
جویریہ ریاض
حریم: امی! دیکھیں نا امل سال کی ہوبھی گئی ہے ،وقت توجیسے پرلگاکراڑگیا۔ کل کی بات لگتی ہےکہ دسمبر میں یہ پیدا ہوئی۔ اب یہ ننھے ننھے قدم لے کر
سارا دن میرے پیچھےچلتی ہے۔
حریم کی والدہ پیاربھری نظروں سے اپنی نواسی کو دیکھ رہی تھیں۔
والدہ: وقت کا کام تو گزرتےجانا ہے۔
حریم: وقت واقعی جلدی گزررہا ہے یاجو بڑے کہا کرتے تھے ”کہ بیٹیاں جلدی بڑی ہو جاتی ہیں“ یہی بات ہے؟
والدہ:(حریم کی والدہ مسکرائی اور کہا) دونوں باتیں ہی اپنی جگہ درست ہیں۔ وقت اور پانی ایک جیسےہیں جیسے پانی کی فطرت میں بہنا ہے،اسی طرح وقت کی فطرت میں گزرتے جانا ہے۔وقت ریت کےذروں کی مانند مُٹھی پھسلتاجاتا ہے۔جیسے سورج اپنی پوری آب وتاب سے چمکے توبرف کے چھوٹے چھوٹے ذرات فوراًسے پگھلنے لگ جاتے ہیں،ایسے ہی وقت بھی غیرمحسوس طریقے سے گزرتا جاتا ہے۔
حریم: واقعی امّی یہ تو درست بات ہے۔ویسے کبھی آپ نےبرف کے ذروں کو غور سے دیکھا ہے؟
اللہ تعالی نےان کو بھی کتنی خوبصورتی اورباریک بینی سے بنایا ہے مگر جوں ہی سورج کی کرنیں ان پر پڑتی ہیں تو اس کی حِدّت سےوہ مایا ہوجاتے ہیں۔ پلک جھپکنے میں قدرت کا عظیم شاہکارپانی میں گم ہو جاتا ہے۔
امل کی خالہ جو بظاہر کتاب بینی میں مصروف تھیں گویا ہوئیں۔
خالہ: وقت کی اسی تصویر کو ہی دیکھ لیں۔ امّی جان آپ، بجیا اور اب یہ امل سب وقت کےفاصلے ہی توہیں۔
باجی کبھی آپ نےامّی کی انگلی پکڑکر چلنا شروع کیا تھا اور اب اس مقام پرامل ہے۔
اگر ہم اپنی نانی جان کا ذکرکریں اللّه ان کو غریق رحمت کرے تو وہ اپنا سفرآخرت شروع کرچکی ہیں۔
حریم: ماں جی کبھی کبھی لگتا ہےکہ آخرت کی تیاری ہی نہیں کی۔وقت ہےکہ قابو میں آکےہی نہیں دے رہا۔ یوں گمان ہوتا ہےکہ جسےدنیا ہی سمیٹی ہےاورآخرت کے لیے ہم تہی دست ہیں۔
والدہ:بیٹا احساس زندہ رہے یہی کافی ہے۔ جتنی ہمت ہےخراماں خراماں چلتی رہو۔ وہ ذات کوششیں دیکھتی ہے۔ہم میں سے کامل مومن تو کوئی نہیں ہو سکتا مگر شرط یہ ہے کہ سب حسبِ استطاعت کوشش کریں۔
ہم سے ہمارےعلم اوردائرے کے مطابق حساب کتاب ہوگا۔ بس حاضری لگتی رہنی چاہیے۔جیسے استاد کو پتا ہوتا ہے کہ کون سا بچہ لائق، نالائق اورغیرحاضر اورسب سے زیادہ حاضری والا ہے۔ویسے ہی ہمارا خالق بھی ہمیں جانتا ہے۔غیر حاضر ہونے والے طالب علم کو تو استاد بھی رعایتی نمبر دے کر پاس نہیں کرتا کیونکہ اسے معلوم ہوتا ہے کہ یہ تو ساراسال آیا ہی نہیں مگرجو بچہ بھلے نالائق ہو، کم نمبر لیتا ہو مگر پورا سال اسکول جاتا رہے سردی ہو یا گرمی، بہار ہو کہ خزاں تو استاد طالب علم کی اس کوشش کو رائیگاں نہیں جانےدیتا۔بس اپنی کوشش جاری رکھواس برف کوآخر ایک روزپگھل کرمایا ہوناہے۔اپنے اصل کی طرف لوٹنا ہی ہے۔بس کوشش یہ ہےکہ اس خالق کائنات کوراضی کرلیں ۔
جان دی، دی ہوئی اُسی کی تھی
حق تو یہ ہے کہ حق ادا نہ ہوا



































