
عظمی نسیم احمد
عمارہ یہ دیکھو میری نئی تحریر ' ذرا پڑھ کر اپنی رائے دو۔ ماریہ نے اپنی بچپن کی دوست کو واٹس ایپ پر اپنی تحریر کے ساتھ صوتی پیغام بھی بھیجا۔
عمارہ نے پیغام سنا اور برا سا منہ بنایا اور ترنت جوابی پیغام بھیجا 'ٓ ارے یار ماریہ یہ بھی اسی فلسطین کے موضوع پر ' اس کے لہجے میں بیزاری ہی بیزاری تھی'۔
او بھئی ماریہ تم بور نہیں ہورہیں اس ایک موضوع سے' تمہارا دل نہیں بھر رہا کسی اور کے غم میں اداس رہ رہ کر ؟ حد ہی کردی تم نے بہن ۔ عمارہ کا جواب انتہائی شاکنگ تھا ماریہ سن کر ہکا بکا رہ گئی جیسے سن ہو گئی ہو ۔ اس نے غمگین لہجے میں بس اتنا جواب دیا ٹھیک ہے تم نہ پڑھو کوئی مسئلہ نہیں اور یہ کہہ کے اپنی تحریر ڈیلیٹ فار ایوری ون کردی ۔عمارہ نے شکر ادا کیا کہ اتنی غمزدہ ' خشک اور بورنگ تحریر کو پڑھنے سے بچ گئی لیکن ماریہ کی دل آزاری کا بھی احساس ہوا تو سوچا کوئی بات نہیں کل یونیورسٹی میں معذرت کر لوں گی اور ماریہ بھی آئندہ کے لئے محتاط ہو جائے گی ۔
مجھے ایسی چیزیں زبردستی پڑھانےسےاس سوچ نے دل کو تسلی دی ۔ اگلےدن عمارہ کو یونیورسٹی پہنچتےپہنچتے اتنی دیر ہوئی کہ پہلا پیریڈ ختم ہوچکا تھا بھاگم بھاگ اپنی کلاس میں پہنچی تو میم زہرہ فزکس کی کلاس لینے دروازے تک پہنچ چکی تھیں، وہ بھی ساتھ ساتھ ہی اندر داخل ہوئیں اور دھپ سے ماریہ کے برابرجا بیٹھی۔
میم زہرہ کے لگاتار دو پیریڈز کے بعد وہ دونوں کلاس سے نکل کر لان میں آ گئیں ۔ ماریہ کے چہرے سے تھکن عیاں تھی ۔ عمارہ نے اس کی طرف دیکھ کر اس سے کہا "ماریہ میں اپنے کل والے رویئے کے لئے معذرت خواہ ہوں میرا مقصد تمہاری دل آزاری نہ تھی بس میں تمہاری طرح خود پر خوامخواہ کی اداسی طاری نہیں رکھ سکتی، اس لئے ایسے الفاظ زبان سے ادا ہوگئے ۔
ماریہ نے اس کی بات درمیان سے اچکتے ہوئے جواب دیا " اول تو عمارہ تمہیں مجھ سےمعذرت کرنے کی کوئی ضرورت نہیں میری بہن اور دوسری اور سب سے اہم بات کہ یہ اداسی خوامخواہ کی نہیں " ساری بات ہے اپنے اپنے احساس کی ' کچھ لوگ صرف اپنے غم کو غم مانتے ہیں اور کچھ لوگ پوری امت مسلمہ کے غم کو اپنا غم مانتے ہیں جس کی سب سے بڑی مثال سلطان صلاح الدین ایوبی رحمتہ اللہ علیہ ہیں کہ وہ بیت المقدس پر صلیبیوں کے قبضے کے غم میں ساری زندگی مسکرائے تک نہ تھے یہاں تک کہ انہوں نے اللہ کی مدد سے بیت المقدس پر سے ان کا قبضہ ختم کروا کر اسے آزاد کروا لیا جبکہ ہم مطلوبہ کھانا ' لباس اور پوزیشن نہ ملنے پر اپنی جانوں کو گنوا دیتے ہیں ۔ اس نے در پردہ عمارہ کو یاد دلایا کہ کیسے وہ اپنی معمولی خواہشات کے پورا نہ ہونے پر ہنگامہ مچا دیتی ہے ۔ سب سے قطع تعلق کر لیتی ہے ۔ عمارہ سمجھ تو گئی لیکن شرمندگی کا دور تک شائبہ نہ تھا ۔ بس کھسیانی سی مسکرا دی ۔
ماریہ مزید گویا ہوئی کہ تم یا جو بھی بیت المقدس اور مسلم امہ کا غم نہیں رکھتا اسےمجھ سے یا کسی بھی انسان سے آج معذرت کی ضرورت نہیں اور آنے والا وقت اور گزرتے حالات بتا رہے ہیں کہ نوبت بھی نہ رہے گی کیونکہ میری بہن کل جو آگ دور کے محلوں میں نظر آتی تھی ۔آج وہ آس پاس کی گلیوں تک پہنچ چکی ہے اور کچھ وقت جاتا ہے کہ یہ ہمارے دروازوں پر دستک دے رہی ہوگی ہم دروازہ کھولیں نہ کھولیں یہ آگ خود ہی سب کچھ جلاتے ہوئے ہمارے دامنوں کو راکھ کر دے گی کل تک جو غدر فلسطین تک محدود تھا، آج وہ شام لبناں اور یمن تک مچا ہوا ہےتو جان لو کہ اب کچھ وقت میں ہمارا نمبر بھی آ سکتا ہے، اگر ہم نے آج امہ کے درد کو اپنا درد سمجھ کر اس کے مداوے میں اپنا حصہ نہ ڈالا ۔ اپنی جانیں نہ لگائیں تو یہ جانیں کل زبردستی اس درد کاحصہ بنا دی جائیں گی۔ اس لئے بہتر ہے کہ اللہ سبحان تعالی اور اس کےآخری نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے معذرت کر لوکہ نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی ہماری مغفرت اور آخرت بنانے کے لئے بہت تکالیف اٹھائی ہیں اللہ سے دعا کرنا کہ "
تو غنی از ہر دو عالم من فقیر
روز محشر عذر ہائے من پذیر
در حسابم را تو بینی نا گزیر
از نگاہ مصطفی پنہاں بگیر
صلی اللہ علیہ وسلم
مطلب یہ کہ اللہ تو نوازنے والا اور میں مانگنے والا ہوں ' روز محشر میرے پاس کوئی بہانہ نہیں اپنے گناہوں سے بچنے کا ' اور اگر میرا حساب ٹھیک ٹھاک لینے کی تو ٹھان لے تو مجھے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی نگاہوں سے پوشیدہ رکھ کر حساب لینا ۔
۔ اور بے شک عمارہ میری بہن میں تم سے ناراض نہیں بلکہ دعا گو ہوں یہ کہہ کر ماریہ 'سن ہوتی عمارہ کا ہاتھ پکڑ کر اسے یونیورسٹی کے کیفے ٹیریا کی طرف لے گئی.



































