
نائلہ تبسّم
ماہ محرم کاآغاز ہمیں اس عظیم غم کی یاد تازہ کراتا ہے، جب نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو شہید کیا گیا۔آج بھی اس واقعے کو پڑھ کر کلیجہ
منہ کو آتا ہے۔ دل آہ و بکا اور گریہ و زاری کرنے کو چاہتا ہے مگر سوال یہ ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی گود میں پرورش پانے والے حضرت علی اور فاطمہ کے جگر گوشے کو نظام میں ایسی کونسی خرابی نظر آئی جو اپنی اور اپنے خاندان کی قربانی پیش کرتے ہوئے دریغ نہ کیا۔
آنحضور کے وصال کے بعد چاروں خلفائے راشدین کی خلافت کے بعد جب امیر معاویہ بن ابو سفیان کے صاحب زادے یزید بن معاویہ کی جانشینی کا وقت آیا تو لوگوں سے جبراً بیعت کروائی جانے لگی لیکن حضرت امام حسین نے فرمایا
"میری گردن کٹ تو سکتی ہے مگر مجھ سے جبراً بیعت نہیں کروائی جا سکتی" یہ جملہ اس بات کا اعلان تھاکہ اللہ کی زمین پر حکم بھی صرف اللہ کا ہے،ان کی دور رس نگاہیں،یہ بھانپ چکی تھیں کہ خلافت کو ختم کر کے ایک انسان کی بادشاہت کی بنیاد رکھی جا رہی ہے ۔پیارے حسین نے اپنے خانوادے کو قربان کر دیا مگر باطل کے آگے سر نہ جھکایا۔کوفہ جاتے ہوئے راستے میں'بیضہ'کے مقام پر جو خطبہ آپ نے دیا اسے ذرا غور سے پڑھئے۔
لوگو!رسول اللہ نے فرمایا جو شخص کسی ایسے بادشاہ کو دیکھتا ہے جو ظالم و جابر ہے اللہ کی حرام کردہ چیزوں کو حلال کر رہا ہے اللہ سے کئے ہوئے عہد کو توڑ رہا ہے۔ رسول کی سنت کو تہس نہس کر رہا ہے، اللہ کے بندوں پر گناہ اور زیادتی کے ساتھ حکومت کررہا ہے اور پھر بھی اس شخص کو غیرت نہ آئے ،نہ زبان سے وہ اس ظالم کے خلاف آواز اٹھاتا ہے ،نہ عملی طور پر کچھ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ کو یہ حق ہے کہ وہ ظالم بادشاہ کی جگہ اس شخص کو دوزخ کی آگ میں جھونک دے اس کے بعد تاریخ نے ان کا عزم ثابت کر دیا ،اب یہ آواز روز محشر ہی سننے کو ملے گی۔
داستان کربلا ہمیں یہی سبق دیتی ہے کہ اسلام اور ملت اسلامیہ کی زندگی باطل کے مقابلے میں جمنے اور مسلسل حق کے لئے جدوجہد کرنے کا نام ہےاور حقیقت یہ ہے کہ جو قوم جان دینے کے لیے تیار ہوتی ہے باعزت زندگی گزارتی ہے ،اس کی عظیم مثال اہل غزہ ہیں جو بہترین ایمانی قوت کے ساتھ اپنی سر زمین پر موجود ہیں ،کٹ رہے ہیں گھروں کے گھر شہید ہو رہے ہیں مگر زبان سے صرف کلمہ حق ادا ہو رہا ہے، اللہ گواہ ہے کہ حق کی راہ میں مارے جانے والے کبھی مرتے نہیں اور ان لوگوں کو مردہ نہ کہو جو اللہ کی راہ میں مارے جاتے ہیں ،ایسے لوگ حقیقت میں زندہ ہیں مگر تمہیں ان کی زندگی کا شعور نہیں ہوتا۔
(البقرہ آیت نمبر: 154)
درحقیقت اسوہ حسین میں ایک مومن کے لئے یہی پیغام ہے کہ دین کی سر بلندی کے لئے اگر سب کچھ بھی قربان کرنا پڑے تو وہ دریغ نہ کرے۔



































