
منیبہ عثمان
امت مسلمہ کی ماؤں کے کاندھوں پہ ایک بھاری بوجھ آن پڑا ہے،ان کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ سنجیدہ نوعیت اختیار
کرگئی ہے۔انہیں دنیا مافیہا کی ہرچیز کو پیچھے چھوڑ کر اپنی نسل نو کی تربیت کا فریضہ انتہائی آگاہی اور دانائی سے اٹھانا ہے۔
انہوں نے اپنے بچوں کو بتانا ہےکہ آج کے اس فتنہ پروردور میں بھی عمربن خطاب رضی اللہ تعالیٰ کے ماننے والےموجود ہیں،آج بھی صلاح الدین ایوبی کے جانشین اس امت میں موجود ہیں۔ آج بھی کئی طارق بن زیاد کشتیاں جلانے کو تیار ہیں۔ بس ان کے جذبے ابھارنے ہوں گے۔ شعلوں کو ہوا دینی ہو گی۔ دریا کی موجوں میں طغیانی تو بہت ہے، بس دریا کا رخ موڑنا پڑے گا اور امت کی مائیں یہ بخوبی کر سکتی ہیں۔
امت مسلمہ کے ہمہ جہت، دلیر اور نڈر سالار اسماعیل ہنیہ کی شہادت اس امت کی بیداری میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
؏ شہید کی جو موت ہے
وہ قوم کی حیات ہے
اسماعیل ہنیہ جیسےغیوراورشیر دل سپوت امت مسلمہ کی شان ہیں۔ اسماعیل ہانیہ کا تعلق فلسطین سے ہے۔وہ ایک مشہور سیاست دان تھے اورزیادہ ترلوگ ان کو فلسطین کی مزاحمتی تحریک حماس کے رہنما کے طور پر جانتے ہیں۔ غزہ کی پٹی پر حماس کے کنٹرول کے بعد اسماعیل ہنیہ اس علاقے کےایک اہم سیاسی رہنما بن کر ابھرے۔انہوں نے حماس کی سیاسی اورعسکری پالیسیوں کی تشکیلِ نو اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات میں ایک نمایاں کردارادا کیا ہے۔ وہ حماس کے مرکزی لیڈرہونے کی وجہ سے مختلف بین الاقوامی فورمزپربھی فلسطینی تحریک آزادی اورحماس کی نمائندگی کرتےنظرآئے۔حال ہی میں غزہ پر اسرائیلی حملوں کی روک تھام اوراسرائیلی جارحیت کا مردانہ وارمقابلہ کرنے میں اسماعیل ہنیہ کا کردار ایک شیر دل لیڈر اور بے باک رہنما کے طور پر نمایاں نظر آیا۔
اپنے خاندان کے 70 سے زائد لوگوں کی شہادت نےان کو کمزور کرنےکی بجائے مزید مضبوط کر دیا اور وہ مختلف فورمزپراسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک زبردست آواز بن کر ابھرے۔ انہوں نے کئی بار مختلف چینلز پر پوری دنیا کےمسلمانوں سے فلسطین کی حمایت کرنے کی اپیل بھی کی اوردنیا کے تمام مسلمانوں کو فلسطین کی مدد اور قبلہ اول کی حفاظت کے لیے آواز اٹھانے کے لیے بھرپور طریقے سے للکارا جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ اسرائیل کی توپوں کارخ اسماعیل ہنیہ کی طرف ہو گیا اوروہ مسلسل اسرائیل کے نشانے پررہے لیکن اس دیدہ دلیرشخص کےایمان اور حوصلے میں ذرابرابر بھی کمی نہیں دیکھی گئی بلکہ یہ امت مسلمہ کا ایک بے مثالی رہنما بن گیا اورآخرکار اپنی جان تک اس مقدس راستے میں گنوا دی لیکن اسلام اور بیت المقدس کی عظمت کے پر کوئی آنچ نہیں آنے دی۔
اسماعیل ہنیہ کا نام اور ان کی موجودگی کا احساس اسلام دشمن عناصر خاص کر یہودیوں اور نصرانیوں کےلیے ایک تلوار کی طرح ان پرخوف طاری کیے رہا اور انہوں نے سر توڑ کوشش کی کہ مسلمانوں کو اس شخصیت کی رہنمائی سے محروم کیا جائےتاکہ مسلمان جو پہلے ہی کمزورایمان اور بے وقعت تنکوں کی طرح بکھرے ہوئے ہیں، ان کو مزید بکھیرا جائےلیکن اسماعیل ہنیہ کی شہادت نے مسلم رہنماؤں کے جذبہ ایمانی کو مزید تقویت دی اور دشمن کو یہ واضح پیغام دیا کہ ایک بہادرکی موت ان کا حوصلہ نہیں توڑ سکتی بلکہ اس کو مزید بلند کرسکتی ہے اور یہ کہ اسلام کے چراغوں میں سے ایک چراغ بجھنے سے کئی اور چراغ جلتے ہیں۔
نہ ہوگا رائیگاں خون شہیدان وطن ہرگز
یہی سرخی بنے گی ایک دن عنوان آزادی
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیلات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )


































