
یسریٰ عباسی
نانو میری۔۔اپنے گرم ہاتھوں میں میرے ٹھنڈے ہاتھ لیے اور کہنے لگیں" تمہیں سردی لگ رہی ہوگی، اپنے ہاتھ گرم کرلو"
لحاف میں اپنے گرم پیر میرے پیروں پر رکھے کہ تمہارے پیر ٹھنڈے ہورہے ہیں۔
"تمہیں سردی تو نہیں لگ رہی؟" بار بار یہ پوچھنا۔
"نہیں نانو!مجھے سردی نہیں لگ رہی۔"
مگر گویا جواب سےغیرمطمئن تھیں۔
"یہ مونگ پھلیاں کھالو", نانو بس اور نہیں کھانی۔
"رکو میں تمہیں پراٹھا چائے بنا دیتی ہوں"، نہیں نانو میں خود بنا لوں گی۔
"یہ پھل ہیں کھاؤ"
پھر جب نہ کھاتی، تو ایک ایک قاش کاٹ کر میرے ہاتھ پر رکھتیں کہ کھاؤ۔
رات میں گرم دودھ لے آئیں،"نانو میں دودھ نہیں پیتی" کہا "دودھ کو انکار نہیں کرتے پی لو"
ان کے ہاتھوں پیروں پر لوشن لگایا پھر کہا خود کو نہیں لگا رہی خود کو بھی لگاؤ۔
جانے لگی تو زبردستی پیسے بیگ میں رکھ دیے کہ کچھ لے لینا،نیم کے درخت کے مسواک دیے اور کہا پہنچتے ہی فون کرنا۔
یہ تو بہت مختصر ہے، پوری کتاب لکھی جا سکتی ہے ایسے ان گنت واقعات پر۔
یہ نانیاں، دادیاں بھی کتنی پیاری ہوتی ہیں نا،انمول اور خوبصورت ترین رشتہ، احساس سے بھرپور بے لوث محبت کے حصار میں مقید کر لینے والا۔
اللہ انہیں اپنی رحمت کے سائے میں عافیت کے ساتھ تادیر سلامت رکھے۔ دونوں جہان اچھے فرمائے اور ہمیں ان کے لیے صدقہ جاریہ بنائے اورہم سب کو اپنے نانی نانا، دادی دادا کی حقیقی قدردانی نصیب فرمائے ۔آمین یارب العالمین۔
پڑھ کرمیری نانی اور دادی کے لیے ضرور دعا کریں۔



































