کام بھی ہمیں اپنے مشن سے جوڑ سکتے ہیں؟
یاد رکھیں: منزل تک پہنچنا ہو تو چھوٹے چھوٹے قدم اٹھانے ہی پڑتے ہیں۔
جاری ہے...



































