
غزالہ اسلم
"دادی جان کھانا کھا لیں۔ امی ابو دسترخوان پہ انتظارکر رہے ہیں۔"نوفل نے دروازہ کھول کرکہا۔سطوت آرا نے چپکےسےآنکھوں کے نم ہوتے
گوشے صاف کیے، چھڑی کے سہارے آہستہ آہستہ قدم اٹھاتے ہوئے کمرے سے باہر نکل گئیں۔
بیٹا سلمان اور بہو فرحین نے ماں کو آتے دیکھ کر پلیٹ میں سالن نکالا اور روٹی نکال کر ان کے سامنے رکھی۔
"ماں جی بسم اللہ کریں۔" سلمان نے کہا۔
سب نے کھانا شروع کیا۔"دادی جان میں کئی دنوں سے ابو سےکہہ رہا ہوں کہ 14 اگست آنے والی ہے۔ مجھے جھنڈیاں اور سجاوٹ کا سامان دلانے کے لیے کاغذی بازار لے چلیں، مگر ابو ٹال دیتے ہیں۔ آپ کہیں نا ابو سے۔ کل اتوار ہے، مجھے ضرور ساتھ لے کر چلیں۔پانچ سالہ نوفل نے معصومیت سے ابو کی شکایت کی۔
سطوت آرا کا نوالہ منہ تک جاتےجاتے رک گیا۔ ماضی کی تلخ یادوں سےچہرے پر دکھ ہلکورے لینے لگا۔ سلمان نے جلدی سے کہا،" ہاں بیٹا، پکا وعدہ کل چار بجے دوپہر کو بازار چلیں گے اور جھنڈیاں لیں آئیں گے۔ تم جلدی سے کھانا کھاؤ پھر واک کے لیے بھی جانا ہے۔"
اگست کا مہینہ آتے ہی سطوت آرا کے سالوں پرانے زخموں سےکھرنڈ اترجاتی اور تمام زخم ازسر نو تازہ ہو جاتے اور ان سے خون رسنا شروع ہو جاتا۔ اس مہینے ان کا کھانا، پینا، بولنا، چالنا سب کم ہو جاتا۔ سلمان اور فرحین ان کی کیفیت کو سمجھتے ہوئے انہیں کچھ دیر اکیلا چھوڑ دیتے اور کبھی انہیں کسی دوسری طرف متوجہ کر دیتے ۔
کھانے کے بعد واک سے فارغ ہو کر سب اپنے کمروں میں چلے گئے۔ سطوت آراسونے لیٹیں تونیند آنکھوں سے کوسوں دور تھی۔ ان کا ذہن ماضی کے سفر پر روانہ ہو گیا تھا۔
" سطوت، اللہ نے ہمیں ایک بیٹے( کامران) کی نعمت سےتو نواز دیا ہے,آگراس بارہمیں بیٹی کی نعمت سےنواز دے تو کتنا اچھا ہو؟" جہانگیر مرزا نے خوشگوار موڈ میں کہا۔
"بن کے رہے گا پاکستان! بٹ کے رہے گا ہندوستان!" باہر نوجوان نعرے بازی کرتے ہوئے گزر گئے۔
"میری زچگی میں دو مہینے رہ گئے ہیں اور پاکستان بننےکی تحریک بھی زور پکڑ چکی ہے۔مجھے بہت ڈر لگ رہا ہےآگے کیا ہوگا۔" سطوت نے مضبوطی سے جھانگیر کا بازو پکڑ لیا۔ چہرہ پیلا زرد ہو رہا تھا۔ آنے والے وقت کےخوف سے سطوت لرز رہی تھی۔
"سطوت حوصلہ رکھو اور اللہ سے دعا کرو۔ شکر ہے ہم مسلمانوں کے محلے میں رہتے ہیں ،یہاں خطرے کی کوئی بات نہیں ،ابا جان کل کہہ رہے تھے کہ ہو سکتا ہے ہمیں دہلی سے پاکستان ہجرت کرنا پڑے تو ضروری سامان ایک بیگ میں رکھ لینا، زیور بھی سنبھال کر بیگ میں رکھ لینا۔"
"کل میری امی جان کا خط آیا تھا، بمبئی سے، وہ کہہ رہی تھیں کہ وہ لوگ پانی کے جہاز میں کراچی جانے کا سوچ رہے ہیں۔ سمندری سفر میں بلوائیوں کے حملے کا خطرہ نہیں ہوگا۔ میں تو کہتی ہوں ہم سب بھی بمبئی چلتے ہیں وہاں سےکراچی چلے جائیں گے۔" سطوت نے تجویز پیش کی۔
"سطوت ابا جان مسلم لیگ کے سرگرم کارکن ہیں۔ محمد علی جناح صاحب کے جلسوں میں شریک ہوتے ہیں وہ جو اپنے ساتھیوں کے مشورے سے کریں گے وہی بہتر ہوگا۔ تم پریشان نہ ہو۔" جہانگیر نے حوصلہ دیا۔
صبح سے علاقے میں کشیدگی محسوس ہو رہی تھی۔ مرد بوکھلائے ہوئے تھے۔ کام تو ویسےبھی کئی ہفتوں سےٹھپ ہو چکا تھا۔ نہ جائیداد کی خرید وفروخت ہو رہی تھی ، نہ سونا، نہ کپڑا بک رہا تھا ، صرف کریانے کی دکانیں، دودھ، سبزی وغیرہ فروخت ہو رہی تھی۔ دوپہر کو جہانگیر مرزا گھبرائے ہوئے گھر میں داخل ہوئے۔ دروازے کی کنڈی لگا کر سب کو چپکے چپکے آوازیں دے کر ابا جان کے کمرے میں جمع کیا۔
" خفیہ اطلاعات کے مطابق ہندو بلوائی جگہ جگہ مسلمان محلوں میں حملے کر رہے ہیں اورآج یا کل میں ہمارے محلے کا نمبر آنے والا ہے۔ ابا جان نے کہلوایا ہے سب گھر کے افراد اپنے ضروری سامان کا بیگ تیار رکھیں۔ شاید آج رات ہی ہمیں نکلنا پڑے۔" جہانگیر کی بات سن کر سب خواتین ایک دوسرے کی شکل دیکھنے لگیں۔ "کاٹو تو بدن میں لہو نہیں "والی کیفیت تھی۔
آخر اماں جان ہمت کر کے بولی۔" بچیوں تم کیوں گھبرا رہی ہو۔ اللہ ہمارے ساتھ ہے اور ہجرت تو میرے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت ہے۔ ہم تو خوش نصیب ہیں کہ اتنے گنہگار ہوتے ہوئےبھی اللہ نے ہمیں اس سنت پر عمل کی توفیق دی۔ ایک ایک جوڑا کپڑوں کا اپنا اور بچوں کا رکھ لو۔ زیور اور پیسا بھی پوٹلی میں باندھ لو۔ بس دعا کرو عزت کے ساتھ پاکستان پہنچ جائیں۔ باقی گھر فرنیچر برتن بھانڈے سب دوبارہ مل جائیں گے مگر عزت ایک دفعہ چلی گئی تو پھر ہاتھ نہ آئے گی۔ میری ایک نصیحت تم سب بہو بیٹیوں سن لو عزت بچانے کے لیے اگر کنویں میں بھی چھلانگ لگانی پڑے تودریغ نہ کرنا۔" لڑکیاں ایک دوسرے کے گلے لگ کر رونے لگی۔
اس دن کھانا ایسے ہی دیگچی میں پڑا رہا۔ کسی کے حلق سے نوالے نہ اتر رہے تھے۔ بچوں کو زبردستی کھانا کھلا دیا۔ بچے بڑے سب ملا کر کل 20 افراد تھے اس گھر میں۔ رات 10 بجے کے قریب ایک ٹرک گلی کے قریب آکے رکا۔ محلے کی سب خواتین بچے اپنی پوٹلیوں سمیت خاموشی سے سوار ہو گئے اور ٹرک ریلوے اسٹیشن کی طرف چل پڑا۔ اماں جان آیت الکرسی چاروں قل پڑھ کر سب پر پھونک رہی تھیں۔ ہر گھر کا ایک مرد ٹرک میں سوار تھا۔ باقی دوسری سوزوکی میں اسٹیشن آرہے تھے۔ سب افراد خوفزدہ تھے اور ذکرالہی میں مشغول تھے۔ جیسے ہی ٹرک بخیریت ریلوے اسٹیشن پہنچا، سب نے دل ہی دل میں اللہ اکبر کا نعرہ لگایا۔ جلدی جلدی سب لوگ ٹرین کے ایک ڈبے میں سوار ہو گئے۔ مردوں کی سوزوکی بھی پہنچ گئی۔ جیسے ہی مرد اتر کر ٹرین کی طرف آنے لگے، ہندو بلوائیوں کی سوزوکی بھی آرکی اور دھڑ دھڑ کرتے ہندو تلواریں اور کرپانیں لے کر مردوں پر ٹوٹ پڑے۔ مسلمان مرد نہتے تھے۔ ٹرین کے ڈرائیور نے فورآٓ ٹرین چلا دی۔ سطوت آرا نے اپنی آنکھوں سے جہانگیر مرزا اور اس کے بھائی کو خون میں لت پت دیکھا۔ اس کے بعد وہ بے ہوش ہو گئی۔
کچھ دیر بعد ہوش آیا تو ٹرین بگٹٹ بھاگی جا رہی تھی۔ سب عورتیں روبھی رہی تھیں اور اللہ سےمدد کی درخواست بھی کررہی تھی۔ ٹرین جنگل بیاباں سے گزر کر پاکستان کی جانب رواں دواں تھی کہ اچانک ہلکے ہوتے ہوئے رک گئی ۔ معلوم ہوا کہ سکھوں نے حملہ کر دیا ہے۔
ان کے ڈبے میں بھی پانچ چھ خون خوارسکھ کرپانیں لہراتےہوئے"ست سری اکال" کےنعرے لگاتے ہوئےعورتوں اور بچوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹنے لگے۔ ابا جان عورتوں کو بچانے کے لیے آگے بڑھے تو ان کا سر تن سے جدا کر دیا گیا۔ ایک چیخ و پکار مچی ہوئی تھی۔ مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیلی جا رہی تھی۔ ایک سکھ نے کامران کو گریبان سے پکڑ کر اٹھایا، سطوت چیخی،"خدا کے لیے میرے بچے کو چھوڑ دو۔" سکھ نے مکروہ قہقہہ لگاتے ہوئے کرپان کامران کے پیٹ میں گھونپ دی۔ سطوت اور کامران کی چیخ ایک ساتھ بلند ہوئی اور سطوت بے ہوش ہو کر لڑھک گئی۔
سطوت کو ہوش آیا تو ہسپتال نما کوئی جگہ تھی۔ اس کے ہاتھ میں ڈرپ لگی ہوئی تھی۔ آس پاس کئی عورتیں پلنگ پہ تھیں۔ کئی عورتیں نیچے گدے پر لیٹی ہوئی تھیں۔ کسی کے ڈرپ لگی تھی کسی کے زخموں کی مرہم پٹی کی جا رہی تھی۔ سطوت نے ایک نرس کو اشارے سے بلایا۔" میں کہاں ہوں؟ میرے گھر والے کہاں ہیں؟" " آپ لاہورکے ہسپتال میں ہیں۔ آپ کے گھر والوں کے بارے میں مجھے معلوم نہیں۔ میں انتظامیہ سے پوچھ کر بتا سکتی ہوں۔" نرس نے پیار سے سطوت کا ہاتھ تھام کر کہا۔
سطوت کو پچھلے واقعات یاد آنے لگے۔ جہانگیر مرزا خون میں لت پت، ابا جان کا سر جسم سے الگ، کامران کے پیٹ میں گھونپی گئی کرپان۔" نہیں!!" بے ساختہ سطوت کے منہ سے نکلا اور وہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی۔ نرس اس کو چپ کرانے لگی۔" آپ پلیز چپ ہو جائیں۔ آپ کی حالت سیریس ہے۔ آپ کا بلڈ پریشر بہت بڑا ہوا ہے۔ اگر مزید بی پی بڑھا رہا تو قبل از ولادت کی وجہ سے بچے کی جان کو خطرہ ہو سکتا ہے۔ باقی گھر والے تو پتہ نہیں زندہ ہیں یا نہیں مگر اس معصوم کو تو بچا لیں جو ابھی دنیا میں آیا ہی نہیں۔" نرس (صبا) کی بات سن کر سطوت نے سوچنا شروع کیا۔ "اچھا تم میرے گھر والوں کے بارے میں بتا دو، جو میرے ساتھ تھے۔ ان میں سے کوئی زندہ ہے۔ اگر ہے تو کہاں ہے؟"
"اچھا ٹھیک ہے میں ڈیوٹی سے فارغ ہو کر آپ کا کام کردوں گی۔"
" ٹرین جب لاہور اسٹیشن پر پہنچی تو ہر ڈبہ لاشوں سے بھرا ہوا تھا۔ لاش نکال کر باہر رکھتے گئے تو آپ کے ڈبے سے صرف آپ زندہ تھیں، باقی ڈبوں میں سے کوئی بچہ ،کوئی عورت زندہ بچی۔ ان کی تصویر، نام ،عمر وغیرہ انتظامیہ کے پاس موجود ہے۔ میں یہ کاغذ پہ ان کے نام لکھ لائی ہوں، آپ دیکھ لیں۔" صبا نے ایک کاغذ اس کے سامنے کیا۔ "نہیں اس میں تو کوئی میرے گھر کا فرد نہیں ہے ۔ یا اللہ مجھے بھی بلا لیا ہوتا۔ میں اکیلے کیسے جیوں گی؟" سطوت پھر رونے لگی۔ ڈاکٹر نے سکون کا انجیکشن لگا دیا۔



































