
غزالہ اسلم
"امی ناشتہ دو اسکول کو دیر ہو رہی ہے۔" طلحہ نے ماں کو زور زور سے ہلایا۔ نیلوفر حماد کے سنگ پھولوں سے بھرے پودوں
کے قریب بنی بینچ پر بیٹھی تھی، ہر بڑا کر اٹھ بیٹھی۔
" کیا ہوا؟ کیوں پاگلوں کی طرح چلا رہا ہے؟" نیلوفر غصے سے بولی۔
" امی سات بج چکے ہیں۔ مجھے اسکول جانا ہے۔ میرا ٹیسٹ ہے۔ جلدی ناشتہ دو۔" طلحہ نے اپنا یونیفارم استری کرتے ہوئے کہا۔
" اچھا دیتی ہوں۔" نیلوفر نے ایک کپ چائے بنائی اور دو پاپوں کے ساتھ لا کر طلحہ کو دیا۔ اتنے میں وہ یونیفارم پہن چکا تھا۔ وہ عجلت میں ناشتہ کر کے بستہ اٹھا کر دروازے سے باہر نکل گیا۔
نیلوفر نے دروازہ بند کیا۔ کھڑکی کے پردے برابر کیے اور پلنگ پر لیٹ کر دوبارہ نیند کی وادی میں کھو گئی۔ کئی گھنٹے بعد موبائل بجنے کی آواز سے انکھ کھلی۔
" ہیلو کون؟" بند آنکھوں سے پوچھا۔" نیلی جان ،تمہارا دیوانہ۔ حماد بول رہا ہوں۔ کیسی ہو؟ ناشتہ کر لیا؟" نیلی نے جمائی روکتے ہوئے کہا۔
" نہیں ابھی تو نہیں کیا۔" "میں تھوڑی دیر میں حلوہ پوری لے کر آرہا ہوں۔ مل کر ناشتہ کرتے ہیں۔" حماد نے جواب دیا۔" ٹھیک ہے۔" نیلی خوشی سے بولی۔
پھرتی سے منہ ہاتھ دھو کر کپڑے بدلے اور ہلکا سا میک اپ کر لیا۔ پلنگ کی چادر درست کر رہی تھے کہ دروازہ ہلکے سے بجا۔ نیلی نے آہستہ سے دروازہ کھولا۔ حماد شاپر اٹھائے اندر داخل ہوگیا۔ دروازہ بند کر کے دونوں ناشتہ کرنے لگے۔ باتوں باتوں میں وقت گزر گیا۔ ساڑھے 12 بج رہے تھے۔
" حماد اب تم جاؤ۔ طلحہ کے آنے کا وقت ہو رہا ہے۔" نیلی نے گھبراتے ہوئے کہا۔" افو! یہ طلحہ تو میرا رقیب بن گیا ہے۔" حماد نے منہ بناتے ہوئے کہا۔" اچھا ناراض نہ ہو رات کو ہم خوب باتیں کریں گے فون پر۔" نیلی نے مسکراتے ہوئے کہا اور حماد چلا گیا۔
نیلوفر ایک غریب گھرانے کی لڑکی تھی۔ 8 جماعتیں پڑھ لی تھی اور 15 سال کی تھی تو اپنے جیسے غریب گھرانے سے رشتہ آیا۔ ماں باپ نے اپنا بوجھ ہلکا کیا اور نیلوفر بیاہ کر سکھر سے کراچی آگئی۔ افضل پانچ جماعت پاس الیکٹریشن تھا۔ گھر میں صرف بوڑھی ماں تھی۔ سیدھا سادا انسان تھا۔ صبح 10 بجے کام پر جاتا اور رات کو آٹھ نو بجے آتا۔ معقول آمدنی تھی گزارا آسانی سے ہو جاتا۔ افضل کی ماں جگر کے عارضے میں مبتلا تھی۔ اکثر بیماررہتی تھی۔ نیلوفر نے شادی کے چوتھے دن سے سارے کام سنبھال لیے تھے۔ ہر لڑکی کی طرح نیلوفر کی خواہش تھی کہ میرا شوہر میری تعریفیں کریں، گھمانے لے جائے، تحفے لا کر دے۔ مگر افضل ان سب باتوں میں پورا رہتا نہ اس کے پاس موٹر سائیکل تھی، نہ ہی اسے گھومنے پھرنے کا شوق تھا۔ صبح کام پر جانے سے پہلے سودا سلف لا دیتا۔ رات کو آتے ہوئے ناشتے کا سامان لے آتا۔ کھانا کھا کر ٹی وی دیکھتا۔ ماں سے خیریت پوچھتا۔ نیلوفر سے دو چار باتیں کر کے سو جاتا تھا۔ جب اماں کو معائنے کے لیے اسپتال لے جانا ہوتا تو آدھے دن کی چھٹی کر کے رکشے پہ لے جاتا۔
کراچی میں ان کا کوئی رشتہ دار نہ تھا۔ نیلوفرکواپنی زندگی بہت بورنگ لگتی۔ ایک دن اسے الٹیاں لگ گئی۔ شام کو افضل آیا تو اماں نے قریبی لیڈی ڈاکٹر کے پاس بھجوا دیا۔ دونوں خوش خوش واپس آئے اور اماں کو دادی بننے کی خواہش سنا دی۔
افضل اتوار کو سبزی کے ساتھ سیب اور کیلے لے آتا۔ نیلوفر خوش ہو جاتی۔ ایک رات اماں کو خون کی الٹیاں ہوئی۔ پریشان ہو گیا۔ ایک پڑوسی کے رکشے میں بٹھا کر سول ہسپتال لے گیا۔ ڈاکٹر نے ٹیسٹ وغیرہ کیے تو پتہ چلا کہ جگر نے 70 فیصد کام کرنا چھوڑ دیا اور جگر کا ٓپریشن کرنا پڑے گا ، ورنہ جان جانے کا خطرہ ہے۔ علاج کے لیے پانچ لاکھ روپے درکار تھے۔
افضل دوائیاں وغیرہ دلا کر اماں کو گھر لے آیا۔ مگر مسلسل سوچ میں ڈوبا ہوا تھا۔ اماں دوائیاں کھا کر سو گئی تو افضل کمرے میں آیا اور نیلوفر کو ساری بات بتائی۔ وہ بھی پریشان ہو گئی۔ سونے کا زیوربھی نا تھا اس کے پاس کہ وہی بیچ دیتے۔
افضل روز کام سے آکر کبھی کسی دوست، کسی جاننے والے کے پاس قرض مانگنے جاتا، مگر اس کے دوست بھی سفید پوش تھے اور پانچ لاکھ بڑی رقم تھی۔ آخر کار ایک دو دوست کے مشورے سے افضل نے گھر گروی رکھ کے پیسوں کا انتظام کیا۔ ادھر نیلوفر کی ڈلیوری کے دن بھی قریب تھے۔
" جب تک نیلوفر فارغ نہیں ہو جاتی ہے، میں آپریشن نہیں کرواؤں گی۔"اماں نے فیصلہ کن لہجے میں کہا۔ افضل نے ڈاکٹر کے مشورے سے دو مہینے بعد کی تاریخ آپریشن کے لیے لے لی۔
تھوڑے دن بعد نیلوفر نے بیٹے کو جنم دیا۔ محلے میں مٹھائی باٹی۔ آخر کار وہ دن بھی آگیا جب اماں کو ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ کل آپریشن تھ۔ا نیلوفر نے بہت دعاؤں کے ساتھ اماں کا بیگ تیار کیا۔ افضل ماں کے ساتھ تھا۔ نیلوفر بچے کے ساتھ گھر میں تھی۔ چھ گھنٹے کے آپریشن کے بعد ڈاکٹروں نے باہر آکر افضل کومبارکباد دی۔ اماں خیریت سے تھی۔ ایک ہفتے بعد ڈاکٹر نے گھر جانے کی اجازت دے دی۔ نیلوفر نے محلے کی عورتوں کو بلا کر قران خوانی کی اور آلو کی بریانی پکا کر سب کی تواضع کی۔
دن تیزی سے گزرنے لگے۔ اماں کی صحت کافی بہتر ہوگئی تھی۔ طلحہ گھٹنوں گھٹنوں چلنےلگا تھا۔ افضل کو قرض اتارنے کی فکر تھی اس وجہ سے وہ زیادہ وقت کام کر رہا تھا۔ رات کو 12 بجے گھر آتا۔ کھانا کھاتے ہی سو جاتا۔ اس کے پاس نہ نیلوفر کے لیے وقت تھا، نہ طلحہ کے لیے۔
کسی ایجنٹ کے ذریعے افضل کے دوست دبئی جا رہے تھے۔ افضل کو پریشان دیکھ کر اسے بھی ساتھ چلنے کی پیش کش کر لی۔ اماں اور نیلوفر نے افضل کو سمجھایا کہ یہیں رک کر کماؤ قرض اتر جائے گا۔ مگر قرض دو سال کے وعدے پر لیا گیا تھا۔ اگر افضل وقت پر ادا نہ کرتا تو مکان خالی کرنا پڑتا۔ اتنی سخت محنت کے بعد ایک لاکھ ہی جمع ہو سکے تھے۔ اس لیے افضل نے دبئی جانے کا فیصلہ کر لیا اور تیاری شروع کر دی۔
جس دن افضل کی روانگی تھی اس دن طلحہ پورے آٹھ ماہ کا ہوگیا تھا۔ اماں بھی بہت پریشان تھی۔ نیلوفرنے رو رو کرآنکھیں سجا لی تھی۔ افضل نے سامان کا بیگ تھاما۔ اماں کو سلام کیا، طلحہ کو گلے لگایا اور نیلوفر کو ایک سال میں واپسی کا جگنو تھما کر دروازے سے نکل گیا۔
" نیلوفر بیٹی نہ رو نماز پڑھ کے اللہ سے دعا کر۔ اللہ اسے خیریت سے لے جائیں اور جلد سے جلد فرض اتر جائے، تاکہ وہ واپس آسکے۔" اماں نے سمجھایا۔ دوسرے دن افضل نے فون کر کے اپنے خیریت سے پہنچنے کی اطلاع دی۔ ہر ماہ افضل گھر کے خرچ کے لیے 10 ہزار اور قرض کی ادائیگی کے لیے 40 ہزار بھیجتا۔ ہر ہفتے فون کرتا۔ طلحہ بولنے لگا تھا۔ روز ابا ابا کرتا۔ اماں اور نیلوفر خوب خوش ہوتے۔ خدا خدا کر کے قرض اترا ۔ نیلوفر نے افضل سے کہہ دیا کہ اگلے مہینے تم آجاؤ۔ افضل نے وعدہ کیا کہ اگلے مہینے کی 25 تاریخ میں گھر آجاؤں گا۔ 24 تاریخ کی رات کو دبئی ایئرپورٹ سے فون کیا کہ "دو گھنٹے بعد جہاز روانہ ہو جائے گا۔ صبح تک میں کراچی میں ہوں گا۔ تم لوگ ایئرپورٹ نہ آنا میں خود ہی ٹیکسی کر کے آجاؤں گا۔"
نیلوفر نے ایک دن پہلے سارے گھر کی صفائی کی۔ شامی کباب بنایا۔ ہری مرچ قیمہ بنایا اپنے اور طلحہ کے لیے اچھے کپڑے استری کیے۔ صبح جلدی اٹھ کر اماں کو ناشتہ کرایا۔ طلحہ کو تیار کیا اور خود بھی افضل کی پسند کا سرخ جوڑا پہن کر تیار ہو گئی۔ طلحہ ٹی وی کے ریموٹ سے کھیل رہا تھا۔ اچانک بٹن دب جانے کی وجہ سے ٹی وی آن ہو گیا۔ بریکنگ نیوز چل رہے تھے۔" دبئی سے کراچی آنے والا طیارہ لینڈنگ سے تھوڑی دیر قبل گر کر تباہ ہو گیا۔ تمام مسافروں اورعملے کے افراد کے ہلاک ہو جانے کا خدشہ۔ جہاز مکمل تباہ ہو گیا ہے۔ جہاز کے ٹکڑوں میں اب تک آگ لگی ہوئی ہے۔ اماں اور نیلوفر چیخیں مار کر ایک دوسرے سے لپٹ گئیں۔
شام تک ایک آس تھی۔ شاید افضل بچ گیا ہو، مگر انتظامیہ نے مرنے والے افراد کے ناموں کے فہرست جاری کر دی۔ جس میں افضل کا نام بھی شامل تھا۔ تمام لاشیں جل کر کوئلہ ہو گئی۔ ناقابل شناخت، ادھوری لاشیں اجتماعی قبر میں دفنا دی گئی ۔ صدمے سے نیلوفر اور اماں کی بہت بری حالت تھی۔ لوگ آتے تعزیت کرتے اور چلے جاتے اماں کی طبیعت خراب رہنے لگی تھی. نیلوفر عدت میں تھی.
صبح نیلوفر چائے بنا کے اماں کے پاس آئی تو ان کی انکھیں کھلی ہوئی تھی۔ نہ جانے رات کے کس پہر ان کی روح پرواز کرگئی تھی۔ نیلوفر نے بڑی مشکل سے پڑوسن کو آواز دی۔ ان کے اتے ہی وہ بے ہوش ہو گئی۔
قیامت در قیامت تھی جو نیلوفر پر گزر گئی تھی۔ طلحہ کو پڑوسنیں سنبھال رہی تھی۔ نیلوفر کی ماں اسپتال میں داخل تھی۔ اس کے میکے سے کوئی نہیں آیا تھا۔ اماں کی تدفین کے چھٹے دن طلحہ کو بخار ہو گیا تو نیلوفر کو ہوش آیا۔ اس نے اپنے آپ کو سنبھالا اور طلحہ کو دوائی دی۔ پریشانی کے ان دنوں میں حماد اسے ہسپتال میں ملا ۔ طلحہ کو دوائی دلانے گئی۔ ڈیڑھ سالہ طلحہ روئے جا رہا تھا۔ نیلوفر پریشان تھی حماد نے اس کی پرچی بنوا دی اور ڈاکٹر کے کمرے تک اس کی رہنمائی کی۔ وہ ہسپتال میں وارڈ بوائے تھا دوائی دلا کر رکشے میں بٹھایا۔ اپنا موبائل نمبر دیا اور نیلوفر کا نمبر لے لیا۔
ابتدا میں نیلوفر نےبہت ضرورت کےوقت حماد کو کال کی۔آہستہ آہستہ دونوں میں دوستی بڑھتی گئی۔ طلحہ اسکول جانے لگا تھا۔
نیلوفر حماد پر شادی کے لیے زور ڈالتی تو انتظار کرنے کا کہتا۔ طلحہ اب دس سال کا ہو گیا تھا۔حماد ہر مہینے کوئی نہ کوئی تحفہ دیتا تھا۔ نیلوفر کے حسن کے قصیدے پڑھتا تھا۔ نیلوفر گھنٹوں اس کی باتوں کے سحر میں کھوئی رہتی۔ طلحہ ابھی تک اس تعلق سے لاعلم تھا کیونکہ حماد ہمیشہ اسکی غیر موجودگی میں گھرآتا تھا۔ نیلوفر رات کو طلحہ کے سونے کے بعد گھنٹوں حماد سے باتیں کرتی رہتی تھی۔ اس وجہ سے صبح جلدی نہ اٹھ پاتی۔
طلحہ اپنے کپڑے بھی خود استری کر لیتا تھا۔ آج نیلوفر نے تہیہ کر لیا تھا کہ وہ حماد سے شادی کی بات منوا کر رہے گی۔ صبح 11 بجے وہ حما سے ملنے ہسپتال چلی گئی۔
" حماد آخر کب تک تم اپنی امی کو لے کر ہمارے گھر آؤ گے۔ اب تو تمہاری چاروں بہنوں کی بھی شادیاں ہو گئی ہیں۔"
" نیلی امی کو اس شادی پر صرف ایک اعتراض ہے۔وہ ہے طلحہ۔"
حماد نے آخر کار وہ بات بتا دی جسے وہ کئی مہینوں سے چھپا رہا تھا۔
"کیا مطلب؟" نیلی نے حیرانی سے کہا۔
" وہ میری شادی کسی کنواری لڑکی سے کرانا چاہتی ہیں کیونکہ میں کنوارا ہوں، بڑی مشکل سے میں نے انہیں اپنی محبت کا واسطہ دے کر تمہارے لیے تیار کیا ہے مگر وہ کسی اور کی اولاد کو برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ بتاؤ میں کیا کروں؟" حماد نے وضاحت کی۔
" میں کیا کروں میری کچھ سمجھ نہیں آرہا؟" نیلی رونے لگی۔
" اچھا تم رو نہیں میری جان۔ میں تمہاری آنکھوں میں آنسو برداشت نہیں کرسکتا۔ ٹھنڈے دل سے غور کرو۔" حماد نے اس کے ہاتھ کو اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے کہا۔
گھر آکے نیلی اس مسئلے پر غور کرتی رہی مگر کچھ سمجھ نہیں آیا۔ طلحہ کو کہاں چھوڑوں؟ کون رکھے گا؟ اسی ذہنی پریشانی کے سبب اکثر وہ طلحہ کو ڈانٹ دیتی۔
پورا ایک مہینہ گزر گیا۔ اس مسئلے کا کوئی حل سمجھ نہ آیا۔ اس دن وہ طلحہ کا یونیفارم خریدنے بازار جا رہی تھی۔ راستے میں نالہ آیا جس پر تختہ رکھا ہوا تھا دونوں نے اس تختے پر پاؤں رکھے اور نیلوفر نے طلحہ کو ہلکے سے دھکا دے دیا۔ وہ سیدھا نالے میں گر گیا اس کے منہ سے آواز بھی نہ نکل سکی۔ شدید گرمی کی وجہ سے آس پاس بھی کوئی نہ تھا۔ نیلوفر تیزی سے چلتی ہوئی واپس گھر آگئی۔ دروازہ بند کر کے پلنگ پہ گر گئی۔ اس کا دل زور زور سے دھڑک رہا تھا۔ اس کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ کیا کرے۔
بے چینی سے حماد کو فون کیا۔
" کیا ہوا نیلی؟ خیریت؟ تم نے اس وقت کیسے فون کیا؟" حماد حیریت سے بولا۔
" وہ طلحہ وہ۔۔" نیلی ہکلائی۔
" کیا ہوا طلحہ کو؟" حماد نے پوچھا۔
" بس تم جلدی سے میرے پاس آجاؤ۔"نیلی رونے لگی۔
حماد کے آتے ہی نیلی نے اس کو روتے ہوئے ساری بات بتا دی۔
" نیلی یہ تم نے کیا کر دیا۔ میں نے تم سے قتل کرنے کو نہیں کہا تھا۔ چلو پولیس کو اطلاع کرتے ہیں ۔ کیا پتہ طلحہ زندہ ہو۔"حماد جلدی سے بولا۔
" نہیں پانی کا بہاؤ بہت تیز تھا۔ وہ فورا بہتا ہوا آگےچلا گیا تھا۔ وہ نہیں بچا ہوگا۔" نیلی نےروتے روتے کہا۔
" اسکول والے، محلے والے، رشتہ دار۔ ان سب کو کیا جواب دو گی۔ چلو تھانے رپورٹ درج کرانے چلتے ہیں۔ ان کو بتانا غلطی سے نالے میں گر گیا ہے۔" حماد نے کہا۔
دونوں تھانے گئے رپورٹ لکھوائی۔ پولیس نے نالے میں کرین کےذریعے تلاش کا کام شروع کر دیا۔ دو دن بعد نالے سے طلحہ کی لاش برآمد ہو گئی۔ نیلوفر کا رو رو کر برا حال تھا۔ اب حماد اور اس کی شادی میں کوئی رکاوٹ نہ تھی مگر ضمیر کے کچھ ناقابل برداشت تھے۔ اسے کسی پل چین نہیں آرہا تھا۔
آخر پولیس نے معمولی دھمکیوں کے بعد نیلو فر سے سب کچھ اگلوا لیا۔ شیطان کے بہکائےمیں آکراٹھایا ہوا ایک قدم اسے جیل کی سلاخوں کے پیچھے لے گیا۔ ماں کی ممتا کو دنیا میں بدنام کروا دیا۔ نیلوفر کا اعتراف جرم جب ٹی وی پر نشر ہوا تو نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کی ماؤں نے دانتوں تلے انگلی دبا لی۔ یہ سچا واقعہ اپنے پیچھے بہت سے سوال چھوڑ گیا جو لوگ ایک دوسرے سے کر رہے ہیں۔
کیا ہمارا معاشرہ اتنا زوال پذیر ہو گیا ہے؟
کیا ہماری عورت نفس کی غلام بن چکی ہے؟
کیا کوئی ماں ایسا بھی کر سکتی ہے ؟
کیا حماد کی ماں یتیم بچے کو قبول نہیں کر سکتی تھی؟
جواب کون دے گا میں یا آپ؟



































