
ڈاکٹر راحت نوید
کربلا کے میدان میں لاڈلہ رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم کا سر تن سےجدا کیا جاتا ہے مگر ایمان متزلزل نہیں ہوتا۔ معصوم بچے تیروں کی زد
پر، جگر گوشوں کو قربان کرکے بھی رب کے سامنے سر تسلیم خم کرتے ہیں ۔ آل رسول صلی اللہ علیہ وسلم پر پانی بند کر دیا گیا پھر بھی مقصدیت میں ذرہ برابر لغزش نہ آئی ۔کھانا، پانی ،لباس ،سکون، جگر گوشے، سب قربان ۔۔۔۔صرف کلمہ حق کا ساتھ اور یزیدیت کے سامنے جھکنے سے انکار تھا مگر بعد میں آنے والوں نے ان شہداء کی قربانیوں کی مقصدیت کو بھول کر کئی خرافات کو اپنا لیا جس سے کئی سوالات پیدا ہوتے ہیں ۔
کیا غم حسین رضی اللہ تعالی عنہ کالے کپڑے پہننے کا نام ہے؟
کیا تعزئیے نکالنے میں رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت ثابت ہوتی ہے؟۔
کیا نوحے پڑھنے سے ہمیں درد حسین رضی اللہ تعالی عنہ محسوس ہو تا ہے؟۔
کیا سینہ کوبی عقیدت رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم ہے؟
کیا گھوڑا نکالنا رسم حسین رضی اللہ تعالی عنہ ہے؟
کیاپہاڑیاں بنانا تاریخ سے ثابت ہے؟
کیا سبیلیں صرف محرم میں لگا کر تشنگی آل رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم محسوس کی جا سکتی ہے؟
کیا کچھ علماء کی طرف سے صرف وعظ وبیان ہمیں عاشورہ کی اہمیت سمجھنے کے لئے کافی ہیں؟
نہیں ہر گز نہیں ،یہ سب ہمارے رسم ورواج بن چکے ہیں ۔
حضرت حسین نظام میں باطل کے خلاف ڈٹ گئے ۔ جان دے دی مگر جھکے نہیں ، حق کے نفاذ کی کوشش اپنی جان جانے تک کی ، کیا ہم اس مقصد عظیم کو اپنا دستور حیات بنا سکتے ہیں اور پوری زندگی کے ہر پل کلمہ حق سر بلند کرنے اور یزیدیت سے انکار اور وہ بھی ڈنکے کی چوٹ پر کر سکتے ہیں ؟ جس کی آج ہمارے ملک کے حالات کے مطابق اشد ضرورت ہے کیونکہ "اسلام زندہ ھوتا ھے ہرکربلا کے بعد"



































