
چوتھا قدم
آئینہ بولتا ہے
ام محمد عبداللہ
کبھی کبھی سورۃ العصر کی تلاوت کرتے ہوئے برف کی مانند پگھلتا ہوا وقت دل کو جھنجھوڑ دیتا ہے۔ یہ احساس ہوتا ہے کہ ہم کہاں
جا رہے ہیں؟ ہماری توانائیاں، جوانی اور فرصت — کیا ہمیں ہمارے ویژن اور مشن کے قریب لا رہی ہیں یا یونہی ضائع ہو رہی ہیں؟
پھر وہ حدیث یاد آتی ہے: "ہلاک ہو گیا وہ شخص جس کا کل آج سے بہتر نہ ہو"
اور ایک دوسری حدیث: "پانچ چیزوں کو پانچ سے پہلے غنیمت جانو:
صحت کو بیماری سے پہلے، فرصت کو مشغولیت سے پہلے، جوانی کو بڑھاپے سے پہلے، زندگی کو موت سے پہلے اور خوشحالی کو تنگدستی سے پہلے"۔
یہ سب ہمیں جھنجھوڑتا ہے کہ کہیں ہم واقعی قیمتی وقت گنوا تو نہیں رہے؟ اس کے لیے ایک ٹھہراؤ ضروری ہے — ایک ایسا لمحہ جہاں ہم خود سے سچ بولیں، سنیں اور لکھیں۔
دنیا کو ہم بہت کچھ دکھاتے ہیں، لیکن خود کو کیا دکھاتے ہیں؟ کیا ہم اپنے سامنے بھی سچے ہوتے ہیں؟ آئینہ بولتا ہے ایک خالص اور سچا تنہائی کا لمحہ ہے، جہاں ہم خود سے سوال کرتے ہیں، خاموشی سے اپنے دل کو سنتے ہیں اور وہ لکھتے ہیں جو ہم سے کوئی نہیں سن سکتا۔ یہی عمل سیلف رفلیکشن جرنلنگ کہلاتاہے، یعنی وقتاً فوقتاً اپنی ذات، نیت، عمل اور سوچ کا جائزہ لینا اور اُسے لکھ لینا۔
جب آپ ایک خالی صفحہ کھول کر سادہ سوالات لکھتے ہیں، تو وہ صفحہ آئینہ بن جاتا ہے — ایسا آئینہ جو جھوٹ نہیں بولتا، بہانے نہیں بناتا اور صرف سچ دکھاتا ہے۔ مثال کے طور پر:
آج میں نے کیا اچھا کیا؟
کہاں میری نیت کمزور پڑی؟
کس بات نے دل کو تکلیف دی؟
کس نعمت پر شکر ادا کیا؟
میں نے کیا سیکھا؟
کل میں کیا بہتر کر سکتا ہوں؟
ہفتے میں ایک بار اپنے آپ سے یہ سوالات بھی کیے جا سکتے ہیں:
اس ہفتے میں نے سب سے اہم کیا سیکھا؟
وقت کا سب سے بڑا ضیاع کیا تھا؟
میں نے خود کو سب سے سچا کب پایا؟
کس بات پر دل مطمئن ہوا؟
* اگلے ہفتے میں کون سی بہتری لانا چاہتی ہوں؟
اس عمل کا مقصد نیت کی تطہیر، عمل کی اصلاح، غلطیوں کا اعتراف اور بہتری کی کوشش، رب کی قربت اور ہر دن بہتر انسان بننے کی کوشش ہے۔ اس کے لیے ایک سادہ نوٹ بک یا جرنل مخصوص کریں، روزانہ صرف 5–10 منٹ نکالیں، روز کم از کم 3 سوالات کا انتخاب کریں اور ہفتے میں ایک دن ہفتہ وار ریفلیکشن سوال ضرور شامل کریں۔
یہ سرگرمی انسان کو اندر سے مضبوط کرتی ہے کیونکہ وہ خود سے سچ بولتا ہے۔ اس سے خود شناسی
میں اضافہ ہوتا ہے، دل و دماغ میں سکون اور یکسوئی آتی ہے، غیر ضروری سوچ بچار کم ہوتی ہے، فیصلہ کرنے کی صلاحیت بڑھتی ہے اور سب سے بڑھ کر اللہ سے تعلق میں گہرائی پیدا ہوتی ہے۔
اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارا کل کا دن آج سے بہتر ہو، تو آج ہی سے اپنے دل سے سچ بولنا اور اُسے لکھنا شروع کریں، کیونکہ آئینہ تبھی بولتا ہے جب ہم اُس کی طرف دیکھنے کی ہمت کرتے ہیں۔
جاری ہے،،



































