
نائلہ تبسم
بزرگ چاہے والدین ہوں یا ان کے والدین یا کوئی اور گھر کے بڑے گھر کی رونق اوراللہ کی رحمت ہوتے ہیں۔ان کی دعاؤں سے ہم زندگی کی منزلیں اور
کامیابیاں حاصل کرتے ہیں بنیاد والدین ہوتے ہیں جن کی بدولت ہمیں تمام دوسرے رشتے ملتے ہیں قرآن میں پانچ جگہ اللہ تعالیٰ کے حقوق کے بعد والدین کے حقوق کی بات کی گئی ہے۔
اور حقیقت یہ ہے کہ ہم نے انسان کو اپنے والدین کا حق پہچاننےکی خود تاکید کی ہے(سورہ لقمان)اس کے بعد وہ عزیز رشتے دار اور میل جول کے بزرگ افراد جن کا گھروں میں آنا جانا ہے ،سب احترام اور عزت کے قابل ہیں ۔ ذرا تصور کریں آقائے دو جہاں کی سیرت کے اس واقعے کا جس میں ایک بوڑھی عورت مکہ اس ڈر سے چھوڑ کے جارہی تھی کہ یہاں کوئی جادوگر آیا ہوا ہے آپ بوجھ اٹھائے دیکھتے ہیں تو فوراً مدد کرتے ہیں۔ وہ آپ( ص ) کے اس اخلاص سے متاثر ہوکر اسی وقت کلمہ پڑھ لیتی ہیں ۔
آج بدقسمتی سے اس مصروفیت اور مغربی تہذیب کی یلغار نے جہاں والدین اوراولاد میں دوریاں پیدا کی ہیں وہیں گھرکے دوسرے بزرگ بھی بوجھ لگنے لگے ہیں دو گھڑی ان کے پاس بیٹھ کر کون وقت ضائع کرے پاکستان میں اولڈ ایج ہومز کا بڑھنا اس بات کا ثبوت ہے ۔
دوسری طرف میڈیا اور ڈرامے اس نسل کو یہی سکھا رہے ہیں کہ کوئی بھی رشتہ مخلص نہیں یہ رشتے صرف پابندیاں لگاتے ہیں۔ ان کی ہر بات کی نفی کرو گے تو آزاد ہو گے خدارا ان رشتوں کی قدر جانئے جن کے پاس والدین جیسی نعمت اور بزرگوں کی دعائیں نہیں ان کی تشنگی کو محسوس کرکے دیکھیں آپ نے فرمایا:جو بڑوں کی عزت اور چھوٹوں سےشفقت نہیں فرماتاوہ ہم میں سے نہیں۔ اللہ تعالیٰ مجھے اور تمام مسلمانوں کو والدین اور بڑے بزرگوں کا فرماں بردار بنائے ۔آمین



































