
منیبہ عثمان
صحت مند اور توانا معاشرے کی بقاء کے لئے کھیلوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ کھیل ورزش کا متبادل ہوتے ہیں اور
ہر کھیل کا انسانی جسم پرمنفرد اثرہوتا ہے۔کچھ کھیلوں میں جسمانی مشقت درکار ہوتی ہے جیسےکرکٹ، فٹبال، گھڑ سواری وغیرہ۔ کچھ کھیلوں میں صرف ذہنی صلاحیتوں کا استعمال زیادہ ہوتا ہےجیسےشطرنج، لڈو، کیرم اورسنوکر وغیرہ، لیکن دونوں طرح کے کھیل انسانی جسم پر مثبت اثرات مرتب کرتےہیں۔
پاکستان میں سکولوں اورکالجوں میں کھیلوں کا خوب رجحان ہے اوربچے جوش وخروش سےکھیلوں میں حصہ لیتے ہیں لیکن جیسے ہی تعلیمی اداروں سے نکل کر بچے عملی زندگی میں قدم رکھتے ہیں اور کھیلوں کے ساتھ وابستہ رہنا چاہتے ہیں تو بہت ہی کم ایسے ادارے ہیں جو ان کے من پسند کھیلوں کو فروغ دے رہے ہوتے ہیں یا تو ان کی ماہانہ فیس ہی اتنی زیادہ ہوتی ہے کہ لوگ اتنی بھاری بھرکم رقم سن کر ہی داخلہ لینے سےکھیل کو چھوڑ دینا ہی بہتر سمجھتے ہیں۔
پاکستان میں کسی بھی قسم کےٹیلنٹ کی کمی نہیں لیکن ٹیلنٹ کی قدر وہیں ہوتی ہےجس معاشرے میں سیاسی اورمعاشی استحکام ہو۔ بدنظمی، کرپشن اور عدم استحکام کی وجہ سے بہت سے باصلاحیت افراد اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہتے ہیں اور نہ تو ان کو کوئی ایسے مواقع ملتے ہیں اور نہ ہی کوئی ایسا پلیٹ فارم جس کی مدد سے وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔
پاکستان میں صرف کرکٹ ایک ایسا کھیل ہے جس کوقومی سطح پر خوب پسند کیا جاتا ہےاوراسے بھرپور طریقےسےفنڈ بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔ کچھ کرکٹ کے اپنے باصلاحیت لوگ ہیں جو ماضی میں مشہور کرکٹرز تھے، انہوں نے اس کھیل کو آگے بڑھانے میں نوجوانوں اور بچوں کی بہت حوصلہ افزائی کی لیکن دیگر کھیل جیسے ہاکی، فٹ بال، بیڈمنٹن اور بورڈ گیمز کے لیے کوئی ایسا ادارہ نہیں جو قومی سطح پر ان کی پذیرائی اور مدد کر سکے، اگر کوئی ایسا ادارہ ہے بھی تو بڑے شہروں میں جہاں تک چھوٹے شہروں کے کھلاڑیوں کی رسائی مشکل ہے، اگر کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں کے کھلاڑی بھی نئے آنے والوں کا ساتھ دیں، حوصلہ افزائی کریں تو پاکستان میں بہت سے کھیلوں کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
دنیا میں مختلف کھیلوں کے مقابلےہرسال کروائے جاتےہیں جن کو بہت سےمغربی اور ایشیائی ممالک کی طرف سے امداد فراہم کی جاتی ہے۔
ان عالمی سطح کے مقابلوں میں اولمپکس اور ایشین گیمز سر فہرست ہیں۔ان کھیلوں میں بھی پاکستان سے چند گنتی کے ہی کھلاڑی اگلے مرحلوں تک رسائی حاصل کر پاتے ہیں جس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ایک تو ان کی حوصلہ افزائی کرنے والا کوئی خاطر خواہ پلیٹ فارم نہیں اور دوسرا سہولیات کے فقدان، مناسب تربیت اور مالی معاونت کی کمی، کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے میں حکومت اور نجی شعبے کی عدم توجہ کی وجہ سے بھی دیگر کھیلوں اور کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثرکن ہے۔
ہمیں سوشل میڈیا کے استعمال سے اپنے باصلاحیت لوگوں کے لیے آواز اٹھانی چاہیے جو کھیلوں میں آگے جانا چاہتے ہیں۔ ہم قومی سطح پر ان کی بحیثیت قوم ان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور رہنمائی کر کے، انہیں بین الاقوامی سطح پر پہنچانے میں مدد کر سکتے ہیں، جہاں ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی ٹریننگ دی جائے اور قدر بھی کی جائے۔ اس طرح پاکستان کا نام روشن ہو گا اور ہم عالمی سطح پر فخر سے کھڑے ہو سکیں گے۔


































