
جویریہ ریاض/ گوجرہ
دنیا میں جب کہیں ظلم ہوتا ہے تو انسانی حقوق کی تنظیمیں حرکت میں آ جاتی ہیں۔ بیانات جاری ہوتے ہیں، قراردادیں پاس کی جاتی ہیں، آنکھیں اشکبار اور زبانیں نوحہ خواں ہو
جاتی ہیں۔ لیکن جب بات فلسطین کی آتی ہے،جہاں ہر صبح بےگناہوں کاخون بہتاہے،ہرشام یتیموں کی چیخیں ہوا میں تحلیل ہوجاتی ہیں، تب انہی تنظیموں کی زبانوں پرتالے کیوں پڑ جاتے ہیں؟عالمی میڈیا کے کیمروں کی آنکھیں اس درد کو کیوں نہیں دیکھتیں؟ کیا فلسطینی بچے انسان نہیں؟ کیا ان کے آنسو، ان کے زخم، ان کے لاشے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑنے کےلیےکافی نہیں؟
یہ سوال فقط فلسطین کا نہیں، پوری دنیا کے انسانوں کےضمیر کا امتحان ہے۔فلسطین میں ظلم کی آگ دہائیوں سےدہک رہی ہےمگرانسانی حقوق کےعلمبردار اکثر فقط رسمی بیانات تک محدود دکھائی دیتے ہیں۔ ان کے لیے فلسطین محض ایک "غیرواضح تنازع" ہے، اور غزہ کی تباہی بس ایک "افسوسناک صورتِ حال"۔ یہ بےحسی دراصل اُس عالمی نظامِ انصاف کا زوال ہے جو صرف طاقتور کی زبان سمجھتا ہے۔
مگر امتِ مسلمہ کے اندر کچھ دردِ دل رکھنے والے لوگ بھی ہیں جو ہر ممکن طریقے سے فلسطینی عوام کی دادرسی میں مصروف ہیں۔انہی میں سے ایک نمایاں نام جماعت اسلامی کا ہے، جو نہ صرف پاکستان بلکہ عالمِ اسلام میں اپنے دینی، فلاحی اور رفاہی کردار کے لیے جانی جاتی ہے۔
جماعتِ اسلامی نے ہمیشہ فلسطینی مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے، چاہے وہ سیاسی سطح پر ہو، عوامی سطح پر ہو یا امدادی میدان میں۔ جماعتِ اسلامی نے ہر موقع پر مظلوم فلسطینیوں کی آواز بننے کی کوشش کی ہے۔ یہ جماعت خراجِ تحسین کی مستحق ہےکیونکہ یہ صرف بات نہیں کرتی، کردار دکھاتی ہے۔
آج اگر ہم واقعی انسانی حقوق پر یقین رکھتے ہیں، تو ہمیں فقط قراردادوں اور بیانات سے آگے بڑھ کر مظلوم کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔ ہمیں دنیا کو بتانا ہوگا کہ فلسطینی بھی انسان ہیں۔ ان کے درد کو محسوس کرنے کے لیے دل چاہیے، ایمان چاہیے، اور وہی دل زندہ ہوتے ہیں جو ظلم کے خلاف بےقرار رہتے ہیں۔
اک دن سچائی بھی کہے گی
میں زندہ ہوں ان آوازوں میں
جو ظلمت میں بھی حق بولیں
وہی چراغ ہوتے ہیں حقیقت میں



































