
غزالہ اسلم
آج کل مختلف چینلز پر نشر ہونے والے ڈراموں میں اکثر کہانیاں گھریلوسیاست، یعنی ساس اوربہو کےجھگڑوں پر مبنی ہوتی ہیں۔ گھر کے نام پر اتنے بڑے
بڑے بنگلے دکھائے جاتے ہیں کہ گویا پاکستان میں پراپرٹی بہت سستی ہو گئی ہے۔غریب گھرانےکےفلیٹ میں بھی چارسےپانچ کمرے لازمی ہوتے ہیں، اور ہیرو یا ہیروئن کا اپنا علیحدہ کمرہ ضروری سمجھا جاتا ہے، جس میں مسہری، الماری، میز اور کرسی بھی موجود ہوتی ہے۔
آج کل کےڈرامےحقیقت سے کوسوں دور ہیں اور گلیمر کی بھرمارہے۔بڑی سی کھانےکی میزپربیک وقت چارمختلف کھانوں کی ڈشیں رکھی جاتی ہیں، جو متوسط طبقےکے لیے ممکن نہیں۔ مہنگے بوتیک کے ملبوسات اور بے انتہا میک اپ میں لپٹی ہیروئن جب باورچی خانے میں کھانا پکاتی دکھائی دیتی ہے تو مصنوعی پن کا شدید احساس ہوتا ہے۔
موجودہ دور کے ڈراموں میں کہانی بھی جان دارنہیں ہوتی،چالیس منٹ کی قسط میں محض معمولی سا واقعہ پیش آتا ہے۔مکالموں کی بھرمارکےذریعے ڈرامے کو غیر ضروری طور پر طول دیا جاتا ہے۔ پہلےبہترین ڈرامہ بھی بائیس تئیس اقساط میں مکمل ہو جاتا تھا، اب ایک ڈرامہ ساٹھ ستر اقساط پر محیط ہوتا ہے۔
غرض یہ کہ آج کل کے ڈراموں سے نوجوان نسل کو کوئی مثبت پیغام نہیں دیاجارہا۔لباس میں دوپٹہ تقریباً غائب ہو چکاہے۔اگر پوری فیملی ایک ساتھ کوئی ڈرامہ دیکھ رہی ہو تو بعض اوقات ایسے بیہودہ مکالمے آ جاتے ہیں کہ مجبوراً چینل بدلنا پڑتا ہے۔
ضرورت اس امر کی ہےکہ پیمرااپنا مؤثر کردار ادا کرے اور ماضی کی طرح اچھے،سبق آموزاوراصلاحی کہانیوں پرمبنی ڈرامے پیش کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل کو مثبت پیغام ملے۔



































